• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریباکینا نے گاف کو ہرا کر یو ایس اوپن فائنل میں سبالینکا سے مقابلہ طے کیا

Updated: September 11, 2026, 6:10 PM IST | New York

قزاخستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا نے ایک سیٹ سے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے امریکہ کی کوکو گاف کو۶۔۳، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دے کر اپنے کریئر کے پہلے یو ایس اوپن خواتین سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں ان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا سے ہوگا۔

Us Final.Photo:X
یوایس اوپن کا فائنل۔ تصویر:ایکس

قزاخستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا نے ایک سیٹ سے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے امریکہ کی کوکو گاف کو۶۔۳، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دے کر اپنے کریئر کے پہلے یو ایس اوپن خواتین سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں ان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا سے ہوگا۔ دوسری سیڈ قزاخستان کی ریباکینا، جو پیر کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بن جائیں گی، نے گاف کی شاندار شروعات اور پہلے سیٹ میں ۳۔۶؍ کی کامیابی کے بعد مقابلے میں واپسی کی۔ ریباکینا نے دوسرے سیٹ میں اپنی سروس بہتر کی اور گاف کی بڑھتی ہوئی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیٹ ۴۔۶؍ سے جیت کر مقابلہ ایک، ایک سیٹ سے برابر کردیا۔  اس کے بعد۷؍ سالہ ریباکینا نے فیصلہ کن سیٹ میں سخت مقابلے کے دوران اپنی روانی برقرار رکھی اور گاف کی سروس توڑ دی، اگرچہ امریکی کھلاڑی نے بعد میں واپسی کی کوشش کی۔ 

یہ بھی پڑھئے:پروٹین پاؤڈر میں کیڑے ملنے کا بپاشا باسو کا دعویٰ، تُکا رام منڈے سے مدد کی اپیل

ریباکینا جب میچ کے لیے سروس کر رہی تھیں تو گاف نے ایک بار پھر بریک حاصل کرلیا، لیکن قزاخستان کی کھلاڑی نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔  ہفتہ کو کھیلے جانے والے فائنل میں ریباکینا کا مقابلہ ٹاپ سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا سے ہوگا۔ اس طرح نئی عالمی نمبر ایک ریباکینا اور موجودہ عالمی

نمبر ایک سبالینکا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ ریباکینا پہلے ہی یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ پیر سے عالمی نمبر ایک بننے کی پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔ سبالینکا نے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کی تیسری سیڈ جیسیکا پیگولا کو۵۔۷، ۲۔۶؍ سے شکست دی۔ وہ اوپن ایرا میں مسلسل تین یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے والی تیسری خاتون بننے کی کوشش میں ہیں۔ دوسری جانب ریباکینا اپنے پہلے یو ایس اوپن خطاب اور تیسرے گرینڈ سلیم ٹائٹل کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے  ۲۰۲۲ءمیں ومبلڈن اور رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کا خطاب جیتا تھا، جہاں فائنل میں انہوں نے سبالینکا کو شکست دی تھی۔
آرتھر ایش اسٹیڈیم میں جمعرات کی رات کھیلے گئے مقابلے میں ٹاپ سیڈیافتہ بیلاروسی کھلاڑی سبالینکا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیگولا کے ۱۲؍ کے مقابلے میں ۲۹؍ ونرز لگائے اور فلشنگ میڈوز میں اپنی مسلسل فتوحات کی تعداد ۱۹؍ تک پہنچادی۔ پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور اسکور ۴۔۴؍ سے برابر تھا۔ سبالینکا نے فورہینڈ ونر کے ذریعے ایک بریک پوائنٹ بچایا، جس کے بعد  ۵۔۶؍ کے اسکور پر پیگولا کی سروس توڑ کر ۴۳؍ منٹ میں پہلا سیٹ ۵۔۷؍سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی سبالینکا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا، پیگولا کی سروس توڑ کر ۱۔۳؍کی برتری حاصل کی اور آخری گیم میں ایک اور بریک کے ساتھ ایک گھنٹے ۲۰؍ منٹ میں میچ اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے:دو ماہ کے وقفے سے گیند بازی کی رفتار میں نمایاں کمی آئی : محمد سراج

میچ کے بعد سبالینکا نے اپنے کھیل پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ پیگولا نے اعتراف کیا کہ بیلاروسی کھلاڑی نے انتہائی اعلیٰ معیار کی ٹینس کھیلی۔ پیگولا نے کہا کہ سبالینکا نے شاندار کھیل پیش کیا اور آج ان کے خلاف وہ زیادہ کچھ نہیں کر سکتی تھیں۔اس جیت کے ساتھ سبالینکا مسلسل چوتھی بار یو ایس اوپن فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ ۲۸؍ سالہ سبالینکا اب کرس ایورٹ اور سرینا ولیمز کے بعد مسلسل تین یو ایس اوپن سنگلز ٹائٹل جیتنے والی تیسری خاتون بننے کی کوشش کریں گی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ ہفتہ کو ایلینا ریباکینا سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK