• Wed, 04 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: مشہور اداکار سیاجی شندے نے ’سہیادری بچاؤ‘ مہم شروع کی

Updated: November 04, 2026, 3:33 PM IST | Agency | Nagpur

مشہوراداکارسیاجی شندے نے ’سہیادری بچاؤ‘ مہم شروع کی، مختلف تنظیموں کا بھی’تھالی بجاؤ‘ احتجاج۔

Actor Sayaji Shinde. Picture: INN
اداکار سیاجی شندے۔ تصویر: آئی این این

’’ناگپور میں سہیادری  پہاڑی سلسلے اور ماحولیات آج ترقی کے نام پرہورہی تباہی سے شدید خطرے میں ہیں۔ لہٰذا ’سیو سہیادری ، سیو انوائرومنٹ ‘ صرف ماحولیاتی تحفظ کی مہم نہیں ہے بلکہ فطرت کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ایک عوامی تحریک ہے۔‘‘مشہور اداکار سیاجی شندے نے گزشتہ روز  پریس کانفرنس میں  یہ جذباتی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’  ترقی کے نام پر جب سہیادری کی ہولی   جلائی  جا رہی ہو تو دیوالی مت منائیں‘‘۔  ملک گیر مہم ’ سہیادری  بچاؤ، سہیادری میں کوئی پی ایس پی نہیں‘  ہندوستان کے مرکز ناگپور سے شروع کی گئی ہے۔ سیاجی شندے نے خدشہ ظاہر کیا کہ۱۹۴۷ء تک ملک کے۷۰؍ فیصد جنگلات محفوظ تھے لیکن آج یہ گھٹ کر صرف ۱۶؍ سے۱۸؍ فیصد رہ گئے ہیں۔ آج ’شیکرو‘ جیسی متعدد نایاب نسلیں معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں۔ اس موقع پر انسویا چھابرانی، آنند رائے اور منیش بھاوے میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے:امیت شاہ سے ملاقات کے بعد این سی پی (اجیت پوار) میں بے چینی

اداکار سیاجی شندے نے سوال کیا کہ ودربھ نے دہائیوں سے کوئلے کی کانوں اور تھرمل پاور پروجیکٹوں کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ کیا اسی ترقیاتی ماڈل کی قیمت سہیادریوں کو ادا کرنے پر مجبور کرنا درست ہے؟ حکومت کو پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹ (پی ایس پی)  کا ماحول دوست متبادل تلاش کرنا چاہئے۔ 

رائے گڑھ ضلع کے کرجت تعلقہ میں سہیادری کی گود میں مجوزہ ’پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ‘ کیلئے بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کے خلاف احتجاج  کیلئے ’سہیادری بچاؤ، مہاراشٹربچاؤ‘مہم کے ایک حصے کے طور پر سنویدھان چور پر’تھالی بجاؤ‘ احتجاج کیا گیا۔ کاکروچ جنتا پارٹی، ناگپور سٹیزنز فورم اور وائلڈ ایجائل فاؤنڈیشن سمیت مختلف ماحولیاتی تنظیموں نے اس تحریک کو اپنی مکمل حمایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK