پیر کے انگوٹھے میں تکلیف کے سبب سیریز میں شرکت سے محروم، دیودت پڈیکل کو نمبر ۳؍ پر موقع ملنے کا امکان۔
EPAPER
Updated: August 09, 2026, 2:19 PM IST | New Delhi
پیر کے انگوٹھے میں تکلیف کے سبب سیریز میں شرکت سے محروم، دیودت پڈیکل کو نمبر ۳؍ پر موقع ملنے کا امکان۔
ہندوستان کو سری لنکا کے آئندہ ٹیسٹ دورے سے قبل ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ سائی سدرشن دائیں پیر کے انگوٹھے کی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ سدرشن نے ۲؍’ اے‘ ٹیسٹ میچوں میں ۲؍ سنچریاں بنائی تھیں، تاہم سری لنکا ’اے‘ کے خلاف دوسرے میچ کے دوران انہیں چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے بعد وہ بنگلور میں بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس میں بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے۔ وہ ۱۵؍ اگست سے شروع ہونے والی ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں نمبر ۳؍کے مقام کے مضبوط دعویدار تھے۔ تمل ناڈو کے بائیں ہاتھ کے بلے باز کو ابتدائی طور پر سری لنکا دورے کے لئے ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ان کی شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط تھی۔ وہ ٹیم کے ساتھ سری لنکا نہیں گئے تھے۔
بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ سدرشن کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے اور محفوظ واپسی کے لئے انہیں مزید بحالی کی ضرورت ہے، اس لئے انہیں سری لنکا کے ٹیسٹ دورے سے باہر کردیا گیا ہے۔ سدرشن نے آخری مرتبہ افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی نمائندگی کی تھی۔ وہ اب تک ۷؍ ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور ۳۸۳؍ رن بنائے ہیں، جن میں ۳؍نصف سنچریاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مچل اسٹارک ۷؍ وکٹیں لیتے ہی کپل دیو اور ڈیل اسٹین سے آگے نکل جائیں گے
پڈیکل نمبر ۳؍کے مضبوط امیدوار
سائی سدرشن کی غیر موجودگی سے کرناٹک کے بائیں ہاتھ کے بلے باز دیودت پڈیکل کیلئے نمبر ۳؍ پر جگہ بنانے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ پڈیکل نے سری لنکا کرکٹ ’اے‘ کے خلاف وارم اپ میچ میں شاندار سنچری بنا کر اپنا دعویٰ مضبوط کیا ہے۔ ۲۶؍سالہ پڈیکل نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں سنچری بنائی۔ دیودت پڈیکل نے مارچ ۲۰۲۴ء میں دھرم شالہ میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
گل مسلسل دوسرے روز بھی میدان سے باہر
دریں اثنا، ہندوستانی کپتان شبھ من گل دائیں انگلی میں چوٹ کے باعث سری لنکا ’اے‘ کے خلاف وارم اپ میچ میں سنیچر کو بھی نہیں کھیل سکے۔ ان کی غیر موجودگی میں کے ایل راہل ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا پہلے ہی کئی کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل سے دوچار ہے۔ جسپریت بمراہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت بھی مشکوک ہے۔ ہرشت رانا اور نتیش کمار ریڈی بھی پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ یاد رہے کہ جسپریت بمراہ کی جگہ جموں کشمیر کے تیز گیندباز عاقب نبی کو ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستان کے۶؍وکٹ پر۳۵۷؍رن، پڈیکل کی سنچری
دیودت پڈیکل (ناٹ آؤٹ ۱۴۲)، رویندر جڈیجہ (۶۳)، مانَو سُتھار (۴۱)، کپتان کے ایل راہل (۴۰) اور گرنور برار (ناٹ آؤٹ ۳۶) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے واحد پریکٹس ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کو کھیل ختم ہونے تک ۶؍ وکٹ پر ۳۵۷؍ رن بنا لئے۔ ہندوستان اب بھی سری لنکا ’اے‘ کی پہلی اننگز کے اسکور سے ۶؍ رن پیچھے ہے۔ دیودت پڈیکل نے ۱۶۴؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ناٹ آؤٹ ۱۴۲؍رنوں کی اننگز میں ۱۸؍ چوکے لگائے۔ رویندر جڈیجہ نے ۱۱۷؍گیندوں پر ۷؍چوکوں کی مدد سے ۶۳؍ رن (ریٹائرڈ آؤٹ) بنائے۔ گرنور برار نے صرف ۱۸؍ گیندوں پر ۲؍چوکے اور ۴؍چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۶؍رن بنائے۔ انہوں نے دن کے آخری اوور میں دلِم سدھورا کی گیندوں پر ۴؍ چھکے لگائے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ۱۵؍اگست کو کھیلا جائےگا۔