Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز کے سمیر رضوی کاانڈین پریمیر لیگ میں شاندار آغاز

Updated: March 28, 2024, 12:37 PM IST | Chennai

چنئی کے بلے باز نے کہا: ۱۹؍ویں اوور میں جس طرح کی صورتحال تھی، جب مجھے بھیجا گیا تھا، اگر کوئی گیند میرے رڈار پر تھی تو میں اسے بڑا شاٹ کھیلنے والا تھا۔

Sameer Rizvi. Photo: PTI
سمیر رضوی۔ تصویر: پی ٹی آئی

چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے بلے باز سمیر رضوی نے منگل کو گجرات ٹائٹنس (جی ٹی) کے خلاف انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں شاندار آغاز کیا۔ رضوی، جنہیں سی ایس کے نے گزشتہ سال کی آئی پی ایل نیلامی میں ۸ء۴؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا، ۱۹؍ویں اوور میں آئے اور پہلی گیند پر راشد خان کو ایک زوردار چھکا لگایا۔ انہوں نے ۶؍ گیندوں پر۱۴؍ رن کی اہم اننگز کھیلی اور چنئی نے۶۳؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے بعد انہوں نے مایہ ناز سابق کپتان ایم ایس دھونی کے ساتھ اپنی گفتگو کا انکشاف کیا۔ 
آئی پی ایل کے عہدیدار کے ذریعہ پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں انہوں نے کہاکہ ۱۹؍ویں اوور میں جس طرح کی صورتحال تھی، جب مجھے بھیجا گیا تھا، اگر کوئی گیند میرے رڈار پر تھی تو میں اسے بڑا شاٹ کھیلنے والا تھا۔ پہلی ہی گیند میرے رڈار میں تھی اور میں نے چھکا لگایا۔ رضوی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال یو پی ٹی ۲۰؍ لیگ میں شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے۱۰؍ میچوں میں ۵۰؍ سے زائد کے اوسط سے۴۵۵؍ رن بنائے جس میں ۲؍ سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل تھی۔ 
رضوی نے کہا کہ وہ یلو فرنچائزی کے ذریعہ منتخب ہونے پر خوش ہیں کیونکہ دھونی سے ملنا ان کے کریئر کا خواب تھا۔ انہوں نے کہاکہ `جب نیلامی ہوئی تو سی ایس کے نے مجھے منتخب کیا، میں خوش تھا کیونکہ ایم ایس دھونی سے ملنا ایک خواب تھا، ان کے ساتھ کھیل کر یہ مکمل ہواہے۔ مجھے ان سے اور عملے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ میں سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ میں بہتر کارکردگی کیلئے پوری کوشش کروں گا۔ 
ایم ایس دھونی کے مشورے کو یاد کرتے ہوئے رضوی نے کہا کہ ہندوستان کے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے ان سے کہا تھا کہ وہ اپنا فطری کھیل کھیلیں۔ رضوی نے کہاکہ `ایم ایس دھونی نے مجھے کہا ہے کہ میں جس طرح کھیلتا ہوں اسی طرح کھیلوں۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ کھیل وہی ہے، ہنر وہی ہے، لیکن ذہنیت مختلف ہے۔ انہوں نے مجھ سے کہا ہے کہ دباؤ محسوس نہ کرو اور حالات کے مطابق کھیلو۔ پہلے میچ میں بہت زیادہ ہجوم کے سامنے اپنی گھبراہٹ کا خیال رکھوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK