Updated: October 07, 2025, 1:28 PM IST
|
Agency
| Mumbai
ہندوستانی کرکٹر سنجو سیمسن کو ہندوستان میں فٹ بال کے مقبول عام ایونٹ’ انگلش پریمیر لیگ‘ (ای پی ایل) کا باضابطہ سفیر مقرر کر دیا گیا۔
سنجو سیمسن۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی کرکٹر سنجو سیمسن کو ہندوستان میں فٹ بال کے مقبول عام ایونٹ’ انگلش پریمیر لیگ‘ (ای پی ایل) کا باضابطہ سفیر مقرر کر دیا گیا۔ یہ اہم پیش رفت برصغیر میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کیلئے ای پی ایل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ کرکٹ کے میدان میں اپنی متحرک کارکردگی کے لیے مشہور سنجو سیمسن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ای پی ایل کے برانڈ کو فروغ دینے اور ملک بھر کے شائقین سے جڑنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔ا پنے سفیرانہ فرائض کے حصے کے طور پر سیمسن نے ممبئی میں پریمیر لیگ کے پروگرام کے دوران انگلینڈ اور لیورپول کے سابق اسٹرائیکر مائیکل اوون سے ملاقات کی۔ تقریب میں نیسکو سینٹر میں فین پارک طرز کی اسکریننگ اور کمیونٹی سرگرمیاں شامل تھیں۔ سیمسن نے جو خود لیورپول کے مداح ہیں ، کلب کے لیے فٹ بال کے ساتھ اپنے گہرے تعلق کے بارے میں بات کی جس کی وجہ وہ کیرالا میں اپنی پرورش اور اپنے خاندان کے فٹبالنگ پس منظر کو بتاتے ہیں۔ اوون نے تقریب میں موجود آرسنل کے حامیوں کی تعداد پر حیرت کا اظہار کیا اور ہندوستان میں بڑھتے ہوئے فٹ بال کلچر پر روشنی ڈالی۔ ای پی ایل کے ساتھ اپنی وابستگی کے علاوہ، سیمسن کا ہندوستانی فٹ بال سے گہرا تعلق ہے کیونکہ وہ انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) میں ایک سرکردہ ٹیم کیرالا بلاسٹرس ایف سی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔
بلاسٹرس کے ساتھ سنجو کی وابستگی ان کی آبائی ریاست کیرالا میں فٹ بال کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ سیمسن ایک برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر پہلی بار حیدرآباد ایف سی کے خلاف میچ کے دوران موجود رہے جس نے فٹ بال کمیونٹی میں اپنے اثر کو مزید مضبوط کیا۔ سیمسن کی بطور ای پی ایل سفیر تقرری سے کیرالا میں فٹ بال کے شائقین کی نئی نسل کے متاثر ہونے کی امید ہے۔
کرکٹ اور فٹ بال میں ان کا دوہرا کردار ریاست کے متنوع کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دیتا ہے اور مختلف کھیلوں کے درمیان بڑھتی ہوئی ہم آہنگی کو نمایاں کرتا ہے۔ اپنی مقبولیت اور اثر و رسوخ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، سیمسن کا مقصد کرکٹ اور فٹ بال کے درمیان فرق کو ختم کرنا اور کیرالا میں کھیلوں کے مزید جامع ماحول کو فروغ دینا ہے۔