• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گل کی غیر موجودگی میں شریاس کی کپتانی کا امتحان

Updated: November 13, 2026, 1:15 PM IST | Agency | Mount Maunganui

ہندوستان کی نگاہیں فتح کیساتھ سیریز پر قبضہ کرنے پر مرکوز جبکہ نیوزی لینڈ کو سیریز برابر کرانے کی امید کوزندہ رکھنے کیلئے میچ جیت ضروری۔

New ODI team captain Shreyas Iyer can be seen alongside coach Gautam Gambhir (right). Photo: X
کوچ گوتم گمبھیر(دائیں) کے ساتھ یکروزہ ٹیم کے نئے کپتان شریاس ایر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ بشکریہ:ایکس

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعہ کو بے اوول میں کھیلا جانے والا چوتھا یکروزہ میچ کئی اعتبار سے دلچسپ ہوگا۔ نئے کپتان، تبدیل شدہ بلے بازی کی ترتیب اور پورے ۵۰؍اوور کا مقابلہ ہونے کی امید کے درمیان اس میچ میں ہندوستانی ٹیم کی مضبوطی اور شریاس ایّر کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔ہندوستان ۵؍ میچوں کی سیریز میں دوصفرکی برتری کے ساتھ میدان میں اترے گا اور سیریز اپنے نام کرنے کیلئے اسے صرف ایک اور جیت درکار ہے۔ تاہم اب تک کے مقابلوں کی پوری کہانی اس اسکور لائن سے واضح نہیں ہوتی کیونکہ بار بار بارش نے کھیل میں خلل ڈالا اور ہندوستان کی دونوں فتوحات ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) طریقے سے طے ہوئیں۔

ہندوستان کی جانب سے سب کی نظریں شریاس ایّر پر ہوں گی جو شبھ من گل اور کے ایل راہل کے آئندہ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لئے روانہ ہونے کے بعد کپتانی سنبھالیں گے۔ پہلے ۳؍ میچوں میں گل کے نائب کی ذمہ داری نبھانے والے شریاس ایّر کے پاس اب بین الاقوامی سطح پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا موقع ہے۔

کپتانی صرف فیلڈنگ سجانے یا گیندبازی میں تبدیلی کرنے کا نام نہیں بلکہ میچ کی صورت حال کو سمجھنے، حریف ٹیم کی حکمت عملی کا اندازہ لگانے اور ہر کھلاڑی کو اس کا کردار واضح کرنے کا معاملہ بھی ہے۔ شریاس ایّر کو روہت شرما اور وراٹ کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کا فائدہ حاصل ہوگا جن کی ون ڈے کرکٹ کی سمجھ ٹیم کے لئے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آخری ۲؍ ون ڈے میچوں کے لیے بریٹ رینڈل نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل

ہندوستان کی بلے بازی کافی مضبوط ہے۔ روہت اور کوہلی کا تجربہ اور اعتماد کسی بھی ٹیم کیلئے بڑا اثاثہ ہے۔ پاور پلے میں روہت کی جارحانہ بلے بازی اور اننگز کو سنبھالتے ہوئے رنوں کی رفتار برقرار رکھنے کی کوہلی کی صلاحیت ہندوستان کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن اور تلک ورما بھی بلے بازی کے مزید متبادل فراہم کرتے ہیں۔ آخری ۲؍ میچوں کیلئے نائب کپتان مقرر کئے گئے کشن سے توقع ہے کہ وہ راہل کی جگہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ گائیکواڑ ایک اور موقع سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہوں گے جبکہ تلک ورما کی شمولیت سے مڈل آرڈر کو مزید لچک ملے گی۔

ہندوستان کی گیندبازی کا انتخاب بھی توجہ کا مرکز ہوگا۔ محمد سراج اور عرشدیپ سنگھ نئی گیند سے مختلف انداز میں حریف بلے بازوں کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کلدیپ اور اکشر درمیانی اووروں میں رنوں پر قابو پانے کے ساتھ وکٹیں بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ نوجوان تیز گیندباز عاقب نبی، گرنور برار اور یش ٹھاکر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے خواہاں ہوں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کیلئے اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مچل سینٹنر کی قیادت والی ٹیم سیریز میں اپنی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے مزید شکست سے بچنا چاہے گی۔ میزبان ٹیم کیلئے کئی اہم کھلاڑیوں کی آخری میچوں میں عدم دستیابی نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔نیوزی لینڈ کو اپنے ٹاپ آرڈر سے بہتر کارکردگی کی ضرورت ہوگی۔ وِل ینگ اور ٹم سیفرٹ اوپری ترتیب میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ فن ایلن کو پلیئنگ الیون میں موقع ملنے کی صورت میں ان کا جارحانہ انداز ٹیم کو تیز شروعات دلا سکتا ہے۔

مڈل آرڈر میں مائیکل بریسویل اور سینٹنر کی ذمہ داریاں اہم ہوں گی۔ دونوں کھلاڑی گیندبازی میں بھی تعاون کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لئے ہندوستان کی مضبوط بلے بازی کو چیلنج دینے میں ان کی کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔تجربہ کار تیز گیندباز میٹ ہنری کی اسکواڈ میں واپسی سے بھی میزبان ٹیم کی گیندبازی مضبوط ہو سکتی ہے۔ کائل جیمیسن، جیکب ڈفی اور دیگر تیز گیندبازوں کو حالات کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا خاص طور پر اننگز کے ابتدائی اووروں میں۔

ہندوستان کا مقصد واضح ہے کہ میچ جیت کر سیریز میں ۳صفرکی ناقابلِ شکست برتری حاصل کی جائے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کیلئے داؤ کہیں زیادہ ہے۔ اسے ہندوستان کی تجربہ کار بلے بازی کو روکنے اور مہمان ٹیم کو اپنی مرضی کے مطابق کھیلنے سے باز رکھنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔مجموعی توازن اور تجربے کے اعتبار سے ہندوستان کو برتری حاصل ہے، لیکن اپنی سرزمین پر کھیلنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK