Updated: January 01, 2026, 4:22 PM IST
|
Agency
| Jaipur
سرفراز نے محض۷۵؍گیندوں پر ۱۵۷؍ رن بنائے جن میں ریکارڈ ۱۴؍ سکسر شامل تھے، مشیر خان کے ساتھ تیسرے وکٹ لئے۹۳؍ رن کی پارٹنر شپ۔
ممبئی کے بلے باز سرفراز خان اور مشیر خان۔ تصویر: آئی این این
سرفراز خان کی(۱۵۷)سنچری، مشیر خان کی (۶۰) اور ہاردک تمور کی(۵۳)نصف سنچریاں اور اس کے بعد شاردول ٹھاکر (تین وکٹ) کی شاندار بولنگ کی بدولت ممبئی نے بدھ کو ایلیٹ گروپ سی کے ایک میچ میں گوا کو۸۷؍ رن سے شکست دے دی۔ سرفراز خان نے اپنی شاندار بلے بازی سے ایک مرتبہ پھر ٹیم انڈیا کا دروازہ کھٹکھٹایا اورسلیکٹروں کی توجہ مبذول کی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی نے مقررہ۵۰؍اوورز میں ۸؍وکٹوں پر۴۴۴؍رن کا ہمالیائی اسکور بنایا ۔ سرفراز نے محض۷۵؍گیندوں پر ۱۵۷؍ رن بنائے، جس میں ریکارڈ ساز۱۴؍ چھکے شامل تھے ۔ انہوں نے اپنی سنچری ۵۶؍ گیندوں میں مکمل کی ۔ سرفراز خان نے مشیر خان کے ساتھ مل کر دھماکہ خیز بلے بازی کی اور تیزی سے رن بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسرے وکٹ کیلئے۹۳؍ رن جوڑے۔ دیپراج گاونکر نے۳۱؍ویں اوور میں مشیر خان کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ مشیر خان نے ۶۶؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۶۰؍ رن بنائے اور ہاردک تامورے نے صرف۲۸؍ گیندوں پر۵۳؍ رن بنا کر اسکور کو ناقابلِ رسائی بنا دیا۔ یشسوی جیسوال نے بھی۴۶؍ رن کا اہم تعاون دیا۔
۴۴۵؍ رن کے ناممکن ہدف کے تعاقب میں گوا کی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور مقررہ اوورز میں۹؍وکٹوں پر۳۵۷؍ رن بنائے ۔ ابھینو نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے۷۰؍ گیندوں پر۱۰۰؍ رن بنائے جس میں۸؍ فلک بوس چھکے شامل تھے۔ للت یادو(۶۴)اور ابھینو کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے۱۱۳؍ رن کی شراکت ہوئی، مگر رن کا ہدف اتنا بڑا تھا کہ گوا کی ٹیم منزل تک نہ پہنچ سکی۔کپتان شاردول ٹھاکر نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے۳؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حیرت انگیز طور پر یشسوی جیسوال نے بھی اپنی اسپن کا جادو دکھایا اور۲؍ اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تشار دیشپانڈے، مشیر خان اور سلویسٹر ڈیسوزا نے ایک ایک شکار کیا۔
راج کوٹ میں سنچریوں کا سیلاب: بڑودہ کی حیدرآباد پرفتح
وجے ہزارے ٹرافی کے ایلیٹ گروپ بی میں بدھ کا دن کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار مقابلہ کھیلا گیا، جہاں گیند باز محض تماشائی بنے رہے اور بلے بازوں نے راج کوٹ کو رنوں سے نہلا دیا۔ بڑودہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے۴۱۷؍ رن بنائے جس کے جواب میں حیدرآباد نے بھی بھرپور مقابلہ کیا مگر۳۸۰؍ رن پر ہمت ہار گئی۔بڑودہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے حیدرآباد کے بولرز پر قہر ڈھایا۔ امیت ہری رام پاسی(۱۲۷) اور نتیہ پانڈیا(۱۲۲) نے پہلے وکٹ کیلئے۲۳۰؍ رن کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔کنال پانڈیا نے صرف۶۳؍ گیندوں پر۱۰۹؍ رن کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اسکور کو۴۱۷؍تک پہنچا دیا۔
۴۱۸؍جیسے ہمالیائی ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد نے بھی ہتھیار نہیں ڈالے، ابھی رتھ ریڈی(۱۳۰) اور پرگنے ریڈی(۱۱۳) نے تیسرے وکٹ کیلئے ۲۰۰؍ رن کی برق رفتار شراکت قائم کر کے بڑودہ کے کیمپ میں کھلبلی مچا دی۔ ایک وقت پر لگ رہا تھا کہ حیدرآباد یہ ناممکن ہدف حاصل کر لے گا مگر۳۵؍ ویں اوور میں مہیش پٹھیا نے ابھی رتھ ریڈی کو آؤٹ کر کے بڑودہ کو تھوڑی راحت دلائی ۔۴۴؍ ویں اوور میں راج لمبانی نے پرگنے ریڈی کو آؤٹ کر کے حیدرآباد کی آخری امید بھی ختم کر دی۔اس ہائی اسکورنگ میچ میں بڑودہ کے مہیش پٹھیا اور اتیت سیٹھ نے ۳-۳؍ وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حیدرآباد کی پوری ٹیم ۴۹ء۵؍ اوورز میں ۳۸۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دیگر میچ
اس درمیان ایک اور میچ میںادیشہ نےدہلی جیسی مضبوط ٹیم کو ۷۹؍ رن سے ہرادیا ، جھارکھنڈ نے تمل ناڈو کو شکست دی اور ودربھ کو چندی گڑھ پر فتح ملی۔