Updated: March 16, 2026, 5:04 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ کے معروف اداکار Sean Penn نے فلم One Battle After Another میں معاون کردار کے لیے اپنا تیسرا آسکر جیت لیا، لیکن وہ لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ ان کی غیرحاضری نے فلمی دنیا میں بحث چھیڑ دی کیونکہ وہ اس سیزن کے کئی بڑے ایوارڈ شوز سے بھی دور رہے۔
شان پین۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے ممتاز اداکار Sean Penn نے ۹۸؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز میں فلم One Battle After Another میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا آسکر جیت لیا۔ یہ ان کے کریئر کا تیسرا آسکر ہے، جس کے بعد وہ ان چند اداکاروں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے تین یا اس سے زیادہ اداکاری کے آسکر جیتے ہیں۔ تاہم اس بڑی کامیابی کے باوجود شان پین لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہونے والی تقریب میں موجود نہیں تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیٹیگری میں نامزد دیگر اداکار تقریب میں شریک تھے، مگر پین نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایوارڈ کا اعلان اداکار کیرن کلکن نے کیا اور اسٹیج پر کہا کہ ’’شان پین آج رات یہاں نہیں آ سکے یا شاید نہیں آنا چاہتے تھے، اس لیے میں ان کی طرف سے یہ ایوارڈ قبول کر رہا ہوں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: آسکر ۲۰۲۶ء: ’’ون بیٹل آفٹر اَندر‘‘ ۶؍ ایوارڈز کے ساتھ بہترین فلم
شان پین نے آسکر تقریب میں شرکت کیوں نہیں کی؟
شان پین کی غیرحاضری کے کئی اسباب سامنے آئے ہیں اور یہ پہلی بار نہیں کہ انہوں نے کسی بڑے ایوارڈ شو کو چھوڑا ہو۔
(۱) شان پین ماضی میں بھی ہالی ووڈ کی تقریبات سے دور رہنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس سال بھی انہوں نے اسکرین ایکٹرس گلڈ ایوارڈز اور بافٹا میں شرکت نہیں کی، حالانکہ وہ وہاں بھی نامزد تھے اور ایک ایوارڈ جیت چکے تھے۔
(۲) اکیڈمی ایوارڈز پر تنقید: مراکش فلم فیسٹیول ۲۰۲۴ء میں اپنی تقریر کے دوران شان پین نے اکیڈمی پر سخت تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ اکیڈمی نے کئی مواقع پر غیر معمولی بزدلی دکھائی ہے اور اس نے تخلیقی اظہار کو محدود کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق یہی تنقیدی رویہ بھی ان کی عدم شرکت کی ایک وجہ ہو سکتا ہے۔
(۳) انسانی اور سیاسی سرگرمیاں: شان پین ہالی ووڈ کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جو فلمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی اور انسانی مسائل میں بھی سرگرم رہتے ہیں۔ وہ خاص طور پر یوکرین کی حمایت کے لیے مہم چلاتے رہے ہیں اور اس حوالے سے کئی بار عالمی سطح پر بیانات دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آسکر ۲۶ء: غزہ جنگ بندی کی گونج، کئی ستاروں کا فلسطین کے حق میں پیغام
ایوارڈ سیزن میں متنازع لمحات
دلچسپ بات یہ ہے کہ شان پین نے اس سال گولڈن گلوبس میں شرکت کی تھی۔ وہاں وہ اس وقت خبروں میں آئے جب انہوں نے تقریب کے دوران میز پر بیٹھے بیٹھے سگریٹ نوشی کی، جس پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث ہوئی۔ اس کے باوجود انہوں نے دیگر بڑی تقریبات میں شرکت نہیں کی، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا کہ اداکار ایوارڈ شوز سے خاص دلچسپی نہیں رکھتے۔
فلم One Battle After Another میں کردار
ہدایت کار پال تھامس کی اس فلم میں شان نے کرنل اسٹیون کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ کردار ایک طاقتور مگر بدعنوان فوجی افسر کا ہے جو ایک امیگریشن حراستی مرکز کی نگرانی کرتا ہے اور خفیہ سیاسی گروہوں کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے۔ فلم کی کہانی اس وقت شدت اختیار کرتی ہے جب پین کا کردار مرکزی کردار (جسے لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا ہے) کی بیٹی کو اغوا کر لیتا ہے، جس سے دونوں کے درمیان ایک پرانا اور خفیہ تعلق سامنے آتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مدھوبالا کی بایوپک میں انیت پڈا کی شمولیت کی افواہیں غلط، کیارا اڈوانی زیرغور
تین آسکر جیتنے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل
اس جیت کے بعد شان پین ان اداکاروں کے نایاب گروپ میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے تین یا اس سے زیادہ اداکاری کے آسکر جیتے ہیں۔ ان میں شامل نمایاں نام یہ ہیں: ڈینیئل ڈے لیوس، جیک نکولسن، میرل اسٹریپ اور انگریڈ برگ مین۔ جبکہ اداکاری کے شعبے میں سب سے زیادہ چار آسکر جیتنے کا ریکارڈ کیتھرین ہیپ برن کے پاس ہے۔
شان پین اس سے قبل دو بار بہترین اداکار کا آسکر جیت چکے ہیں:
(۱) ۲۰۰۳ء میں ’’مسٹک ریور‘‘ کیلئے۔
(۲) ۲۰۰۸ء میں ’’ملک‘‘ کیلئے۔
یہ بھی پڑھئے: بالی ووڈ میں تنخواہ کا فرق صنفی بنیاد پر نہیں ہے: سیف علی خان
شان پین کا فلمی سفر
شان کا شمار ہالی ووڈ کے سب سے طاقتور اور سنجیدہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کئی یادگار فلموں میں کام کیا ہے، جن میں شامل ہیں:
• Mystic River
Dead Man Walking
I Am Sam
Carlito’s Way
The Thin Red Line
The Tree of Life
Licorice Pizza
انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ان کی ہدایت کردہ اہم فلمیں ہیں:
The Indian Runner (1991)
The Crossing Guard (1995)
The Pledge (2001)
Into the Wild (2007)