Inquilab Logo

دورۂ جنوبی افریقہ کیلئے ۳؍کپتانوں کا انتخاب

Updated: December 01, 2023, 10:02 PM IST | Mumbai

بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کا کپتان روہت شرما کو برقرار رکھا۔ ٹی ۲۰؍ ٹیم کیلئے سوریہ کمار یادو اورون ڈے ٹیم کیلئے کے ایل راہل کو کپتان مقرر کیا گیا

Rohit Sharma. Photo:PTI
روہت شرما۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستانی  کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے  جنوبی افریقہ کے دورے کے لئے  ون ڈے اور ٹی۲۰؍کے لئے الگ الگ  کپتان بناتے ہوئےتینوں فارمیٹس میں ٹیم کا اعلان کیاہے ۔ یہ اعلان بی سی سی آئی نے  ایک میٹنگ میں کیا۔ بورڈ نے کے ایل راہل کو ون ڈے ٹیم کا کپتان اور سوریہ کمار یادو کو ٹی۲۰؍ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جبکہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹی ۲۰؍ اور ون ڈے میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی  تاہم بورڈ نے روہت شرما کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور جسپریت بمراہ کو   نائب کپتان بنایا ہے۔
ہندوستان کو۲۰؍ دسمبر سے شروع ہونے والے جنوبی افریقہ کے دورے پر ۳؍ ٹی ۲۰، ۳؍ ون ڈے اور ۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہیں۔ بورڈ نے سوریہ کمار یادو کو  ٹی۲۰؍ فارمیٹ کےلئے کپتان مقرر کیا ہے۔ اس فارمیٹ میں نائب کپتان رویندر جڈیجا ہوں گے  جبکہ رتوراج گائیکواڑ تینوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔بی سی سی آئی نے ون ڈے سیریز کیلئے  نوجوان ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس میں رجت پاٹیدار، رتوراج گائیکواڑ، سائی سدرشن، تلک ورما اور رنکو سنگھ جیسے بلے بازوں کو شامل کیا گیا ہے۔ سائی سدرشن اور رجت پاٹیدار نے ابھی تک بین الاقوامی سطح پر آغاز نہیں کیا ہے۔ اس بار وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم میں صرف نوجوان گیندبازوں کو موقع دیا گیا ہے تاہم تجربہ کار اسپنر یزویندر چہل کی طویل وقفہ بعد واپسی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ چائنا مین اسپنر کلدیپ، جو۲۰۲۳ء ون ڈے ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ رہے، بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ مکیش کمار، اویس خان، ارشدیپ سنگھ اور دیپک چاہر سمیت ۴؍ گیند باز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
۲؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے:روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، شریاس ایّر، رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن (وکٹ)، کے ایل راہل (وکٹ)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا، شاردُل ٹھاکر، محمد سراج، مکیش کمار، محمد سمیع، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، پرسدھ کرشنا۔جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز کیلئے  ہندوستانی ٹیم اس طرح  ہے:رتوراج گائیکواڑ، سائی سدرشن، تلک ورما، رجت پاٹیدار، رنکو سنگھ، شریاس ایّر، کے ایل راہل (کپتان اور وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، یزویندر چہل، مکیش کمار، اویس خان ارشدیپ سنگھ اور دیپک چاہر۔ٹی۲۰؍ میچوں کے لئے  ہندوستان کی ٹیم درج ذیل ہے:یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رتوراج گائیکواڑ، تلک ورما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، رنکو سنگھ، شریاس ایّر، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجا (نائب کپتان)، واشنگٹن سندر، رویندر بشنوئی، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج، مکیش کمار اور دیپک چاہر۔ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا ٹی۲۰؍ میچ۱۰؍ دسمبر کو ڈربن میں کھیلے گی، دوسرا ٹی۲۰؍  ۱۲؍ دسمبر کو گکیبرہا میں اور تیسرا ٹی ۲۰؍۱۴؍ دسمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ون ڈے۱۷؍ دسمبر کو جوہانسبرگ، دوسرا ون ڈے۱۹؍ دسمبر کو گکبیرہا اور تیسرا ون ڈے۲۱؍ دسمبر کو پارل میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز۲۵؍ دسمبر سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ۳؍ جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK