Inquilab Logo

شاردُل کی سنچری، مشیر اور تنوش کے نصف سیکڑے

Updated: March 04, 2024, 1:00 PM IST | Agency | Mumbai

رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں ممبئی کی پوزیشن مضبوط۔ تمل ناڈو کے خلاف پہلی اننگز میں ۲۰۷؍رن کی برتری حاصل کرلی۔

Musheer Khan runs for a run with his teammate. Photo: PTI
مشیر خان اپنے ساتھی کھلاڑی کے ساتھ رن کیلئے دوڑتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

آل راؤنڈر شاردُل ٹھاکر کی۱۰۹؍رن کی کریئر کی پہلی سنچری، مشیر خان کے ۵۵؍ رن اور تنوش کوٹیان کی۷۴؍ رن کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت ممبئی نے رنجی ٹرافی ۲۰۲۴ء کے دوسرے سیمی فائنل میچ کی پہلی اننگز میں ۹؍ وکٹ پر۳۵۳؍ رن بنانے کے ساتھ تمل ناڈو پر پہلی اننگز کی بنیاد پر۲۰۷؍ رن کی برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ 
اس سے قبل ممبئی کے تیز گیند بازوں شاردُل ٹھاکر اور تشار دیش پانڈے نے تمل ناڈو کی مضبوط بلے بازی پر قہر برپا کردیاتھا۔ ایک وقت تمل ناڈو صرف ایک رن پر ۴؍ وکٹ گنوا دیئے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ وہ اپنی پہلی اننگز میں ۱۰۰؍ رن تک بھی نہیں پہنچ پائے گی۔ اس کے بعد آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور وجے شنکر نے چھٹے وکٹ کیلئے ۴۸؍ رن کی پارٹنر شپ بنا کرکے تمل ناڈو کو۱۰۰؍ سے آگے پہنچایا۔ وجے نے سب سے زیادہ ۴۴؍ رن بنائے جبکہ سندر نے۱۳۸؍ گیندوں پر ۴۳؍ رن بنائے۔ تمل ناڈو کی پہلی اننگز ۶۴ء۱؍ اوور میں ۱۴۶؍رن پر سمٹ گئی۔ ممبئی کی جانب سے تشار نے ۲۴؍ رن کے عوض۳، مشیر خان، تنوش کوٹیان اور شاردُل نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ 
ممبئی کی شروعات بھی بہت خراب رہی۔ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کلدیپ سین نے پرتھوی شا کو دوسرے اوور میں صرف ۵؍ رن پر آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کی۴۵؍رن کے اسکور پر ۲؍ وکٹ گر گئیں۔ کپتان سائی کشور نے بھوپین لالوانی کو۱۵؍ رن پر آؤٹ کیا۔ ایسے وقت میں مشیر خان نے۵۵؍ رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ موہت اوستھی ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اجنکیا رہانے۱۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، شریاس ایّر ۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ہاردک تامورے ۳۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، شمس ملانی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاردُل ٹھاکر نے۱۰۵؍ گیندوں میں ۱۳؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۹؍ رن بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ممبئی نے ۹؍ وکٹ پر ۳۵۳؍ رن بنا لئے تھے اور تنوش کوٹیان۷۴؍رن ناٹ آؤٹ اور تشار دیش پانڈے۱۷؍ رن کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ تمل ناڈو کی جانب سے سائی کشور نے ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ کلدیپ سین نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ سندیپ واریئر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
ہمانشو منتری کی سنچری سے مدھیہ پردیش کو سبقت حاصل
ہمانشو منتری کی۱۲۶؍ رن کی سنچری اننگز کی مدد سے مدھیہ پردیش نے رنجی ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں ۲۵۲؍ رن بنا کر ودربھ کے خلاف پہلی اننگز کی بنیاد پر۸۲؍ رن کی سبقت حاصل کر لی۔ 
ناگپور کے ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں مدھیہ پردیش کے اویس خان نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ودربھ کو پہلی اننگز میں ۱۷۰؍ رن پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد جواب میں مدھیہ پردیش کی ٹیم نے وکٹ کیپر بلے باز ہمانشو منتری کی۱۲۶؍ رن کی سنچری اننگز کی مدد سے۲۵۲؍ رن بنائے۔ ہمانشو منتری نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی چھٹی سنچری۲۱۰؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی ہے۔ اس سیزن میں یہ ان کی تیسری سنچری ہے۔ منتری بلے بازی کے لئے ایسے وقت آئے جب مدھیہ پردیش نے۱۰۰؍ رن پر۴؍ وکٹ گنوا دیئے تھے اور ٹیم دباؤ میں تھی۔ ہرش گاؤلی۲۵؍ رن، ساگر سولنکی ۲۶؍ رن، سرنش جین۳۰؍ رن، یش دوبے۱۱؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرس تک نہیں پہنچ سکا۔ 
ودربھ کی جانب سے امیش یادو اور یش ٹھاکر نے۳۔ ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ اکشے واکھرے نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ آدتیہ سروٹے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اتوار کے کھیل کے اختتام تک ودربھ نے ایک وکٹ کے نقصان پر۱۳؍ رن بنا لئے ہیں۔ دھرو شوری۱۰؍ رن اور اکشے وکھارے ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ کریز پر تھے۔ فی الحال مدھیہ پردیش کی برتری۶۹؍ رن ہے۔ مدھیہ پردیش کے اویس خان نے اتوار کو ۱۱؍رن پر اتھروا تائیڈے کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ مدھیہ پردیش کی ٹیم اچھی پوزیشن میں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK