Updated: April 29, 2026, 11:00 AM IST
|
Agency
| Mumbai
شرمن جوشی ہندی فلموںکےان چند اداکاروں میں سے ہیں جنہوںنےتھیٹر کی سنجیدگی کو کمرشل فلموں کے مزاح کے ساتھ جوڑ کر اپنی الگ پہچان بنائی۔ ۲۸؍اپریل ۱۹۷۹ءکوناگپورمیں پیدا ہونے والےشرمن کا تعلق گجراتی برہمن خاندان سے ہے، جہاں اداکاری وراثت میں ملی۔
شرمن جوشی۔ تصویر:آئی این این
شرمن جوشی ہندی فلموںکےان چند اداکاروں میں سے ہیں جنہوںنےتھیٹر کی سنجیدگی کو کمرشل فلموں کے مزاح کے ساتھ جوڑ کر اپنی الگ پہچان بنائی۔ ۲۸؍اپریل ۱۹۷۹ءکوناگپورمیں پیدا ہونے والےشرمن کا تعلق گجراتی برہمن خاندان سے ہے، جہاں اداکاری وراثت میں ملی۔شرمن کے والد اروند جوشی گجراتی تھیٹر کے مشہور اداکارتھے، حتیٰ کہ ’شعلے‘کا حصہ بھی رہے۔ چچا پروین جوشی تھیٹر ڈائریکٹر اور چچی سریتا جوشی معروف اداکارہ ہیں۔ بہن مانسی جوشی رائے اداکارہ ہیں اور ان کی شادی اداکار روہت رائے سے ہوئی ہے۔ کزنزمیں کیتکی دیو، پوربی جوشی اور پونم جوشی بھی اداکاری سے وابستہ ہیں۔ شرمن نےممبئی میں پرورش پائی اور شروع سے ہی تھیٹر سے جڑ گئے۔ ان کے بقول کریئر کے لیے تین آپشن تھے: اداکار، وکیل یا بزنس مین، مگر دل نے اداکاری چنی۔ ۲۰۰۰ءمیں انہوں نے مشہور ولن پریم چوپڑا کی بیٹی پریرنا چوپڑا سے شادی کی۔ ان کے ۳؍ بچےبیٹی کیانا اور جڑواں بیٹے وِہان اور واریان ہیں۔
شرمن نے ۱۹۹۹ءمیں شبانہ اعظمی کی فلم ’گاڈ مدر‘میں چھوٹے سےکردار سےفلمی سفر کا آغازکیا۔۲۰۰۱ءمیں ’لجا‘میں سپورٹنگ رول کیا۔لیکن اصل پہچان ۲۰۰۱ءکی فلم ’اسٹائل‘سےملی۔کم بجٹ کی اس فلم میںساحل خان کے ساتھ شرمن کا کردار ’بنٹو‘ہٹ ہو گیا۔ خاص طور پر فلم میں ان کا لڑکی کے روپ میں گانا’ایکسکیوز می،کیا رے‘ بہت مشہور ہوا۔ شرمن بتاتےہیں کہ ’’ہم سب نئے تھے، بہت ایکسائٹڈ تھے۔ وہ انرجی آج بھی یاد ہے۔‘‘
’اسٹائل‘ کےبعد شرمن نے’ایکسکیوز می‘(۲۰۰۳ء)کی، مگر اصل بریک تھرو ۲۰۰۶ءمیں ملا۔’رنگ دے بسنتی‘میں سُکھی کا کردار اور’گول مال: فن ان لمیٹڈ‘میں لکشمن بن کر انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ مزاح اور سنجیدہ دونوںکردار نبھا سکتے ہیں۔’لائف ان اے میٹرو‘ (۲۰۰۷ء)اور’ڈھول‘(۲۰۰۷ء)نے ان کی کامیڈی ٹائمنگ کو مزید نکھارا۔۲۰۰۹ءمیںآئی راجکمار ہیرانی کی’۳؍ایڈیٹس‘نے شرمن کو گھرگھر پہچان دی۔ راجو رستوگی کے کردار میں ان کی اداکاری، خاص طور پر انٹرویو والا سین، آج بھی لوگوں کے ذہن میں تازہ ہے۔ اس فلم نےانہیں آئی آئی ایف اے(آئیفا)کا بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر ایوارڈ دلوایا۔ دلچسپ بات یہ کہ ہیرانی نے انہیں ’اسٹائل‘میں دیکھ کر ہی’۳؍ایڈیٹس‘کے لیے ذہن میں رکھ لیا تھا۔ شرمن کہتے ہیں ’’جب بھی لوگ ملتے ہیں۳؍ایڈیٹس کا ذکر ضرور کرتے ہیں، لیکن اسٹائل کو بھی یاد رکھتے ہیں اور یہ بات مجھے بہت خوشی دیتی ہے‘‘۔
شرمن نے او ٹی ٹی کی طرف بھی رخ کیا۔آلٹ بالاجی کی ’بارش‘ ۲۰-۲۰۱۹ءسےڈیجیٹل ڈیبیو کیا اور’قفس‘ (۲۰۲۳ء)میںسنجیدہ کردار کیا۔ وہ خود کو’لیٹ بلومر‘کہتے ہیں۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ایوارڈخریدنے کے خلاف ہیں اور اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔ امیتابھ بچن نے کہا تھا کہ شرمن کے ساتھ کام کرتے ہوئے ’’ڈر لگتا ہے کہ پتا نہیں اگلے لمحے کیا بول دے۔‘‘۲۰۲۵ءمیںوہ سلمان خان کی ’سکندر‘میں نظر آئے۔ اس کے علاوہ ’میڈیکل ڈریمز‘ ویب سیریز میں سبرت سنہا کا کردار کیا۔