جدوجہد کی بھٹی میں آزمائے جانے کے بعد کندن بننے کی کہانی ایک بار پھر سچ ثابت کرتے ہوئے شیخ ذیشان نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں ٹرپل جمپ میں نیا قومی ریکارڈ بنا کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 16, 2025, 11:59 AM IST | Agency | Varanasi
جدوجہد کی بھٹی میں آزمائے جانے کے بعد کندن بننے کی کہانی ایک بار پھر سچ ثابت کرتے ہوئے شیخ ذیشان نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں ٹرپل جمپ میں نیا قومی ریکارڈ بنا کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔
جدوجہد کی بھٹی میں آزمائے جانے کے بعد کندن بننے کی کہانی ایک بار پھر سچ ثابت کرتے ہوئے شیخ ذیشان نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں ٹرپل جمپ میں نیا قومی ریکارڈ بنا کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ ایک آٹورکشا ڈرائیور کے بیٹے کی یہ عظیم کامیابی نہ صرف اس کے خاندان کے لئے بلکہ پورے اتر پردیش اور وارانسی کی کھیل برادری کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔
بہار میں ۱۲؍سے ۱۴؍ مئی تک منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں اتر پردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ذیشان نے گزشتہ روز ٹرپل جمپ مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ۱۵ء۶۶؍میٹر چھلانگ لگا کر نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ شیخ ذیشان اس وقت وارانسی میں زیر تعلیم ہیں ۔ ان کا آبائی گاؤں پریاگ راج ضلع میں ہے۔
ذیشان کے والد امین الدین اپنے خاندان کی کفالت کےلئے ممبئی میں آٹو رکشا چلاتے ہیں ۔ ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں ۔ ذیشان کے ۲؍ بھائی اور ۳؍ بہنیں ہیں ۔ مالی مشکلات کے باوجود ذیشان نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کےلئے آگے بڑھتے رہے۔ ذیشان کی کھیلوں سے محبت اپنے گاؤں میں لوگوں کو کھیلتے دیکھ کر پروان چڑھی۔ اس جذبے نے انہیں ایتھلیٹکس میں کریئر بنانے کی ترغیب دی۔
جولائی ۲۰۲۲ءسے، وہ وارانسی میں واقع اتھلیٹکس ہاسٹل میں رہ کر تربیت حاصل کر رہے ہیں ، جو اسپورٹس ڈپارٹمنٹ، اتر پردیش کے زیر انتظام ہے۔ یہاں وہ ایتھلیٹکس کوچ ڈاکٹر منظور عالم انصاری سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں جنہوں نے ذیشان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔