منو بھاکر نے گزشتہ سال پدم شری کے لیے بھی درخواست دی تھی، لیکن انھیں یہ ایوارڈ نہیں ملا تھا،اب وزارت کھیل نے ان کا نام پیش کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 21, 2025, 1:18 PM IST | Agency | New Delhi
منو بھاکر نے گزشتہ سال پدم شری کے لیے بھی درخواست دی تھی، لیکن انھیں یہ ایوارڈ نہیں ملا تھا،اب وزارت کھیل نے ان کا نام پیش کیا ہے۔
پدم شری کیلئے اسٹار شوٹر منو بھاکر کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت کھیل کے ذرائع نے ایک ہندی نیوز پورٹل کو یہ اطلاع دی۔ ۲۳؍ سالہ نشانے باز نے ۴؍ دن قبل ملک کے چوتھے سب سے بڑے ایوارڈ کیلئے درخواست دی تھی۔ پچھلے سال یہ ایوارڈ تجربہ کار اسپنر آر اشون اور سابق ہاکی گول کیپر پی آر سریجیش کو دیا گیا تھا۔ منوبھاکر کو امسال ۱۷؍ جنوری کو صدر دروپدی مرمو نے کھیل رتن سے نوازا تھا ۔ منوبھاکر نے گزشتہ سال اگست- ستمبر میں پیرس اولمپک گیمز میں ڈبل اولمپک تمغے جیتے تھے۔ وہ ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور مکسڈ ڈبلز میں تیسرے نمبر پر رہی تھیں۔ ان کے ۲؍ تمغوں کی بنیاد پر ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں کل ۶؍ تمغے جیتے تھے۔
گزشتہ سال پدم شری نہیں ملا تھا، کھیل رتن پر مطمئن ہونا پڑا
منو بھاکر نے گزشتہ سال پدم شری کے لیے بھی درخواست دی تھی، لیکن انھیں یہ ایوارڈ نہیں ملا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت وزارت کھیل نے اس ایوارڈ کے لیے پی آر سریجیش اور سابق کرکٹر آر اشون کے ناموں کی سفارش کی تھی۔ تنازع کے بعد منو بھاکر کو کھیل رتن ایوارڈ دیا گیا ہے۔
منو نے ایشین چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا
منو بھاکر نے قزاقستان میں جاری ایشین شوٹنگ چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے خواتین کے ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل کے فائنل میں ۲۱۹ء۷؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔ اسکے علاوہ منوبھاکرکو۲۰۱۸ء کے یوتھ اولمپک گیمز میں ایک سونے اورایک چاندی کا تمغہ ملاتھا۔ ۲۰۲۲ء کی ورلڈ چمپئن شپ میں بھی انہوں نے ایک سونے اورایک چاندی کاتمغہ جیتا تھا۔ ۲۰۲۳ء کے ایشین گیمز میں انہوں نے سونے کا تمغہ حاصل کیاتھا۔