Inquilab Logo Happiest Places to Work

سراج اور کرشنا نے ٹیم انڈیا کو میچ میں برقرار رکھا

Updated: August 02, 2025, 12:05 PM IST | Agency | London

ہندوستانی ٹیم نے اوول ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں ۲۲۴؍رن بنائے۔ سراج اور کرشنا نے انگلش ٹیم کو زیادہ رن بنانے سے روک دیا۔

Fast bowler Mohammad Siraj bowled dangerously. Photo: PTI
تیز گیندبازمحمد سراج نے خطرناک گیندبازی کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں۲۲۴؍ رن پر محدود کرنے کے بعد انگلینڈ نے ۵؍ویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو ۴۸؍ اوور میں ۸؍وکٹ پر ۲۴۲؍رن بنالئے تھے۔ میزبان ٹیم انگلینڈ نے ہندوستان پر ۱۸؍رن کی معمولی برتری حاصل کرلی تھی۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا ۔ میچ کے روکے جانے تک کریز پر انگلینڈ کے ہیری بروک ۴۸؍ رن اور جوش ٹنگ صفر رن بناکر موجود تھے۔ محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کوزیادہ آگے بڑھنے نہیں دیا۔ ان دونوں نے مجموعی طورپر ۷؍وکٹ لئے۔ محمد سراج نے ۳؍ اور پرسدھ کرشنا نے ۴؍وکٹ لئے۔  
 ہندوستان کو۲۲۴؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد جب انگلینڈ نے بلے بازی شروع کی تو جیک کراؤلی اور بین ڈکیٹ کی جوڑی نے محض ۱۲ء۵؍ اوور میں۹۲؍ رن جوڑ ڈالے۔ آکاش دیپ نے بین ڈکیٹ کو وکٹ کیپر دھروو جوریل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کی رفتار پر قابو پانے کی کوشش کی۔
بین ڈکیٹ نے۴۳؍ رن بنائے۔ لنچ تک انگلینڈ نے۱۶؍ اوور میں ایک وکٹ پر۱۰۹؍ رن بنا لیے تھے۔ جیک کراؤلی۶۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان اولی پاپ ۲۲؍ رن پر پویلین لوٹ گئے۔  مضبوط بلے باز جو روٹ ۲۹؍ رن بناکر محمد سراج کا شکار بنے۔ جیکب بیتھل نے ۶؍رن کا تعاون کیا۔ جیمی اسمتھ بھی ۸؍ر ن بناکر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ جیمی اووٹن نے کھاتہ بھی نہیں کھولا اور وہ پرسدھ کرشنا کے شکار بن گئے۔  بارش کے آنے سے قبل گس ایٹکنسن نے کچھ مزاحمت کی اور ۱۶؍ گیندوں پر ۱۱؍رن  بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 
 اس سے قبل گس ایٹکنسن (۵؍ وکٹ) اور جوش ٹنگ (۳؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے۵؍ویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو پہلے سیشن میں ہندوستانی  ٹیم کو پہلی اننگز میں ۲۲۴؍رن  کے اسکور پر سمیٹ دیا۔
 ہندوستان کی اننگز۲۲۴؍ رن پر سمٹ گئی ۔ اس میچ میں نہ تو بین اسٹوکس موجود تھے اور نہ ہی کرس ووکس، جو زخمی ہونے کی وجہ سے مزید گیند بازی نہیں کر سکے، پھر بھی انگلینڈ کی ٹیم نے اچھی کارکردگی  پیش کی ہے ۔  اب جیسا کہ پچ کا رویہ ہے، اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ اگر ہندوستانی گیند باز بھی ۵؍ میٹر کے قریب گیند بازی کریں گے تو انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔ اب دیکھنا ہوگا کہ ہندوستانی گیند باز کس طرح جواب دیتے ہیں۔ہندوستان نے جمعرات  کے ۶؍ وکٹ پر ۲۰۴؍  رن سے آگے کھیل شروع کیا۔ جمعہ کی  صبح کے سیشن میں اسکور میں۱۴؍ رن کا اضافہ ہوا تھا کہ جوش ٹنگ نے کرون نائر(۱۰۹؍گیندوں پر ۵۷؍رن) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہندوستان کو ساتواں دھچکا دیا۔ اگلے ہی اوور میں گس ایٹکنسن نے واشنگٹن سندر (۲۶؍رن)  کو اپنا شکار بنا لیا۔ اسکے بعد گس ایٹکنسن نے گیندبازوںمحمد سراج اور پرسدھ کرشنا کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیج  دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK