Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسمرتی مندھانا ٹائم میگزین کی ۲۰۲۶ء کی کھیل شخصیات کی فہرست میں شامل

Updated: June 16, 2026, 9:23 PM IST | New York

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا کو منگل کو جاری ہونے والی ٹائم میگزین کی۲۰۲۶ء کی کھیلوں کی دنیا کی ۱۰۰؍ ممتاز شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

Smriti Mandhana.Photo:X
اسمرتی مندھانا۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا کو منگل کو جاری ہونے والی ٹائم میگزین کی۲۰۲۶ء کی کھیلوں کی دنیا کی ۱۰۰؍ ممتاز شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔۲۹؍سالہ اسمرتی مندھانا اس سال اس فہرست میں شامل ہونے والی واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ یہ فہرست ان کھلاڑیوں، کوچز، لیڈروں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم افراد کی عزت افزائی کرتی ہے جو عالمی کھیلوں کے منظرنامے کو نئی شکل دے رہے ہیں۔
اس سال اسمرتی مندھانا کا نام عالمی کھیلوں کی نامور شخصیات، بشمول باسکٹ بال لیجنڈ لیبرون جیمز، فٹبال کے عظیم ستاروں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو، ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز اور جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹیمبا باووما کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔یہ اعزاز مندھانا کے کریئر کے ایک اور شاندار دور میں شامل ہوگیا ہے۔ رواں سال وہ مرد و خواتین دونوں ہندوستانی کرکٹرز میں ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔


۲۰۱۳ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والی مندھانا اب تک ۱۶۷؍ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں ۴۴۰۱؍ رنز بنا چکی ہیں، جن میں ایک سنچری اور۳۴؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ٹائم میگزین نے اپنی پروفائل میں مندھانا کی متعدد اہم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا’’مندھانا کو انفرادی ریکارڈز سے زیادہ ٹیم کو ملنے والے ان اعزازات پر فخر ہے جو وہ مسلسل اپنے نام کر رہی ہیں۔ انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کی قیادت کرتے ہوئے ۲۰۲۴ء اور۲۰۲۶ء میں ویمنز پریمیئر لیگ کے ٹائٹل جتائے، جبکہ گزشتہ برس ہندوستان کی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ فتح میں نائب کپتان کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: اسپین اوربلجیم سمیت بڑی ٹیموں کے چاروں میچ ڈرا


میگزین کے مطابق۲۰۲۴ءمیں مندھانا نے ایک خاتون کرکٹر کے طور پر بین الاقوامی کرکٹ کی تمام فارمیٹس میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، جسے انہوں نے اگلے سال خود ہی بہتر بنا دیا۔ اسی شاندار کارکردگی کے باعث انہیں بی بی سی انڈین اسپورٹس وومن آف دی ایئر ۲۰۲۵ء کا اعزاز بھی ملا۔

یہ بھی پڑھئے:فلسطین: محمود عباس نے صدارتی انتخابات کا اعلان کردیا


۲۰۲۵ء کے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں مندھانا ہندوستان کی سب سے کامیاب بلے باز رہیں۔ انہوں نے نو میچوں میں ۴۳۴؍ رنز بنائے، جن میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔یہ کسی ایک ویمنز ورلڈ کپ ایڈیشن میں کسی ہندوستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ہے، جس کے ذریعے انہوں نے میتھالی راج کے ۲۰۱۷ء میں قائم کردہ ۴۰۹؍ رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ خواتین کرکٹ کی بہترین بلے بازوں میں شمار کی جانے والی اسمرتی مندھانا دو مرتبہ آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK