• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ کو شکست دے کرجنوبی افریقہ خواتین کے ایک روزہ عالمی کپ کے فائنل میں

Updated: October 30, 2025, 3:58 PM IST | Guwahati

کپتان لورا ولوارڈٹ (۱۶۹؍رن) کی سنچری اننگز اور میریزان کپ (۴۲؍ رن اور ۵؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے بدھ کو ون ڈے خواتین ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ۱۲۵؍ رن سے شکست دے دی۔

South African Team.Photo:PTI
جنوبی افریقی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

کپتان لورا ولوارڈٹ (۱۶۹؍رن) کی سنچری اننگز اور میریزان  کپ (۴۲؍ رن اور ۵؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے بدھ کو ون ڈے خواتین ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ۱۲۵؍ رن سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ۱۶۹؍ رنز کی شاندار سنچری اننگز کھیلنے والی لورا ولوارڈٹ  کوپلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔ 
۳۱۹؍رن  کے بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے محض ایک رن پر اپنی ابتدائی ۳؍ وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد کپتان نیٹ سکیور برنٹ اور ایلس کیپسی نے چوتھے وکٹ کے لیے۱۰۷؍ رنز جوڑے۔ سن لوئس نے۲۳؍ویں اوور میں ایلس کیپسی (۵۰؍رن ) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد بلے  بازی کرنے آئیں ڈینیئل وائرٹ نے سکیور برنٹ کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران میریزان کپ نے۲۹؍ویں اوور میں نیٹ سکیور برنٹ (۶۴؍رن ) کو آؤٹ کر کے میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط کر دی۔ وائرٹ (۳۴؍رن) کو ڈی کلرک نے آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے بلے باز جنوبی افریقہ کی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور وکٹیں گنواتے رہے۔ ۴۳؍ویں اوور کی تیسری گیند پر این  ڈی کلرک نے لنسی اسمتھ (۲۷؍رن ) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی اننگز۱۹۴؍رن پر ختم کر دی۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے، جہاں اس کا سامنا ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے میریزان کپ نے ۲۰؍ رنز کے عوض ۵؍ وکٹیں حاصل کئے۔ این ڈی کلرک نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ آیا بونگا کھاکا، این ملابا اور سن لوس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کپتان لورا وولوارڈ کی شاندار سنچری (۱۶۹؍رن)  کی بدولت جنوبی افریقہ نے بدھ کو ون ڈے ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ۵۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۳۱۹؍ رن کا مضبوط مجموعہ بنا لیا۔ انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے، جنوبی افریقہ کی اوپننگ جوڑی لورا وولوارٹ اور ٹیزمین برٹس نے شاندار آغاز کیا، پہلے وکٹ کے لیے ۱۱۶؍رن کا اضافہ کیا۔ سوفی ایکل اسٹون نے ۲۳؍ ویں اوور میں ٹیزمین برٹس کو بولڈ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔ ٹیزمین برٹس نے ۶۵؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۴۵؍ رنز بنائے۔

اسی اوور میں ایکل اسٹون نے اینیکا بوش (صفر) کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کا تیسرا وکٹ نیٹ سکیور برنٹ نے حاصل کیا جب سن لوئس (ایک ) کو۲۶؍ویں اوور میں کرس ہیمس ورتھ نے بولڈ کیا۔ بیٹنگ کے لیے  آنے والی  میریزان  کپ نے ایک بار پھر لورا وولوارٹ کے ساتھ اننگز کو مستحکم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے  وکٹ کیلئے ۷۲؍ رنز جوڑے، اس دوران وولوارٹ نے اپنی سنچری مکمل کی۔ سوفی ایکل اسٹون نے  ۱۳۷؍ ویں اوور میں  میریزان  کپ کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ 

میریزان  کپ نے۳۳؍ گیندوں پر۴؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۴۲؍ رنز بنائے۔ سینالو جفتا (ایک) اور اینری ڈارکسن ۴؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس دوران لورا وولوارٹ نے ایک سرے کو تھام لیا اور تیزی سے اسکور کرنا جاری رکھا۔۴۸؍ویں اوور میں لارین بیل نے وولوارڈ کو ایلس کیپسی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ لورا وولوارٹ نے۱۴۳؍ گیندوں پر۲۰؍ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے۱۶۹؍ رنز بنائے۔ یہ ورلڈ کپ میں کسی بھی جنوبی افریقی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ چلو ٹریون نے ۴۹؍ ویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر جنوبی افریقہ کو۳۰۰؍رن تک پہنچا دیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ ۵۰؍اوورز میں سات وکٹوں پر ۳۱۹؍ رنز بنائے۔  کلو ٹرایون ۲۶؍ گیندوں پر ۳۳؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ ناڈین ڈی کلرک نے ۶؍ گیندوں پر۱۱؍ رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکل اسٹون نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ لارین بیل نے دو وکٹیں لیں۔ نیٹ سکیور برنٹ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK