Inquilab Logo

جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچا

Updated: June 24, 2024, 9:48 PM IST | North Sound

تبریز شمسی (۳؍ وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی اور اس کے بعد ٹرسٹن اسٹبس (۲۹؍رن) اور ہینرک کلاسن (۲۲؍رن) کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

South Africa Team. Photo:PTI
جنوبی افریقہ کی ٹیم۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

تبریز شمسی (۳؍ وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی  اور اس کے بعد ٹرسٹن اسٹبس (۲۹؍رن) اور ہینرک کلاسن (۲۲؍رن) کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے سپر ایٹ گروپ دو کے بارش سے متاثرہ  میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
سر ویوین رچرڈس اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی  کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ۱۳۶؍رن کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کی اننگز میں بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس رول کے تحت ۳؍ اوور کم کرکے۱۷؍ اوورس میں۱۲۳؍ رن کا ہدف کر دیا گیا۔ جسے جنوبی افریقہ نے۱۶ء۱؍ اوور میں۷؍ وکٹوں پر  ۱۲۴؍ رن بنا کر حاصل کر لیا۔ویسٹ انڈیز نے روسٹن چیز (۵۲؍رن) کی نصف سنچری اور کائل میئرس کی (۳۵؍رن) کی اننگز کی بدولت۸؍ وکٹ پر۱۳۵؍ رن بنائے تھے۔ روسٹن نے۳۹؍ گیندوں پر۵۲؍ رن کی شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں یہ ان کی پہلی اور ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کریئر کی دوسری نصف سنچری ہے۔ آندرے رسل  ۲۵؍رن  اور الزاری جوزف   نے ناٹ آؤٹ ۱۱؍   رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے ۶؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
۱۳۶؍رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ دو اوورس کے بعد بارش آنے سے جنوبی افریقہ ٹیم کو۱۷؍ اوورس میں ۱۲۳؍ رن  کا نظرثانی  ہدف ملا۔ ایک وقت جنوبی افریقہ نے ۴۲؍رن کے اسکور تک اپنے ۳؍ وکٹ گنوادیئے تھے۔ ریزا ہینڈرکس صفر ، کوئنٹن ڈی کاک  ۱۲؍رن  اور کپتان ایڈن مارکرم  ۱۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس ۲۷؍ گیندوں پر ۲۹؍رن، ہینرک کلاسن۱۰؍ گیندوں پر۲۲؍رن اور مارکو جانسن نے۱۴؍ گیندوں پر ناقابل شکست ۲۱؍رن کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے۱۶ء۱؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۱۲۴؍ رن بناکرمیچ ۳؍ وکٹ سے جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ آندرے رسل اور الزاری جوزف نے ۲۔۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK