• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل ڈراز کے طریقہ کار کا اعلان

Updated: November 26, 2025, 5:13 PM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے فائنل ڈراز کے طریقہ کار کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے جس کے تحت ۵؍ دسمبر کو شریک ٹیموں کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ ٹرافی جیتنے کے لیے انہیں کس راستے پر چلنا ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل نیو یارک، نیو جرسی میں اتوار ۱۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو کھیلا جائے گا۔

Fifaworldcup.Photo:INN
فیفا ورلڈکپ۔ تصویر:آئی این این

 فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے فائنل ڈراز کے طریقہ کار کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے جس کے تحت ۵؍ دسمبر کو شریک ٹیموں کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ ٹرافی جیتنے کے لیے انہیں کس راستے پر چلنا ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل نیو یارک، نیو جرسی میں اتوار ۱۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو کھیلا جائے گا۔فیفا کی تاریخ کے پہلے ۴۸؍ ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے آغاز میں ۲۰۰؍ دن سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ 
اس میگا ایونٹ کے لیے  ۱۲؍ گروپس (ہر ایک میں چار ٹیمیں) کی تشکیل کا عمل واشنگٹن ڈی سی کے معروف جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس میں انجام دیا جائے گا جہاں کوالیفائیڈ اور زیر غور ٹیموں کے کوچز اور آفیشلز شریک ہوں گے۔فیفا کے اعلان کے مطابق میزبان ممالک کنیڈا، میکسیکو اور امریکہ کو پوٹ وَن  میں رکھا جائے گا جبکہ باقی۳۹؍ کوالیفائیڈ ٹیموں کو فیفا/کوکا کولا مینز ورلڈ رینکنگ (جاری شدہ ۱۹؍ نومبر  ۲۰۲۵ء) کے مطابق چار پوٹس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے دو پلے آف مقامات اور یورپ کے ۴؍ پلے آف پلیس ہولڈرس کو پوٹ ۴؍ میں شامل کیا گیا ہے۔پوٹ وَن  میں کنیڈا، میکسیکو، امریکہ، اسپین، ارجنٹائنا ، فرانس، انگلینڈ، برازیل، پرتگال، نیدرلینڈز، بلجیم، جرمنی، پوٹ۲؍ میں کروشیا، مراکش، کولمبیا، یوروگوئے، سوئٹزرلینڈ، جاپان، سینیگال، ایران، جنوبی کوریا، ایکواڈور، آسٹریا، آسٹریلیا،پوٹ ۳؍ میں ناروے، پناما، مصر، الجزائر، اسکاٹ لینڈ، پیراگوئے، تیونس، آئیوری کوسٹ، ازبکستان، قطر، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، پوٹ ۴؍ میں اُردن، کیپ وردے، گھانا، کیوراسائو، ہیتی، نیوزی لینڈ، یورپی پلے آف اے ، بی ، سی ، ڈی اور فیفا   پلے آف ٹورنامنٹ  ایک اور دو  میں شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:امریکہ: آئی سی ای کے حراستی کیمپ میں ریکارڈ ۶۵؍ ہزارسے زائد تارکین وطن قید

قرعہ اندازی کا آغاز پوٹ وَن  سے ہوگا جہاں ٹیمیں گروپ  اے  سے ایل میں شامل کی جائیں گی، اس کے بعد باری باری پوٹ۲،۳؍  اور۴؍ کی ٹیموں کو گروپس میں رکھا جائے گا۔میزبان ممالک کو مختلف رنگوں کی گیندوں سے مخصوص پوزیشن دی جائے گی۔ میکسیکو کو اے وَن (سبز)، کنیڈا کو  بی وَن  (سرخ) اور امریکہ کو ڈی وَن  (نیلا) پوزیشن دی جائے گی۔ باقی ٹاپ رینکڈ ٹیمیں اپنے اپنے گروپ کی پہلی پوزیشن پر خودکار طور پر فٹ ہوں گی۔ 
مسابقتی توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ فیفا رینکنگ کی سرفہرست ۴؍ ٹیمیں (اسپین، ارجنٹائنا، فرانس اور انگلینڈ) سیمی فائنلز کے مختلف راستوں میں رکھی جائیں گی تاکہ وہ فائنل سے قبل آمنے سامنے نہ آئیں۔اصولی طور پر ہر گروپ میں ایک ہی کنفیڈریشن کی ایک سے زیادہ ٹیم شامل نہیں ہوگی، سوائے یورپی ٹیموں (یو ای ایف اے) کے جن کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ہر گروپ میں زیادہ سے زیادہ دو یورپی ٹیمیں شامل ہو سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:خواتین کیلئے گھر سب سے خطرناک جگہ: اقوام متحدہ کی چونکا دینے والی رپورٹ

فائنل ڈراز کے ایک روز بعد سنیچر۶؍ دسمبر کو میچز کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا جس میں ہر میچ کے لیے اسٹیڈیم اور کک آف کا وقت بھی شامل ہوگا۔ اس عمل کا مقصد دنیا بھر کے شائقین اور ٹیموں کے لیے بہتر حالات اور موافق اوقات کو یقینی بنانا ہے۔فیفا کے مطابق تفصیلی ڈراز طریقہ کار فیفا کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK