ایڈن مارکرم یکروزہ ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے۔ ڈیوڈ اور برجرٹیم میں شامل ۔ ٹیمبا باؤما اور ربادا ٹیم انڈیا کے خلاف یکروزہ اور ٹی ۲۰؍ سیریزنہیں کھیلیں گے۔
EPAPER
Updated: December 05, 2023, 11:09 AM IST | Agency | Pretoria
ایڈن مارکرم یکروزہ ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے۔ ڈیوڈ اور برجرٹیم میں شامل ۔ ٹیمبا باؤما اور ربادا ٹیم انڈیا کے خلاف یکروزہ اور ٹی ۲۰؍ سیریزنہیں کھیلیں گے۔
ٹی۲۰؍ کپتان ایڈن مارکرم ون ڈے کپتان ٹیمبا باؤما کے بجائے جنوبی افریقہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور تیز گیند باز کگیسو ربادا کو اس ماہ کے آخر میں ہندوستان کے خلاف وہائٹ بال سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔
جیرالڈ کوٹزی، مارکو جینسن اور لونگی اینگیڈی صرف پہلے ۲؍ ٹی ۲۰؍ میں کھیلیں گے۔ اس عرصے کے دوران باؤما، ربادا، کوٹزی، جینسن اور اینگیڈی ٹیسٹ کی تیاری کیلئے ۱۴؍ سے۱۷؍ دسمبر تک ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔
ٹریسٹن اسٹبس کو پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ان کے ساتھ بلے باز ڈیوڈ بیڈنگھم اور تیز گیندباز برجر بھی شامل ہیں ، یہ دونوں آئندہ فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں ۔ گزشتہ موسم گرما میں ہینرک کلاسن کو ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کئے جانے کے بعد وکٹ کیپر کائل ویرین اور تیز گیند باز لونگی اینگیڈی دونوں لوٹ رہے ہیں ۔ اینریچ نورٹجے، جو کمر کے نچلے حصے میں تناؤ کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے، تمام فارمیٹس میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
آئی پی ایل کے دوران روشنی میں آنے والے ٹرسٹن اسٹبس کو پہلی بار جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔۲۳؍ سالہ اسٹبس پہلے ہی جنوبی افریقہ کے لئے ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ کرکٹ کھیل چکے ہیں ، سال کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ اے کے لئے سنچری بنائی اور اب ریڈ بال کرکٹ میں اپنے لئے جگہ بنا لی ہے۔
مزید برآں وکٹ کیپر کائل ویرائن کو ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے اس سال کے شروع میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔ٹیمبا باؤ ما اور کگیسو ربادا ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ ان کھلاڑیوں کا مقصد حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ سے صحت یاب ہونے کے علاوہ ہندوستان کے خلاف۲۶؍ دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ اسائنمنٹ پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا ٹی۲۰؍ میچ۱۰؍ دسمبر کو ڈربن میں کھیلے گی، دوسرا ٹی۲۰؍ ۱۲؍ دسمبر کو گکیبرہا میں اور تیسرا ٹی ۲۰؍۱۴؍ دسمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ون ڈے ۱۷؍ دسمبر کو جوہانسبرگ، دوسرا ون ڈے۱۹؍ دسمبر کو گکبیرہا اور تیسرا ون ڈے۲۱؍ دسمبر کو پارل میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز۲۵؍ دسمبر سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ۳؍ جنوری ۲۰۲۴ءکو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جنوبی افریقہ کے دورے کے لئے ون ڈے اور ٹی۲۰؍کے لئے الگ الگ کپتان بناتے ہوئےتینوں فارمیٹس میں ٹیم کا اعلان کیاتھا ۔ بورڈ نے کے ایل راہل کو ون ڈے ٹیم کا کپتان اور سوریہ کمار یادو کو ٹی۲۰؍ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جبکہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹی ۲۰؍ اور ون ڈے میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی تاہم بورڈ نے روہت شرما کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور جسپریت بمراہ کو نائب کپتان بنایا تھا۔
ہندوستان کو۲۰؍ دسمبر سے شروع ہونے والے جنوبی افریقہ کے دورے پر ۳؍ ٹی ۲۰، ۳؍ ون ڈے اور ۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہیں۔ بورڈ نے سوریہ کمار یادو کو ٹی۲۰؍ فارمیٹ کےلئے کپتان مقرر کیا ہے۔ اس فارمیٹ میں نائب کپتان رویندر جڈیجا ہوں گے جبکہ رتوراج گائیکواڑ تینوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں ہندوستانی ٹیم نے سوریہ کمار یادو کی قیادت میں آسٹریلیا کو ٹی ۲۰؍ سیریز میں ۱۔۴؍ کے فرق سے شکست دی ہے، اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف اس کا حوصلہ بہت بلند ہے اور وہ اسے بھی ہرانا چاہے گی۔