عالمی کپ کے باقاعدہ آغاز سے محض چند روز قبل، ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک، اسپین نے اپنے آخری وارم اپ میچ میں پیرو کو۱۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنی تیاریوں کا لوہا منوا لیا۔
EPAPER
Updated: June 09, 2026, 6:03 PM IST | Mexico City
عالمی کپ کے باقاعدہ آغاز سے محض چند روز قبل، ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک، اسپین نے اپنے آخری وارم اپ میچ میں پیرو کو۱۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنی تیاریوں کا لوہا منوا لیا۔
عالمی کپ کے باقاعدہ آغاز سے محض چند روز قبل، ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک، اسپین نے اپنے آخری وارم اپ میچ میں پیرو کو۱۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنی تیاریوں کا لوہا منوا لیا۔ پوئبلا کے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقینِ فٹبال کو ہسپانوی ٹیم کی اس جاندار کارکردگی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے سنسنی خیز مقابلوں کی ایک شاندار جھلک دکھا دی ہے۔
میچ کی سیٹی بجتے ہی ہسپانوی فارورڈز حریف ٹیم پر ٹوٹ پڑے۔کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں میکل اویارزابال نے ڈی باکس کے کنارے سے ایک انتہائی تیز رفتار اور زوردار ہٹ لگا کر گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اسپین کو ۰۔۱؍گول کی برتری دلا دی۔میچ کے تیسویں منٹ کے بعد، اسٹار مڈفیلڈر پیڈری نے فیران ٹوریس کے بہترین کراس کو خالی نیٹ میں دھکیلتے ہوئے ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کے موشن پوسٹر میں تقسیم کے درد کو دکھایا گیا
دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی اسپین کو اس وقت تیسری کامیابی ملی جب یریمی پینو کے ایک خطرناک پاس نے پیرو کے گول کیپر پیڈرو گالیسی کو غلطی کرنے پر مجبور کیا، اور گیند گول پوسٹ میں چلی گئی۔
۳؍ گول کے خسارے میں جانے کے بعد پیرو کے کھلاڑیوں نے کھیل میں واپسی کی کوشش کی۔ میچ کے آخری لمحات میں جائرو ویلیز نے ایک لو فنش (شاندار زمینی شاٹ) کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچا کر پیرو کا کھاتہ کھولا اور اسکور ۱۔۳؍گول کر دیا۔پوئبلا کا پورا اسٹیڈیم ورلڈ کپ کے سحر میں جکڑا نظر آیا۔ تماشائیوں کی بڑی تعداد اسپین اور بارسلونا کی جرسیوں میں ملبوس تھی، جو ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کے اسکواڈ میں بارسلونا کے کھلاڑیوں کی مضبوط نمائندگی کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کیا امریکہ اب بھی عظیم ہے؟ ایک چوتھائی شہریوں نے اسے دنیا کا بہترین ملک قرار دیا
میچ کے دوران جب بھی پیڈری، روڈری اور فیران ٹوریس کے پاس گیند آئی، اسٹیڈیم شائقین کے نعروں سے گونج اٹھا۔ شائقین نے اسٹیڈیم میں روایتی میکسیکن ویو بنا کر ماحول کو مزید جاندار بنا دیا۔ اگرچہ اسٹیڈیم میں پیرو کے حامیوں کی تعداد کم تھی، لیکن انہوں نے پورے میچ کے دوران اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔