Inquilab Logo Happiest Places to Work

موجودہ دور کی کامیاب خواتین..... خواب سے کامیابی تک کا سفر

Updated: August 19, 2026, 4:48 PM IST | Momin Rizwana Muhammad Shahid | Mumbai

آج کی دنیا میں ایسی بے شمار خواتین ہیں جنہوں نے نامساعد حالات، معاشرتی رکاوٹوں، ناکامیوں اور تنقید کے باوجود اپنے خوابوں کا تعاقب جاری رکھا۔ ان کی پیش رفت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ کامیابی کے لئے ذہین ہونا ضروری نہیں بلکہ حوصلہ، مسلسل محنت، خود اعتمادی اور ناکامی سے سیکھنے کا جذبہ ضروری ہے۔ یہاں موجودہ دور کی دس بااثر اور کامیاب خواتین کے حوصلہ افزاء اقوال اور ان سے ملنے والا درس ملاحظہ کیجئے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

اندرا نوئی .... محنت اور قیادت

ہند نژاد امریکی بزنس وومن اندرا نوئی نے عالمی کاروباری دُنیا میں اپنی شناخت قائم کی اور اعلیٰ قیادت کے منصب تک پہنچیں۔ ان کی زندگی کا ایک اہم سبق ہے: ’’کامیابی کے ساتھ اپنی اقدار کو قائم رکھنا بھی ضروری ہے۔‘‘دُنیا کی طاقتور ترین خواتین میں سے ایک اندرا نوئی کی مثال ہمیں بتاتی ہے کہ عورت ایک بہترین پیشہ ور ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں اور اصولوں کو بھی اہمیت دے سکتی ہے۔

سرینا ولیمز .... خود پر یقین

امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے کھیل کے میدان میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی زندگی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کی مثال ہے۔ ان کا پیغام ہے: ’’خود پر یقین رکھیں، چاہے کوئی اور آپ پر یقین نہ کرے۔‘‘ کتنی ہی لڑکیاں صرف اس لئے اپنے خواب چھوڑ دیتی ہیں کہ کوئی ان کی صلاحیت کو تسلیم نہیں کرتا۔ سرینا کی مثال سکھاتی ہے کہ سب سے پہلے ہمیں خود اپنی صلاحیت پر یقین کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: ماحولیاتی تحفظ کیلئے خواتین کا کردار اہمیت رکھتا ہے

جے کے رولنگ .... مشکل وقت ہمیشہ نہیں رہتا

برطانوی ناول نگار جے کے رولنگ نے مشکلات اور ناکامیوں کے باوجود لکھنے کا سفر جاری رکھا اور دنیا کی معروف خاتون قلمکاروں میں شامل ہوئیں۔ ان کی زندگی کا ایک خوبصورت سبق ہے: ’’حقیقی زندگی میں مَیں جادو پر یقین نہیں رکھتی۔‘‘زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مسلسل محنت کرنی پڑتی ہے۔ جادو (میجک) صرف افسانوی دُنیا میں ہوتے ہیں حقیقی زندگی میں نہیں۔

پروفیسر فیلیس جیکا .... منفرد کرنے کی چاہت

آسٹریلیا کی نامور سائنسدان پروفیسر فیلیس جیکا نے  یہ ثابت کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے کہ انسان کی خوراک اور غذا کا اس کی ذہنی صحت، ڈپریشن اور پریشانی پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ اُن کا پیغام ہے کہ: ’’آپ کی خوراک آپ کے دماغ کیلئے ایندھن ہے۔‘‘ پروفیسر فیلیس جیکا نے اپنی تحقیق کے ذریعہ سائنس کے شعبہ میں نمایاں کام انجام دیا ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ کوئی کام مشکل نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر ریشما کیول رامانی .... مریضوں کی خدمت

ہند نژاد امریکی ڈاکٹر ریشما کیول رامانی، ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کی صدر اور سی ای او ہیں۔ وہ امریکہ کی کسی بھی بڑی بائیوٹیک کمپنی کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔ اُن کا پیغام ہے کہ: ’’زندگی اور سائنس کا اصل مقصد انسانی مصائب کا حل تلاش کرنا اور مریضوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔‘‘ ڈاکٹر ریشما کیول رامانی کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ نظم و ضبط کامیابی کی بنیاد ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’اینالاگ پنیر‘ کیا ہے اور اِسے کیوں نہیں کھانا چاہئے؟

کرن مزومدار شا .... اپنی راہ خود بنائیں

ہندوستان کی بزنس وومن کرن مزومدار شا نے ملک کے بائیو ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک کامیاب کاروباری سفر شروع کیا اور عالمی سطح پر اپنا مقام بنایا۔ وہ کہتی ہیں: ’’مَیں کبھی ہار نہ ماننے پر یقین رکھتی ہوں، چاہے کچھ بھی ہو۔‘‘ ان کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ اگر کسی میدان میں راستہ پہلے سے موجود نہ ہو تو اپنی محنت اور صلاحیت سے نیا راستہ بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہار کے ڈر سے محنت کرنا چھوڑنا نہیں چاہئے۔

میری بارا .... خواب کو مقصد بنائیں

امریکی بزنس وومن میری بارا نے عالمی صنعت میں ایک بڑی کمپنی کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون کے طور پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ پیغام دیتی ہیں: ’’اگر آپ ہر کام ایسا کرتے ہیں جیسے آپ اسے اپنی ساری زندگی کرنے جا رہے ہیں، تب ہی آپ کو پہچان ملے گی۔‘‘ ان کی زندگی یہ سکھاتی ہے کہ قیادت صرف عہدے کا نام نہیں بلکہ ذمہ داری، فیصلے کرنے کی صلاحیت اور ٹیم کو آگے لے جانے کا نام ہے۔

شائستہ آصف .... صلاحیتوں کا درست استعمال

پاکستانی نژاد یو اے ای کی میڈیکل شعبے کی نمایاں شخصیت شائستہ آصف ’پیور ہیلتھ‘ کی شریک بانی اور گروپ سی ای او کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ پیغام دیتی ہیں کہ  ہر انسان نہ صرف صحت کی دیکھ بھال بلکہ لمبی عمر تک رسائی کا مستحق ہے۔ شائستہ کی  غیر معمولی اسٹریٹجک صلاحیتیں ان کی کامیابی کی اہم وجہ ہے جو سکھاتی ہیں کہ اپنی صلاحیتوں کا درست استعمال کیسے کرنا چاہئے۔

میلنڈا فرنچ گیٹس .... دوسروں کو آگے بڑھانا

امریکی مخیر اور بزنس وومن میلنڈا فرنچ گیٹس  نے خواتین اور لڑکیوں کے مواقع بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ اُن کا پیغام ہے: ’’وہ خاتون جو آواز بلند کرتی ہے مضبوط ہوتی ہے۔‘‘ ان کے کام سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ کامیابی کا بہترین استعمال صرف اپنی زندگی بہتر بنانے میں نہیں بلکہ دوسروں کیلئے مواقع پیدا کرنے میں بھی ہے۔ بلاشبہ تعلیم یافتہ اور بااختیار خاتون معاشرہ کی سمت بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ملالہ یوسف زئی .... تعلیم کی طاقت

پاکستان کی ملالہ یوسف زئی نے کم عمری ہی میں لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کی اور دنیا بھر میں تعلیم کی علامت بن گئیں۔ ان کا ایک معروف پیغام ہے:’’ایک بچہ، ایک استاد، ایک کتاب اور ایک قلم دنیا بدل سکتے ہیں۔‘‘ملالہ کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ عمر کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ اگر ارادہ مضبوط ہو تو ایک طالبہ کی آواز بھی دنیا بھر میں تبدیلی کی تحریک بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:طلاق کا سارا بوجھ عورت کے کندھوں پر کیوں آتا ہے؟

اِن کامیاب خواتین سے ہمیں اِن ۱۰؍ باتوں کا درس ملتا ہے

خود اعتمادی: اپنی صلاحیت کو پہچاننا کامیابی کا پہلا قدم ہے۔ یہ خوبی کامیابی افراد کو دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔

تعلیم: تعلیم عورت کو صرف روزگار نہیں دیتی بلکہ اسے اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت بھی دیتی ہے۔

مسلسل محنت: بڑی کامیابیاں عموماً ایک دن میں حاصل نہیں ہوتیں۔ ان کے پیچھے برسوں کی محنت ہوتی ہے۔

ناکامی سے سبق: ناکامی انسان کی قابلیت کا آخری فیصلہ نہیں ہوتی۔ یہ دوبارہ کوشش کرنے کا موقع بھی 
ہو سکتی ہے۔

وقت کی قدر: کامیاب لوگ اپنے وقت کو مقصد کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔ یہ خوبی انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔

مثبت سوچ: مشکلات کو دیکھ کر رک جانا آسان ہے، مگر مشکلات کے باوجود آگے بڑھنا ہی اصل کامیابی ہے۔

دوسروں کی مدد: حقیقی کامیابی وہ ہے جس سے دوسروں کی زندگی میں بھی بہتری آئے اور سماج ترقی کرے۔

بڑے خواب: کچھ پانے کیلئے خواب دیکھنا ضروری ہے۔ کامیاب افراد بڑے خواب دیکھتے اور اسے پورا بھی کرتے ہیں۔

پختہ عزم: کامیاب افراد کی سب سے اہم خوبی ان کا پختہ عزم ہوتا ہے۔ جو وہ ٹھان لیں وہ کر گزرتے ہیں۔

مسلسل سیکھنا: یہ خوبی آگے بڑھنے میں مدد کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کامیاب افراد کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK