اسنیہا شرما آج ہندستان کی صف اول کی خواتین ریسنگ ڈرائیورز میں شمار ہوتی ہیں،جو باقاعدگی سے قومی کارٹنگ اور ریسنگ چیمپئن شپ میںحصہ لیتی ہیں۔
EPAPER
Updated: August 02, 2025, 11:51 AM IST | Agency | New Delhi
اسنیہا شرما آج ہندستان کی صف اول کی خواتین ریسنگ ڈرائیورز میں شمار ہوتی ہیں،جو باقاعدگی سے قومی کارٹنگ اور ریسنگ چیمپئن شپ میںحصہ لیتی ہیں۔
اسنیہا شرما آج ہندستان کی صف اول کی خواتین ریسنگ ڈرائیورز میں شمار ہوتی ہیں،جو باقاعدگی سے قومی کارٹنگ اور ریسنگ چیمپئن شپ میںحصہ لیتی ہیں۔ ہندستانی ریسنگ ڈرائیور اسنیہاجو فارمولا-۴- نیشنل ریسنگ چیمپئن شپ کے لئےجانی جاتی ہیں،نےمختلف زمروں میں ریسنگ کر کے خود کو ہندستانی موٹر اسپورٹس کی دنیا میں ایک باوقار مقام دلایا ہے۔ ان کا یہ سفر ایک ایسے لمحے سے شروع ہواجب انہوں نے نئی راہ تلاش کرنے کی ہمت کی، اورموٹر اسپورٹس میں اپنی جگہ بنا لی۔اسنیہا صرف ایک ریسنگ ڈرائیور نہیں، وہ حوصلے، محنت، اور جنون کی مثال ہیں۔ان کا یہ سفر یہ ثابت کرتا ہے کہ اگر جذبہ سچا ہو، تو نہ وسائل کی کمی رکاوٹ بنتی ہے اور نہ ہی صنفی امتیاز۔
اسنیہا شرماکی پیدائش یکم اگست ۱۹۹۰ءکو کولکتہ میںہوئی۔ہائی اسکول اور فلائنگ کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے، اسنیہا نے ۱۷؍سال کی عمر میں ایم آر ایف نیشنل کارٹنگ چیمپئن شپ میں مقابلہ کیا۔ انہوں نےاپنی تعلیم ممبئی کے کینوسا کانوینٹ اسکول سے مکمل کی اور فلائنگ ٹریننگ سان فرانسسکو (امریکہ)، میامی (امریکہ) اور کوالالمپور (ملائیشیا) سےحاصل کی۔اسنیہا کا بچپن ممبئی میں گزرا اور وہ یہیں پلی بڑھیں۔ ان کی محنت اور لگن نے انہیں نہ صرف ریسنگ کے میدان میں بلکہ ہوابازی کے شعبے میں بھی نمایاں مقام دلایا۔ ان کی لگن اتنی گہری تھی کہ اسکول جاتے وقت وہ ناشتہ چھوڑ دیتی تھیں تاکہ وقت اورپیسے بچا کر ٹریک پر مشق کر سکیں۔ ان کی یہ محنت اور جنون انہیں ہر دن ان خواب کے قریب لے جا رہا تھا۔اسنیہا شرما نےمحض ۱۶؍سال کی عمر سے ریسنگ کاآغازکیا۔ ۱۷؍سال کی عمر میں، جب وہ ہائی اسکول اور فلائنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں، انہوں نےایم آر ایف نیشنل کارٹنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ ۲۰۱۰ءمیں انہوں نے کارٹنگ سے باقاعدہ ریسنگ کاروں کی طرف قدم بڑھایا اور جے کے ٹائر نیشنل ریسنگ چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیا۔
پووائی (ممبئی) میں واقع اب بند ہو چکا ریس ٹریک اسنیہا شرما کے ابتدائی خوابوں کی بنیاد تھا۔ یہاںپر میلوں کی پریکٹس اور تکنیکی علم حاصل کرنے کےبعد، اسنیہا نے ہندستان بھر میں چھوٹی چھوٹی چمپئن شپ میں حصہ لینا شروع کیا۔انہی مقابلوں میں ایک موقع پر وہ معروف سابق ریسنگ ڈرائیور ریومندبنجی کی نظر میں آئیں، جو اب ریو ریسنگ کارٹنگ اسکواڈچلا رہے تھے۔ بنجی ان کی مہارت سے بہت متاثر ہوئے اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ نیشنل کارٹنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیں۔ اسنیہا نے یہ مشورہ قبول کیا اور پہلی بار ایک مکمل پیشہ ورانہ سیریز میں قدم رکھا۔
انہوں نے اپنی پہلی فارمولا ریس میں ہی چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ پھر جے کے ٹائر کی طرف سے انہیں اسپانسرشپ کی پیشکش ہوئی، جس کے بعد میں فارمولا۴؍نیشنل چیمپئن شپ میں شامل ہو گئی۔ فارمولاجونیئر ریسنگ ۱۳۰۰؍سی سی کاروں میں انہوں نے۵؍ریس جیتیں، اور پورے چیمپئن شپ میں دوسرا تیز ترین لیپ ٹائم ان کا تھا۔۲۰۱۶ءمیں اسنیہا نےایل جی بی سیریز میں دسویں پوزیشن حاصل کی۔ اب تک وہ مختلف زمروں میں۶؍ریس جیت چکی ہیں اور۱۴؍ مرتبہ رنر اپ رہ چکی ہیں۔ اسنیہا شرما آج کی اُن خواتین کی علامت ہیں جو نہ صرف اپنی حدود توڑتی ہیں بلکہ ہر اُس چیلنج کو قبول کرتی ہیں جو اُن کے خوابوں کی راہ میں آتا ہے۔