• Thu, 25 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر کھیل من سکھ منڈاویہ نے ورلڈ پیرا اتھلیٹک چمپئن شپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا

Updated: September 25, 2025, 1:53 PM IST | Agency | New Delhi

ایونٹ ۲۷؍ ستمبر سے ۵؍ اکتوبر تک نئی دہلی کے جواہر لال نہرواسٹیڈیم میں ہونے والا ہے جس میں۱۰۰؍ سے زائد ممالک کے ایتھلیٹ شریک ہوں گے۔

Union Minister Mansukh Mandaviya at Jawaharlal Nehru Stadium. Photo: Agency
مرکزی وزیر من سکھ منڈاویہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں۔ تصویر: ایجنسی

دارالحکومت  دہلی میں منعقد ہونے والی پہلی اور ایونٹ کے لحاظ سے ۱۲؍ ویں  عالمی پیرا اتھلیٹک چمپئن شپ۲۰۲۵ء میں صرف ۲؍ دن باقی رہ گئے ہیں ۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے منگل کو جواہر لال نہرو (جے ایل این) اسٹیڈیم کا دورہ کرکے اس بڑے ایونٹ کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ یہ اس پیمانے کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے جس سے بین الاقوامی کھیلوں کے مرکز کے طور پر ملک کی پوزیشن مزید مضبوط ہوتی ہے۔ 
 کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت رکشا کھڑسے نے ڈاکٹر منڈاویہ کے ساتھ کھلاڑیوں سے ملاقات اور بات چیت کی۔ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی، پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا (پی سی آئی ) اور وزارت کھیل کے کئی سینئر عہدیداروں نے بھی معائنہ میں حصہ لیا۔ 
 ڈاکٹر منڈاویہ نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں ایکریڈٹیشن سینٹر، میڈیکل سینٹر، نئے تعمیر شدہ وارم اپ ایریا اور مین مونڈو ٹریک جیسےزون شامل تھے جس کا انہوں نے ۲۹؍اگست  کو افتتاح کیا تھا۔ چمپئن شپ کے دوران یہ ٹریک۱۰۰؍ سے زائد ممالک کے دنیا کے چند بہترین پیرا ایتھلیٹ کی میزبانی کرے گا۔ میزبان ملک کے کل۷۳؍ پیرا ایتھلیٹ ٹاپ پوزیشن کے لیے مقابلہ کریں گے۔ 
 معائنہ کے دوران، ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں  ہندوستان بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک قابل اعتماد مقام کے طور پر ابھرا ہے۔ ان کا یہ یقین کہ دنیا ایک خاندان ہے  اوریہ تصور ہمیں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ہندوستانی سرزمین پر اکٹھا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ ۱۰۰؍ سے زیادہ ممالک کی شرکت کے ساتھ، یہ نہ صرف ہندوستان کی میزبانی کا سب سے بڑا پیرا اتھلیٹک ایونٹ ہے، بلکہ یہ ہماری صلاحیت، بھرپور ثقافت اور کھیلوں سے وابستگی کو بھی ظاہر کرتا ہے ۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہر پیرا ایتھلیٹ عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کا تجربہ کرے اور ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں مکمل تعاون محسوس کرے۔ واضح رہے اس ایونٹ میں مجموعی طورپر۱۰۰؍سے زائد ممالک کے کم وبیش ایک ہزار ایتھلیٹ شرکت کرنے والے ہیں۔یہ ایونٹ ۲۷؍ ستمبر سے شروع ہوگا اور۵؍  اکتوبر کو اس کا اختتام ہوگا ۔چمپئن شپ میں۱۸۴؍ ایونٹ ہوں گے جن میں۱۰۰؍ مردوں کے ،۸۳؍ خواتین کے اور ایک مکسڈ ایونٹ ہوگا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK