Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دی

Updated: July 12, 2025, 1:32 PM IST | Agency

ٹی۔۲۰؍ میچ میںکوسل مینڈس کی شاندار ہاف سنچری،میزبان ٹیم سیریز میں ایک صفر سے آگے۔

Kusal Mendis scored a brilliant half-century. Photo: INN
کوسل مینڈس نے شاندار ہاف سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

کوسل مینڈس کی شاندار نصف سنچری (۷۳) کی بدولت سری لنکا نے پہلے ٹی۔۲۰؍میچ میں بنگلہ دیش کو ۶؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکا نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔
 ۱۵۵؍رنوں کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے سلامی بلے بازوں پاتھم نسانکا اور کوسل مینڈس نے شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے۷۸؍ رنوں کی شراکت کی۔ پانچویں اوور میں مہدی حسن  نے پاتھم نسانکا کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ پاتھم نسانکا نے صرف ۱۶؍گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۴۲؍رنوں کی تیزرفتار اننگز کھیلی۔ ۱۳؍ویں اوور میں کوسل پریرا ۲۴؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ۱۸؍ویں اوور میں سری لنکا کا تیسرا وکٹ کوسل مینڈس کے طورپرگرا، جنہوں نے ۵۱؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۷۳؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔سری لنکا نے ۱۹؍ اوور میں ۳؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۵۹؍رن بنا کر میچ ۷؍ وکٹ سے جیت لیا۔ اویشکا فرنانڈو ۱۱؍ اور کپتان چرِت اسالنکا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی طرف سے محمد سیف الدین، مہدی حسن  اور رشاد حسین نے ایک  ایک وکٹ حاصل کیا۔
  اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بنگلہ دیش کے سلامی بلےبازوں پرویز حسین ایمان اور ٹی حسن نے پہلے وکٹ کیلئے۴۶؍  رن جوڑے۔ پانچویں اوور میں نووان تشارا نے  حسن (۱۶) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت داری توڑ دی۔ اس کے بعد آئے کپتان لٹن کمار داس کو جیفری وانڈرسے نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ نویں اوور میں مہیش تھکشانا نے پرویز حسین ایمان (۳۸) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو تیسری کامیابی دلائی۔محمد توحید  ۱۰؍ اور مہدی حسن  ۲۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔بنگلہ دیش نے مقررہ ۲۰؍اوور میں ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۴؍رن بنائے۔محمد نعیم شیخ ۲۹؍رن اور شمیم حسین ۱۴؍رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھکشانا نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ نووان تشارا، داسن شناکا اور جیفری وانڈرسے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK