Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کیلئے ہمیشہ تیار ہے: عباس عراقچی

Updated: July 13, 2025, 4:04 PM IST | Tehran

ایرانی وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی نے کہا کہ اگر امریکہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے تو اسے اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

Abbas Araghchi. Photo: INN.
عباس عراقچی۔ تصویر: آئی این این۔

ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کیلئے ہمیشہ تیار رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔ عراقچی نے ہفتے کے روز غیر ملکی سفیروں اور نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں کہاکہ تاہم، قدرتی طور پر اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اگر بات چیت دوبارہ شروع ہوتی ہے، تو اس سے امریکہ یا دیگر فریقوں کی طرف سے جنگ کی صورت حال پیدا نہیں ہوگی۔ ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نےجناب عراقچی کے حوالے سے کہا کہ حالیہ اسرائیل ایران تنازعہ نے ثابت کر دیا ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات اور اتفاق رائے سے حل تلاش کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے میں اسرائیل کی مدد کر کے اور پھر ایرانی جوہری تنصیبات کو براہ راست نشانہ بنا کر امریکہ نے سفارت کاری اور مذاکرات سے غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے تو اسے اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ : مہینے بھر میں غذائی قلت سے ۶۶؍ بچوں کی موت

عراقچی نے کہا کہ کسی بھی مذاکرات میں ایرانی عوام کے جوہری حقوق کا احترام کرنا چاہئے، بشمول یورینیم کی گھریلو افزودگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں صرف اور صرف ایران کے جوہری پروگرام پر توجہ مرکوز ہونی چاہئے اور اس کی عسکری صلاحیتوں پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تہران کا تعاون رکا نہیں ہے اور اس نے صرف ایک نئی شکل اختیار کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعلقات اب سے ملک کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ذریعہ چلائے جائیں گے، جو حفاظت اور سلامتی کے مسائل پر غور کرنے کے بعد آئی اے ای اے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کا فیصلہ کرے گی۔ 
یکم جولائی کو ایران نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا ایک قانون منظور کیا اور اس ایجنسی کے ساتھ اپنے مستقبل کے تعاون کو ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے بجائے ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ذریعے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK