Updated: July 13, 2025, 5:01 PM IST
| Gaza
فلسطین نے مغربی کنارہ میں غیر قانونی یہودی آبادکاروں کے جرائم روکنے کے لیے بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا، فلسطینی وزارت کے مطابق جمعہ کی شام سنجل قصبے میں غیر قانونی یہودی آبادکاروں کے حملے میں۲؍ فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں ایک امریکی شہری بھی شامل ہے۔
غیر قانونی یہودی آباد کار۔ تصویر: ایکس
جمعہ کی شام شمالی رام اللہ کے قصبے سنجل پر غیر قانونی آبادکاروں کے حملے کے دوران دو نوجوان فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد فلسطینی وزارت خارجہ نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے جرائم روکنے کے لیے بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا۔ متاثرین میں سے ایک ۲۳؍ سالہ سیف الدین کامل عبد الکریم مصلط امریکی شہریت کا حامل ہے جسے غیر قانونی آبادکاروں نے ہلاک کر دیا۔ دوسرامتاثر۲۳؍ سالہ محمد الشلبی سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوا۔ فلسطینی وزارت صحت نے دونوں ہلاکتوں کی تصدیق کی۔وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے معاملے میں دوہرے معیار کا خاتمہ کرے اور مغربی کنارے میں دہشت گرد آبادکار ملیشیا کے جرائم روکنے اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ : مہینے بھر میں غذائی قلت سے ۶۶؍ بچوں کی موت
وزارت نے جمعہ کے حملے کے دوران غیر قانونی آبادکاروں کے فلسطینی گھروں کو نذر آتش کرنے اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی نشاندہی کرتے ہوئے ان جرائم کو ’’منظم ریاستی دہشت گردی‘‘ قرار دیا جو ’’نوآبادیاتی منصوبوں کو وسعت دینے کی اسرائیلی سرکاری پالیسی مسلح آبادکاروں کی سرپرستی اور تحفظ فراہم کرتی ہے۔‘‘وزارت نے زور دیا کہ ’’غیر قانونی آبادکار تنظیموں کو قانونی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، ان کے خلاف مقدمات چلائے جائیں، اور سیاسی و عسکری سرپرستی کرنے والوں پر فوری پابندیاں عائد کرنا اشد ضروری ہے۔‘‘ فلسطینی کمیشن برائے نوآبادیات اور دیوار مزاحمت کے مطابق، ویسٹ بینک میں غیر قانونی آبادکاروں کی تعداد۲۰۲۴ء کے اختتام تک تقریباً ۷؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار تک پہنچ چکی ہے جو۱۸۰؍ غیر قانونی بستیوں اور۲۵۶؍ غیر قانونی چوکیوں (جن میں سے ۱۳۸؍زرعی یا چراگاہی چوکیاں ہیں) میں پھیلے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل نے ۶؍ ہفتوں میں بھکمری کے شکار تقریباً ۸۰۰ ؍افراد کو شہید کردیا: اقوام متحدہ
کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق صرف اس سال پہلے چھ ماہ میں غیر قانونی آبادکاروں کے ۲۱۵۳؍حملے ہوئے جن کے نتیجے میں چار فلسطینی ہلاک ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، غزہ پٹی پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے اب تک ویسٹ بینک میں اسرائیلی فوج اور غیر قانونی آبادکاروں کے ہاتھوں کم از کم۹۹۸؍ فلسطینی شہید جبکہ۷۰۰۰؍ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ گذشتہ سال جولائی میں بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے اپنے تاریخی مشاورتی فیصلے میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم میں تمام آبادیوں کو خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔