Inquilab Logo

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میں مات دی

Updated: March 25, 2024, 8:11 PM IST | Sylhet

کامندو مینڈس کی دونوں اننگز میں شاندار سنچریوں اور پھر کسن راجیتھا کے ۵؍ وکٹ اور وشوا فرنانڈو کے ۳؍ وکٹوں کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پیرکو پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں۱۸۲؍ رن پرسمیٹتے ہوئے۳۲۸؍ رن سے شکست دے دی

Sri Lanka and Banglasesh Test Image. Photo:INN
بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ کی تصویر۔ (تصویر:آئی این این)

کامندو مینڈس کی دونوں اننگز میں شاندار سنچریوں اور پھر کسن راجیتھا کے ۵؍ وکٹ اور وشوا فرنانڈو کے ۳؍ وکٹوں کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو  پیرکو پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز  میں۱۸۲؍ رن پرسمیٹتے ہوئے۳۲۸؍ رن  سے شکست دے دی۔
دوسری اننگز میں۵۱۰؍ رن کے بڑے اسکور کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور اس نے۵۱؍ رن کے اسکور پر ۶؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ اوپنر محمود الحسن جوائے دوسری اننگز میں بھی کچھ نہ کر سکے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نجم شانتو ۶؍ رن، ذاکر حسن۱۹؍ رن، شہادت حسین صفر اور لیٹن کمار داس صفر اور تیج الاسلام ۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مومن الحق اور مہدی حسن معراج نے بنگلہ دیش کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ معراج ۳۳؍ اور شرف الاسلام نے۱۲؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ مومن الحق نے ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ۸۷؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کسن راجیتھا کی ۵؍ وکٹ اور وشوا فرنانڈو کے ۳؍ وکٹوں کی بدولت سری لنکا نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کو۴۹ء۲؍ اوورس میں۱۸۲؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد۳۲۸؍ رن سے میچ جیت لیا۔ لہیرو کمارا نے ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے دھننجے ڈی سلوا ۱۰۲؍رن اور کامندو مینڈس۱۰۲؍ رن کی شاندار اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں۲۸۰؍ رن بنائے تھے۔ تاہم پہلی اننگز میں ان دو بلے بازوں کے علاوہ ٹیم کا کوئی اور بلے باز پچ پر ٹھہر کر نہ کھیل سکا۔ دیموتھ کرونارتنے۱۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کوسل مینڈس۱۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے خالد احمد اور ناہید رانا نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیج الاسلام اور شرف الاسلام نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد بیٹنگ کیلئے  آنے والے بنگلہ دیشی بلے بازوں میں سے کوئی بھی پچ پر ٹھہر کر نہ کھیل سکا۔ ٹیم کی جانب سے تیج الاسلام نے سب سے زیادہ ۴۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔ لیٹن کمار داس ۲۵؍ رن، خالد احمد۲۲؍ رن، شہادت حسین ۱۸؍ رن، شرف الاسلام ۱۵؍ رن، محمود الحسن جوائے۱۲؍ رن اور مہدی حسن   ۱۱؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں۵۱ء۳؍ اوورس میں۱۸۸؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح پہلی اننگز کی بنیاد پر سری لنکا کو ۹۲؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے وشوا فرنانڈو نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ کسن راجیتھا اور لاہیرو کمارا نے ۳۔۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکن ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور اس نے۶۴؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ نشان مدوشکا۱۰؍ رن، کوسل مینڈس ۳؍ رن، انجیلو میتھیوز۲۲؍رن اور دنیش چنڈیمل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ نشان مدوشکا نے۵۲؍ رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ دھننجے ڈی سلوا نے۱۰۸؍ رن اور کامندو مینڈس نے۱۶۴؍ رن کی سنچری اسکور کی اور ٹیم کو بڑی برتری دلائی۔ پربھات جے سوریہ ۲۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں۱۱۰ء۴؍ اوور میں۴۱۸؍ رن کا بڑا اسکور بناکر پہلی اننگز میں۹۲؍ رن کی برتری کی بنیاد پر بنگلہ دیش کو۵۱۰؍ رن کا ہدف دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن معراج نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیج الاسلام اور ناہید رانا نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ شرف الاسلام اور ناہید احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK