Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکن ویمنز ٹیم نے کی نیوزی لینڈ پر شاندار فتح

Updated: March 14, 2025, 9:22 PM IST | Christchurch

مالکی مدارا اور انوشی کی بہترین گیندبازی۔ کپتان چماری اٹاپٹو کی نصف سنچری اننگز۔ سری لنکا نے ۷؍وکٹ سے ٹی ۲۰؍ میچ جیتا

Sri Lanka Women Batsmen.Photo:INN
سری لنکن ویمنز بلے باز۔(تصویر:آئی این این)

 مالکی مدارا (۳؍ وکٹ)، انوشی پریہ درشنی اور کاویشا دلہری (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد کپتان چماری اٹاپٹو (۶۴؍رن) کی دھماکہ خیز نصف سنچری اننگز کی بدولت سری لنکا کی خواتین ٹیم نے جمعہ کو پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں نیوزی لینڈ کو۳۵؍گیند باقی رہتے ہوئے ۷؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکا نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ملکی مدارا کو ان کی عمدہ بولنگ  پر `پلیئر آف دی میچ  کا ایوارڈ دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے۱۰۱؍ رن کے جواب میں بیٹنگ کیلئے  آنے والی کپتان چماری اٹاپٹو اور وشمی گونارتنے کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۴۶؍ رن جوڑے۔ ساتویں اوور میں جیس کیر نے وشمی گنارتنے (۷؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد ہرشیتا سماراوکرما (۲؍ رن) اور کاویشا دلہری ۱۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ تاہم اس دوران چماری اٹاپٹو نے ایک کنارے پر ٹکے رہتے ہوئے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ چماری اٹاپٹونے۴۸؍ گیندوں پر۶۴؍ رن کی فاتحانہ اننگز کھیلی جس میں ۹؍ چوکے اور۲؍ چھکے شامل تھے۔ نیلکشیکا سلوا ۱۲؍رن  بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا نے۱۴ء۱؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ پر۱۰۲؍ رن بنانے کے بعد یہ میچ ۷؍ وکٹ سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کیر نے ۲؍ وکٹ حاصلکئے۔
 اس سے قبل جمعہ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے  آنے والی نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی اور ۷؍ رن کے اسکورپر اس کا پہلا وکٹ گر گیا۔ جارجیا پلمر (۲) اسکور کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے  آئی ایما میکلوڈ نے کپتان سوزی بیٹس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے  وکٹ کیلئے ۳۲؍ رن کی شراکت ہوئی۔ پانچویں اوور میں مدارا نے سوزی بیٹس (۲۱؍ رن) کو۱۴؍ گیندوں پر آؤٹ کر کے اس شراکت   کو توڑا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے باز سری لنکا کے بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور وقفے وقفے سے اپنے وکٹ گنواتے رہے۔ جیس کیر نے ۱۰؍ رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایما میکلوڈ نے سب سے زیادہ (۴۴؍رن) کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے ۸؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ سری لنکن بولنگ اٹیک کے سامنے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم۱۸ء۵؍ اوورس میں۱۰۱؍رن  پر ڈھیر ہو گئی۔  سری لنکا کی جانب سے ملکی مدارا نے۱۴؍ رن  کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ انوشی پریہ درشنی اور کاویشا دلہری نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ چماری اٹاپٹو اور سوگندھیکا کماری نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK