Updated: April 29, 2026, 1:05 PM IST
|
Agency
| Dhaka
پہلےٹی۔۲۰؍میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو ۲۵؍رنوں سے ہرادیا،ہرشیتا کی ہاف سنچری۔
سری لنکن کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
بنگلہ دیش کی بلے باز شورنا اختر کی شاندار پہلی نصف سنچری بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی اور سری لنکا نے ۳؍ میچوں کی ٹی۔۲۰؍ سیریز کے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش کو ۲۵؍ رنوں سے شکست دے کر ایک صفرکی برتری حاصل کر لی ۔ سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم ۱۶۲؍ رنوں کے تعاقب میں مقررہ ۲۰؍اوور میں ۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۶؍ رن ہی بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شورنا اختر نے تن تنہا جدوجہد کرتے ہوئے ۴۵؍گیندوں پر ۶۰؍ رنوں کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں ۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ تاہم دوسرے اینڈ سے کسی کھلاڑی نے ان کا ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے ٹیم ہدف سے کافی دور رہ گئی۔
اس میچ میں بائیں ہاتھ کی اسپنر ناہیدہ اختر نے اپنا ۱۰۰؍واں ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کھیل کر ایک اہم اعزاز حاصل کیا۔ وہ نگار سلطانہ جیوتی کے بعد یہ سنگِ میل عبور کرنے والی دوسری بنگلہ دیشی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۴؍وکٹوں پر ۱۶۱؍ رنوں کا مجموعہ ترتیب دیا جو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ۔۲۰؍میں ان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سری لنکا کی اننگز کی خاص بات ہرشیتا سماراویکرما (۶۱ ؍ رن) اور ایمیشا ڈولانی (۵۵) کی شاندار بلے بازی تھی۔ دونوں کے درمیان ۸۰؍ رنوں کی شراکت داری نے سری لنکا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ کپتان چامری اٹاپٹو نے بھی ۳۲؍رنوں کا تعاون دیا۔
بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں شروع کیا اور افتتاحی بلے باز دلارا اختراور جویریہ فردوس نے محض۳ء۳؍اوور میں ۳۹؍ رن جوڑے۔ لیکن جویریہ کے آؤٹ ہوتے ہی بلے بازی لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف ۱۲؍ گیندوں کے وقفے میں بنگلہ دیش نے ۴؍ اہم وکٹیں گنوا دیں۔ شورنا اختر اور مستری نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے دباؤ نے میزبان ٹیم کو جیت سے محروم کر دیا۔ملکی مدرا، میتھالی ایودھیا اور چامری اٹاپٹو نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا دوسرا میچ اسی مقام پر جمعرات کو کھیلا جائے گا۔