رات کے اندھیرے میں ۸۰؍ مکانات کی تلاشی، ۴۴؍ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، بعد میں چھوڑ دیا گیا، ۳؍ کاریں ضبط۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 1:35 PM IST | Sharjeel Qureshi | Chalisgaon
رات کے اندھیرے میں ۸۰؍ مکانات کی تلاشی، ۴۴؍ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، بعد میں چھوڑ دیا گیا، ۳؍ کاریں ضبط۔
جلگاؤں ضلع میں مکتائی نگر کے بعد چالیس گاؤں تعلقے میں بھی پولیس نے کامبنگ آپریش کیا جس میں بڑے پیمانے ہتھیار ضبط کئے گئے۔پولیس نے اس آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں سے پوچھ تاچھ کی۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری کانت دھیورے کی نگرانی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب بڑے پیمانے پر کامبنگ آپریشن کیا گیا جو رات ۳؍ بجے سے صبح ۶؍ بجے تک جاری رہا۔اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ۸۰؍ ایسے افراد کے یہاں جانچ پڑتال کی گئی جو پہلے سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔تلاشی کے دوران ایک مکان سے ۱۹؍ تلواریں اور ۱۱؍ چاقو سمیت چاقو سمیت کئی مہلک ہتھیار بر آمد ہوئے۔ساتھ ہی ویگن آر ،آڈی،اور ورنا جیسی ۳؍ کاریں بھی ضبط کی گئیں۔ پولیس نے ۴۴؍ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی۔اس سلسلے میں چالیس گاؤں ڈیویژن کے ایڈیشنل ایس پی اشوک نکھتے نے کہا کہ’’اس مہم کا بنیادی مقصد وقتاً فوقتاً مجرمانہ ریکارڈ والے افراد کے خلاف احتیاطی کارروائی کرنا، فعال مجرموں کو پکڑنا اور انکی موجودہ نقل و حرکت کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنا اور ان کے خلاف موصول ہونے والی دیگر مجرمانہ معلومات کی بنیاد پر ضروری قانونی کارروائی کرنا تھا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: پہلی ہی بارش میں انتظامیہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے
بڑے پیمانے پر ہتھیار ضبط
اطلاع کےمطابق پولیس نے چالیس گاوں سٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں بھاری فورس کے ساتھ اچانک کامبنگ آپریشن شروع کیا جس میں پولیس نے متذکرہ بالا تینوں کاریں ضبط کیں جن کی مجموعی قیمت ۳۹؍ لاکھ روپے ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مہم کے دوران پولیس کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس کی بنیاد پر چالیس گائوں کے نوناتھ نگر علاقہ میں آرتی کرن ڈیٹھے (۳۷) نامی خاتون کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ تلاشی کے دوران پولیس کو گھر میں چھپائے گئے تیز دھار ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ پولیس نے ۱۹؍ تلواریں اور ۱۱؍ چاقو سمیت کئی خطرناک ہتھیار برآمد کئے۔ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ ایک گھر میں اسلحہ کا اتنا بڑا ذخیرہ کیوں تھا؟
یہ بھی پڑھئے: دلت-مسلم انکاؤنٹر پر الگ رویہ کیوں؟: جیتن مانجھی
رات کی تاریکی میں ۸۰؍ مکانات کی تلاشی
ایس پی شریکانت دھیورے کے حکم پر پولیس نے چالیس گاوں شہر کے مختلف علاقوں کا بیک وقت محاصرہ کیا۔اس آپریشن میں پولیس نے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے۸۰؍افراد کے گھروں کی تلاشی لی اور ان سے پوچھ تاچھ کی۔ ان میں سے ۴۴؍ کو مزید پوچھ تاچھ کیلئے پولیس اپنے ساتھ تھانے لے گئی۔ حالانکہ پوچھ تاچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
بڑی تعداد میں پولیس فورس کی شرکت
اس خصوصی آپریشن میں چالیس گائوں کے پولیس ڈیویژن کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک نکھتے اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر وجے کمار کی براہ راست رہنمائی میں کیا گیا۔ اس آپریشن میں ایک پولیس انسپکٹر، ایک اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر، ۵؍ پولیس سب انسپکٹر، ۶۰؍پولیس اہلکار، ایل سی بی کی خصوصی ٹیموں اور ۳؍ آر سی پی ٹیموں کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جلگائوں کے مکتائی نگر میں ایسا ہی آپریشن انجام دیا گیا تھا۔