Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹارک نے گیندبازی شروع کی، اکشر کو کرکٹ آسٹریلیا سے جلد اجازت ملنے کی امید

Updated: March 24, 2026, 7:07 PM IST | New Delhi

دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کے ہیڈ کوچ ہیمانگ بدانی نے کہا کہ آسٹریلیائی تیز گیند باز مچل اسٹارک میچ فٹنس حاصل کرنے کے بہت قریب ہیں اور انہوں نے گیند بازی شروع کردی ہے۔

Mitchell Starc.photo:INN
مچل اسٹارک۔ تصویر:آئی این این

 دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کے ہیڈ کوچ ہیمانگ بدانی نے کہا کہ آسٹریلیائی تیز گیند باز مچل اسٹارک میچ فٹنس حاصل کرنے کے بہت قریب ہیں اور انہوں نے گیند بازی شروع کردی ہے  چونکہ ایسا سمجھا جارہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا فی الحال جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز کے ساتھ ہی اسٹارک کے کام کے بوجھ کی بھی نگرانی کر رہا ہے، اس لیے اسٹارک آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے ابتدائی مرحلے سے محروم رہیں گے۔
بدانی نے کہاکہ ’’ہم مچل اسٹارک اور متعلقہ بورڈز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے گیندبازی شروع کردی ہے اور حال ہی میں ایک سیشن بھی کیا ہے۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ جب تک کرکٹ آسٹریلیا انہیں این او سی نہیں دیتا یا ان کی دستیابی کی تصدیق نہیں کرتا، اس وقت تک ہم بطور فرنچائز زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔ ایک بار جب ہمیں اجازت مل جائے گی، تو واضح ہوجائے گا کہ وہ کب تک اسکواڈ سے جڑیں گے اور ہم پھر اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں گے۔‘‘ 
ڈی سی کے پاس دیگر تیز گیندبازی آپشن میں کائل جیمیسن، لونگی نگیڈی اور دشمنتھا چمیرا دستیاب ہیں۔ تاہم، یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ اسٹارک کی کمی کیسے پر کرتے ہیں، اسٹارک نے گزشتہ سیزن میں ۱۱؍ میچوں میں ۱۴؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کپتان اکشر پٹیل نے کہاکہ ’’اگر اسٹارک جلد دستیاب نہیں ہوتے ہیں، تو ہمیں اس کے مطابق ٹیم کے کمبی نیشن کے بارے میں ضرور سوچنا پڑے گا۔ ہم ایک دیگر بائیں ہاتھ کے متبادل کے ساتھ جائیں گے یا صرف دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ توازن بنانے کی کوشش کریں گے، یہ فیصلہ کنڈیشنز کے مطابق اور مخالف ٹیم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خاص طور پر ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں، کمبی نیشن ہمیشہ توازن کے بارے میں ہوتا ہے۔ اگر انہیں  اجازت مل جاتی ہے تو وہ پہلا مقابلہ کھیلنے کے لیے دستیاب ہوسکتے ہیں، اس لیے ہم ان کی دستیابی کے امکان کو درکنار نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھئے:رنویر سنگھ کی فلم ’’دُھرندھر۲‘‘ پر پابندی لگانے کا مطالبہ


ڈی سی کو اسٹارک کی دستیابی کے بارے میں اس لیے بھی امید ہے کیونکہ لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے خلاف ان کا پہلا مقابلہ یکم اپریل کو ہے۔ اسٹارک کو ڈی سی نے ۲۰۲۶ء کی نیلامی سے قبل۱۱ء۷۵؍ کروڑ روپے  میں برقرار رکھا تھا۔ وہ ایشز میں آسٹریلیا کے اہم گیند باز تھے، جنہوں نے پانچوں ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے  اور آسٹریلیا کی ۱۔۴؍ سے فتح میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے جنوری میں آخری میچ  بی بی ایل میں سڈنی سکسرز کے لیے کھیلا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:کائلیان ایمباپے کی فٹنیس اور ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں شرکت ؟


 ابھی آسٹریلیا کے تیز گیند بازوں کے ورک لوڈ پر کڑی نظر رکھی جائے گی، کیونکہ اگست ۲۰۲۶ء سے جولائی۲۰۲۷ء کے درمیان آسٹریلیا کو کل۲۱؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں، جس میں دسمبر اور جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار ہفتوں کے دوران چار ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK