• Tue, 13 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نقل سے پاک امتحان کیلئے ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل

Updated: January 13, 2026, 10:51 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

دسویں اور بارہویں کے امتحانات کیلئے پہلی مرتبہ ایجوکیشن کمشنر کی سربراہی میں ویجی لینس کمیٹی بنائی گئی،تعلیمی تنظیموں کےمطابق اس کمیٹی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

Students are seen busy writing answers at a center during the HSC board exam. Picture: INN
ایچ ایس سی کے بورڈ امتحان میں ایک مرکز پرطلبہ جواب لکھنے میںمصروف نظر آرہےہیں۔ تصویر: آئی این این
ایک مرتبہ پھر مہاراشٹرا اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای)نے دسویں اوربارہویں کے بورڈ امتحانات کو کاپی فری منعقدکرنےکااعلان کیاہے ۔ ہر سال اس کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جاتےہیں، اس کےباوجود کاپی کرنےکی شکایتوںمیں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔  اس پر قابو پانےکیلئے امسال پہلی مرتبہ ایجوکیشن کمشنرکی نگرانی میں اسٹیٹ لیول ویجی لینس کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ اس سے قبل ضلع کلکٹر کی سربراہی والی کمیٹی یہ کام انجام دیتی رہی ہے۔ 
واضح رہےکہ ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای نے اس تعلق سے ایک سرکیولر جاری کیاہے جس کےمطابق ایچ ایس سی کےتحریری امتحانات ۱۰؍ فروری سے ۱۸؍مارچ جبکہ ایس ایس سی کے امتحانات ۲۰؍فروری سے۱۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کےدرمیان منعقدکئے جائیں گے۔ امتحانات کو تناؤ سے پاک ماحول میں منعقد کرنے کےعلاوہ نقل سے پاک امتحانات کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے ایک آزاد ریاستی سطح کی نگرانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کا مقصد بورڈ کے امتحانات کے دوران بدعنوانی اور دھوکہ دہی روکنا ہے۔ یہ ریاستی سطح کی کمیٹی کمشنر آف ایجوکیشن کی سربراہی میں بہتر ہم آہنگی اور نگرانی کیلئے مرکزی طریقہ کار کو یقینی بنائے گی۔
ریاستی سطح کی نئی کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری کاپی فری امتحان مہم کے نفاذ کی نگرانی کرنی ہوگی۔ کمشنر آف ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی کے دیگر ممبران میں مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے چیئرپرسن ، اسپیشل انسپکٹر جنرل پولیس (تمام خطے)، ڈویژنل کمشنر دفاتر کے ایڈیشنل کمشنر اور ایجوکیشن ڈائریکٹرز شامل ہوں گے۔
ریاستی سطح کی کمیٹی کے علاوہ ضلعی سطح کی کمیٹیاں کاپی فری امتحانات کو یقینی بنانے ، امتحانات کے مراکز کا معائنہ کرنے اور تصدیق کرنے کی ذمہ دار ی نبھائیں گی۔ان کمیٹیوںکی نگرانی میں حساس امتحانات کے مراکز کی نشاندہی ، فوٹیج کے مناسب ڈیٹا اسٹوریج کے ساتھ وہاں سی سی ٹی وی کی نگرانی کو یقینی بنایاجائے گا۔ ڈرون اور ویڈیو گرافی کو حساس مراکز پر استعمال کیا جائے گا۔ 
اس ضمن میں مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سینا کےصدر اور اساتذہ حلقہ کےرکن اسمبلی پروفیسر جے ایم ابھینکر نے اس نمائندہ سے کہاکہ ’’ ضلع سطح پر کلکٹر کی نگرانی میں ویجی لینس کمیٹی جب نگرانی کررہی ہےتو پھر ریاستی سطح کی کمیٹی بنانےکاکیا مطلب ہے؟ ضلع سطح کی کمیٹیاں ویسے بھی اپنی رپورٹ ایجوکیشن کمشنر کومہیاکراتی ہیں چنانچہ ایجوکیشن کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی بنانےسے کیا ہوگا؟  اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی لیکن اسٹیٹ بورڈنے عوام کو دکھانے کیلئے یہ کمیٹی بنائی ہےتاکہ یہ پیغام دیا جاسکےکہ بورڈ کاپی فری امتحانات کویقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے،اس لئے اب ریاستی سطح کی ویجی لینس کمیٹی بنائی جارہی ہے۔اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ‘‘  
انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’ گزشتہ سال بھی نقل سے پاک بورڈامتحانات منعقدکرانےکیلئے متعدد مہم چلائی گئی تھیں لیکن اس کاخاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہواتھا۔ دسویں اور بارہویں کےامتحانات میں ایک نہیں کئی بدعنوانیاں سامنے آئی تھیں۔ امسال بھی بورڈ امتحانات کےشروع ہونے سے ایک مہینے قبل اسٹیٹ بورڈ نے کاپی فری امتحانات منعقدکرنےکی مہم شروع کی ہے ۔اس میں کتنی کامیابی ملتی ہے؟ یہ وقت بتائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK