• Wed, 07 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹوکس اور لبوشین کے درمیان لفظی تکرار، ہاتھا پائی کا خطرہ ٹل گیا

Updated: January 05, 2026, 9:04 PM IST | Sydney

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی ) میں کھیلے جا رہے پانچویں ایشیز ٹیسٹ کے دوسرے روز اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلیائی بیٹر مارنس لبوشین کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔

England Team.Photo:INN
انگلینڈ کی ٹیم۔ تصویر:آئی این این

 سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی ) میں کھیلے جا رہے پانچویں ایشیز ٹیسٹ کے دوسرے روز اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلیائی بیٹر مارنس لبوشین کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔ نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے بالکل قریب آ گئے اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ جائے گا۔
میچ کے دوران مارنس لبوشین کی جانب سے بار بار کریز پر گارڈننگ   کرنے اور کم روشنی  کی شکایت کرنے پر بین اسٹوکس شدید برہم نظر آئے۔ لبوشین کی ان تاخیری حربوں نے اسٹوکس کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا۔ جب اسٹوکس اپنے اوور کے بعد واپس جا رہے تھے، لبوشین کے کسی جملے پر وہ اچانک غصے میں مڑ کر ان کی جانب آئے اور لبوشین کے گلے میں ہاتھ ڈال کر  ان کے بالکل قریب آ گئے۔ کیمروں کی آنکھ نے اسٹوکس کو غصے میں لبوشین کو ’’خاموش رہنے’’ کا کہتے ہوئے بھی قید کیا۔
 صورتحال بگڑتی دیکھ کر امپائرز احسن رضا اور کرس گیفنی نے فوری طور پر بیچ بچاؤ کروایا اور دونوں کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے دور کیا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’اوتار۳‘‘ نے تاریخ رقم کر دی، ۱۵؍ دنوں میں ایک بلین ڈالر کمائے

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تمام تر کشیدگی کا فائدہ بین اسٹوکس نے اپنی بالنگ سے اٹھایا۔ لبوشین کی توجہ بٹ چکی تھی اور اسٹوکس نے اسی اوور کی اگلی گیند پر انہیں ۴۸؍ رنز پر آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسٹوکس نے نہ صرف لفظی جنگ لڑی بلکہ عملاً لبوشین کو آؤٹ کر کے میدان میں ہی اپنا حساب برابر کر دیا۔
آسٹریلوی لیجنڈ بریٹ لی نے اسٹوکس کے لبوشین کو چھونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’کسی دوسرے کھلاڑی کو ہاتھ لگانا غلط ہے‘‘، تاہم ایڈم گلکرسٹ نے اسے ایشیز کی روایتی رقابت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچویں ٹیسٹ تک کھلاڑی تھک چکے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے جذبات قابو میں نہیں رہتے۔

یہ بھی پڑھئے:ڈیزرٹ وائپرز کی تاریخی کامیابی، پہلی بار آئی ایل ٹی ۲۰؍ چیمپئن

جو روٹ کا تاریخی سنگ میل: رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کر دیا
انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سڈنی ٹیسٹ کے دوران انہوں نے اپنی ۴۱؍ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کر کے آسٹریلیا کے لیجنڈری بلے باز رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔جو روٹ اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ روٹ نے یہ سنگ میل پونٹنگ سے کم میچ میں عبور کیا۔ موجودہ ایشیز سیریز جو روٹ کے لیے ذاتی طور پر انتہائی یادگار ثابت ہو رہی ہے۔ اس سے قبل وہ آسٹریلیا کی سرزمین پر کھیلے جانے والے ۱۴؍ ٹیسٹ میچز میں ایک بھی سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے، لیکن اس دورے میں انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اب تک دو سنچریاں داغ دی ہیں۔سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے دن روٹ نے اپنی ۷۲؍ رنز کی نامکمل اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور اسے سنچری میں بدلا۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۸۴؍  رنز بنا لیے ہیں۔ اگرچہ آسٹریلیا نے ایشز سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے، لیکن میلبورن میں انگلینڈ کی جیت اور اب سڈنی میں روٹ کی بہترین بیٹنگ نے سیریز کو دلچسپ بنا دیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK