ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی نے عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 3:26 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی نے عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا۔
ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن اسٹار سُکانت کدم نے ایس ایل ۔۴؍ زمرے میں عالمی نمبر ایک کی درجہ بندی حاصل کر لی ہے، جو کہ ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ وہ پہلی بار عالمی درجہ بندی میں سرِ فہرست پہنچے ہیں۔ یہ کارنامہ ان کی انتھک لگن،محنت اور حالیہ برسوں میں بین الاقوامی مقابلوں میں ان کی مسلسل اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت ہے۔
سُکانت کدم کے سرِ فہرست پہنچنے میں ان کی کئی شاندار کارکردگیاں شامل ہیں، جن میں ورلڈ پیرا بیڈمنٹن چمپئن شپ اور ایشیائی پیرا گیمز میں کئی تمغے شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ۲۰۲۵ء کے ہسپانوی پیرابیڈمنٹن انٹرنیشنل میں طلائی تمغہ جیتا، جس سے ان کا اعتماد اور عالمی درجہ بندی میں مزید بہتری آئی۔
اسی سال ستمبر میں ہندوستان کے سُکانت کدم نے برٹش اور آئرش پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایس ایل ۔۴؍ زمرے کے سیمی فائنل میں انہوں نے اپنے ہم وطن نوین شیوکمار کو سیدھے سیٹوں میں شکست دی تھی۔تاہم فائنل میں وہ فرانس کے پیرا اولمپک چمپئن لوکاس مازور کے خلاف سخت مقابلے میں ہار گئے اور انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے، سُکانت ۲۰۲۵ءکے آئندہ چائنا پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل کی تیاری کر رہے ہیںاور ان کا مقصد ایک اور شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کو برقرار رکھنا اور مستقبل کے بڑے مقابلوں کے لئے قیمتی تجربہ حاصل کرنا ہے۔ سُکانت کدم نے اپنے سفر اور مستقبل کے مقاصد پر غور کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں نمبر ایک پر پہنچنا ایک خواب سچ ہونے جیسا ہے اور یہ انہیں ہر روز اپنی تربیت میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دےگا۔نمبر ایک کی پوزیشن یہ مجھے اپنی روزانہ کی ٹریننگ میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔