Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹائم میگزین کی بااثر افراد کی فہرست میں سندر پچائی، رنبیر کپور اور وکاس کھنہ شامل

Updated: April 16, 2026, 3:08 PM IST | New York

ٹائم میگزین نے ۲۰۲۶ء کے۱۰۰؍ سب سے بااثر افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس میں گوگل کے سی ای او سندر پچائی، بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور مشہور شیف وکاس کھنہ کو شامل کیا گیا ہے۔

Sundar Pichai And Ranbir Singh.Photo:INN
سندر پچائی اور رنبیر سنگھ۔ تصویر:آئی این این

ٹائم میگزین نے ۲۰۲۶ء کے۱۰۰؍ سب سے بااثر افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس میں گوگل کے سی ای او سندر پچائی، بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور مشہور شیف وکاس کھنہ کو شامل کیا گیا ہے۔میگزین نے اپنی تازہ فہرست میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اُن افراد کو شامل کیا ہے جن کا کام جدت (انویشن)، تخلیقی صلاحیت، قیادت اور سماجی اثر کے ذریعے عالمی بیانیے کو متاثر کر رہا ہے۔
فہرست میں سندر پچائی کو گوگل ایکو سسٹم میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی قیادت کے لیے جگہ دی گئی ہے۔ان کی قیادت میں اے آئی ٹولز کو سرچ، اینڈرائیڈ اور کروم جیسے مصنوعات میں ضم کیا گیا ہے، اور کمپنی بڑھتی ہوئی عالمی مسابقت کے درمیان اپنے جیمنائی پلیٹ فارم کے ذریعے اس شعبے میں اپنی مضبوط موجودگی قائم کر رہی ہے۔
ٹائم میگزین میں شائع پچائی کا پروفائل لکھنے والے اے آئی ماہر اینڈریو این جی نے کہا کہ ایسے دور میں جب اے آئی علم اور کام کو نئے انداز میں تشکیل دے رہی ہے، ان کا اثر اس بات میں ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کتنی وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہی ہے۔وہیں آرٹسٹ کی فہرست میں رنبیر کپور کو ان کے منفرد اداکاری کے انداز اور فطری پرفارمنس کے لیے سراہا گیا، جس نے ہندوستانی سنیما میں ناظرین کی توقعات کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کے کام نے ہندوستانی کہانی سنانے کے فن کو عالمی ناظرین تک پہنچانے میں بھی مدد دی ہے۔
اس کے علاوہ شیف وکاس کھنہ کو ان کی کھانا پکانے کی مہارت کے ساتھ ساتھ انسانی اور ثقافتی خدمات کے لیے بھی سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’دُھرندھر ۲‘‘ سے بھی بڑی بلاک بسٹر نکلی ۱۰؍ کروڑ کے بجٹ والی فلم ’’واجھا۲‘‘


ٹائم میگزین نے کہا کہ ان کے کام کو اس بات کے لیے سراہا جاتا ہے کہ انہوں نے کھانے کو ثقافتوں کے درمیان ایک پل کے طور پر استعمال کیا اور ہندوستانی  روایات کو عالمی سطح پر پیش کیا۔کھنہ کا پروفائل لکھنے والے شیف ایرک رپیرٹ نے کہا کہ کھنہ کا اثر صرف کامیابی میں نہیں بلکہ ’’دوسروں کو متاثر کرنے اور ان سے جڑنے‘‘ میں بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ریسٹورنٹ بنگلو کے ذریعے کھنہ نے ایک ایسی جگہ بنائی ہے جہاں کھانا یادوں اور ورثے سے جڑی کہانیوں کا ذریعہ بن جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بی بی سی نے۲؍ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ بنایا


اس کے علاوہ فہرست میں شامل افراد میں یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن، نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی، پوپ لیو XIV، آرٹیمس دوم مشن کے کمانڈر ریڈ وائز مین، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، چین کے صدر شی جن پنگ اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو شامل ہیں۔اس فہرست میں اہم ایشیائی رہنما بھی شامل ہیں، جن میں جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم سانائے تاکائچی اور نیپال کے نوجوان وزیر اعظم بالن در شاہ شامل ہیں۔سالانہ ٹائم ۱۰۰؍فہرست سیاست، ٹیکنالوجی، تفریح، کاروبار اور ثقافت کے میدان میں ان عالمی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جو مباحثوں کو تشکیل دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں تبدیلی لا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK