ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کی ڈکشنری سے ورک لوڈ کا لفظ ہٹا دینا چائے۔
EPAPER
Updated: August 06, 2025, 12:06 PM IST | Agency | London
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کی ڈکشنری سے ورک لوڈ کا لفظ ہٹا دینا چائے۔
انگلینڈ کے خلاف اینڈرسن۔تینڈولکر ٹرافی میں محمد سراج نے یہ ثابت کر دیا کہ ’ورک لوڈ‘ محض ایک بہانہ ہے، اصل طاقت اپنے اوپر بھروسہ کرنے میں ہے۔ پانچوں ٹیسٹ میچوں میں کھیلتے ہوئے محمد سراج نے شاندار گیندبازی کی اور ۲۳؍وکٹیں حاصل کیں۔ سراج اس سیریز میں ایسے اکیلے گیندباز تھے جنہوں نے ہر میچ میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی فٹنس اور کارکردگی سے’ `ورک لوڈ‘ کے تصور کو چیلنج کیا۔
ٹیم انڈیا کےسابق کپتان سنیل گاوسکر نے محمد سراج کی تعریف کرتے ہوئے ورک لوڈ مینجمنٹ کے خیال پر سخت ردعمل دیا۔ ہندوستان کے عظیم کرکٹر سنیل گاسکر نے ورک لوڈ مینجمنٹ کی سوچ پر کڑا جواب دیا اور ہندوستانی فوج کے جوانوں کی مثال دی، جو انتہائی مشکل حالات میں سرحد پر تعینات رہتے ہیں۔سنیل گاوسکر نے انڈیا ٹوڈے سے بات چیت میں کہا’’اگر آپ ورک لوڈ کی باتوں میں پھنس کر پیچھے ہٹیں گے تو آپ کے بہترین کھلاڑی کبھی میدان پر نہیں ہوں گے۔ آپ کو کھلاڑیوں کو یہ صورتحال سمجھانی ہوگی کہ آپ ملک کے لئے کھیل رہے ہیں اور جب آپ ملک کیلئے کھیلتے ہیں تو آپ کو ہونے والے درد اور تھکاوٹ کو بھولنا ہوگا۔ یہی تو سرحد پر ہوتا ہے۔ کیا جوان سردی یا سخت حالات کی شکایت کرتے ہیں؟ وہ ملک کے لئے اپنی جان دینے کو تیار رہتے ہیں۔ آپ کو بھی قوم کے لئے اپنا بہترین دینا ہوگا۔‘‘
لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور سنیل گاوسکرنے مزید کہا’’چھوٹے موٹے درد کی فکر مت کرو۔ رشبھ پنت نے کیا دکھایا؟ فریکچر کے باوجود وہ بلے بازی کرنے آئے۔ یہی جذبہ ٹیم میں نظر آنا چاہیے۔ چھوٹی موٹی چوٹوں سے پیچھے مت ہٹو۔ یہ وہ اعزاز ہے جو ۱۴۰؍کروڑ لوگوں میں سے آپ کو ملا ہے کہ آپ ملک کی نمائندگی کریں۔ آپ بے حد خوش قسمت ہیں، اسے معمولی نہ سمجھیں۔ ہم نے یہی جذبہ محمدسراج میں دیکھا۔ وہ پانچوں ٹیسٹ میچ کھیلے، لگاتار بولنگ کی۔‘‘
سنیل گاوسکر نے صاف کہا کہ سراج نے ۵؍ٹیسٹ میں لگاتار لمبے لمبے اسپیل ڈال کر `’ورک لوڈ‘ کے تصور کو توڑ دیا۔ کپتان اور ملک کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے انہوں نے بغیر تھکے بولنگ کی۔ گاوسکر کے مطابق، ورک لوڈ ایک ذہنی سوچ ہے، جسمانی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب ہندوستانی کرکٹ میں ’ورک لوڈ‘ کا لفظ ہمیشہ کے لئے ختم کر دینا چاہیے۔ گاوسکر نے کہا ’’مجھے امید ہے کہ `ورک لوڈ ہندوستانی کرکٹ کی ڈکشنری سے باہر ہوگا۔ میں لمبے عرصے سے یہ بات کہتا آیا ہوں۔‘‘
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بیان جسپریت بمراہ کے بارے میں نہیں ہے۔ بمراہ چوٹ کی وجہ سے باہر تھے، ورک لوڈ کی وجہ سے نہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ۵؍ٹیسٹ کی سیریز میں بمراہ صرف ۳؍میچ کھیلے۔ جن ۲؍ میچوں میں وہ نہیں کھیلے (دوسرا اور پانچواں)،ٹیم انڈیا نے جیت حاصل کی۔