Inquilab Logo

میدان پر جو صحیح لگے وہی کریں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں: سوریہ کمار

Updated: December 05, 2023, 11:09 AM IST | Agency | Bengaluru

ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا: یہ کمال کی سیریز رہی ہے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھ کر اچھا لگا۔ میں نے ساتھیوں سے کہا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کھیلیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستان کے ٹی۲۰؍ کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ آپ کو میدان پر جو بھی صحیح لگے وہ کریں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں ۔۵؍ میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز۱۔۴؍سے جیتنے کے بعد سوریہ کمار یادو نے اتوار کی رات کہا کہ یہ کمال کی سیریز رہی ہے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھ کر اچھا لگا۔ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے ساتھیوں سے کہا ہے کہ میدان میں آپ کو جو بھی صحیح لگے وہ کریں۔ اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آج وکٹ تھوڑی مشکل تھی، میں نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ ہم ابھی میچ میں ہیں ، فکر نہ کریں۔
 اس موقع پر پلیئر آف دی سیریز روی بشنوئی نے کہا کہ پہلا میچ میرے مطابق اچھا نہیں گزرا۔ تاہم میں نے جو منصوبہ بنایا تھا اس پر عمل درآمد کی کوشش کر رہا تھا۔ میں زیادہ اونچی گیند نہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور وکٹ ٹو وکٹ گیند بازی کرنا چاہ رہا تھا۔ میں جنوبی افریقہ میں بھی اسی طرح کی گیندبازی چاہوں گا۔پلیئر آف دی میچ اکشر پٹیل نے کہا کہ آج مجھے پہلی ہی گیند پر اسپن ملا تو میں نے مسکرا کر سوچا کہ یہ میرا وکٹ ہے۔ ایک بریک کے بعد لوٹتے ہوئے میں فارم میں نہیں تھا، میں اس وقت بہت کچھ سوچ رہا تھا کیونکہ بیٹنگ اس طرح نہیں چل رہی تھی۔ اگرچہ آج میں نے اچھی بلے بازی کی جس طرح میں نے بشنوئی کے ساتھ شراکت میں بولنگ کی اس سے مجھے بہت مدد ملی۔ یہ شراکت مزید جاری رہے تو اچھا ہو گا۔آسٹریلوی کپتان میتھیو ویڈ نے کہا کہ ہم نے آج کمال کی بولنگ کی۔ ہم نے ہندوستان کو ایک ایسے اسکور پر روکا تھا جسے حاصل کیاجاسکتا تھا۔ ہم دو اسپنرس کے ساتھ جا سکتے تھے تاہم کئی بار ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر مختلف فیصلے کئے جاتے ہیں ۔ ہم نے اس سیریز میں بہت اچھا کرکٹ کھیلا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK