Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوریہ کمار یادو نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا ، کپتان برقرار

Updated: August 18, 2025, 1:36 PM IST | Agency | New Delhi

بنگلور کے سینٹر آف ایکسیلنس میں اپنا بحالی پروگرام مکمل کیا اور اب انہیں مکمل طور پر فٹ قرار دیا گیا ہے،۱۹؍ اگست کو ٹیم سلیکشن میں شامل ہوں گے۔

Indian T20 cricket team captain Suryakumar Yadav. Photo: INN
ہندوستانی ٹی ۲۰؍ کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو۔ تصویر: آئی این این

 ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادیو نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ اب وہ۹؍ ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کےمطابق ۳۴؍ سالہ سوریہ کمار۱۵؍ رکنی ہندوستانی ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر کے ساتھ ۱۹؍ اگست کو ممبئی میں کریں گے۔
 سوریہ کمار کی فٹنس سے ٹیم انڈیا اور خاص طور پر سلیکشن کمیٹی کو بڑی راحت ملی ہے کیونکہ۱۹؍ اگست کو اس ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان ہونا ہے، ایسے میں نئے کپتان کے انتخاب کا کوئی چیلنج نہیں ہوگا اور ٹیم کی بلے بازی بھی مضبوط ہوگی۔ رپورٹ میں بی سی سی آئی کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سوریا، جو فٹ ہو کر واپس آ رہے ہیں، ٹیم کی کمان سنبھالیں گے اور وہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کے بعد واپسی 
 سوریہ کمار یادو نے جون ۲۰۲۵ء میں جرمنی کے شہر میونخ میں اسپورٹس ہرنیا (دائیں پیٹ کے نچلے حصے) کی سرجری کرائی تھی۔ اس کے بعد، انہوں نے بنگلور میں سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای )میں اپنا بحالی پروگرام مکمل کیا اور اب انہیں مکمل طور پر فٹ قرار دیا گیا ہے۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کا سیزن ختم ہونے کے بعد وہ ایک ماہر سے مشورہ کرنے کیلئے برطانیہ بھی گئے ۔ سرجری کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا’’ `لائف اَپ ڈیٹ، پیٹ کے نچلے دائیں حصے میں  اسپورٹس ہرنیا کی سرجری ہوئی۔ سرجری آسانی سے ہوئی اور میں صحت یاب ہورہا ہوں ۔ امید ہے کہ جلد ہی میدان میں واپس آؤں گا۔
 آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے سوریہ کمار یادیو نے ممبئی انڈینز کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوںنے سیزن میں ۷۱۷؍ رن بنائے اور ممبئی انڈینز کے لیے ایک سیزن  میں ۶۰۰؍سے زیادہ رن بنانے والے سچن تنڈولکر کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی تھے، صرف گجرات ٹائٹنز کے سائی سدرشن (۷۵۹؍ رن) ان سے آگے تھے۔
ہندوستان کا میچ کس سے کب؟
 ہندوستان، پاکستان، عمان اور یو اے ای کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔ گروپ کی تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ ہندوستان کا مقابلہ ۱۰؍ ستمبر کو یو اے ای،۱۴؍ کو پاکستان  اور ۱۹؍کو عمان سے ہوگا۔
 اگر ہندوستان اور پاکستان سپر۴؍ مرحلے میں جگہ بنا لیتے ہیں تو دونوں ٹیمیں ایک بار پھر۲۱؍ ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ٹورنامنٹ کا فائنل ۲۸؍ ستمبر کو کھیلا جائے گا۔اگر ہندوستان اور پاکستان سپر۴؍مرحلے میں سرفہرست رہتے ہیں تو ٹورنامنٹ میں دونوں کے درمیان تیسرا میچ بھی ہو سکتا ہے۔
شبھ من گل پر فیصلہ،سلیکشن کمیٹی کیلئےچیلنج 
 اجیت آگرکر کی سربراہی میں سینئر سلیکشن کمیٹی منگل کو میٹنگ کرے گی۔ سوریہ کی واپسی سے جہاں ان کی مشکلات میں کچھ کمی آئی ہے وہیں یہ سوال اب بھی باقی ہے کہ کیا اسٹار بلے باز اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل کو موقع دیا جائے گا؟ خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر سوریہ کمار یادو فٹ نہیں ہیں تو گِل کو بطور کپتان ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے لیکن اب ان کا انتخاب بھی فی الحال یقینی نظر نہیں آ رہا ہےاوراس تعلق فیصلہ کمیٹی کیلئے چیلنج ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK