Updated: August 17, 2026, 9:04 PM IST
| Galle
مانو سُتھار (چار وکٹ) اور رویندر جڈیجا (تین وکٹ) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے پیر کے روز پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم کو ۲۸۴؍ رنز کے اسکور پر سمیٹ کر ۱۷۸؍ رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔ تاہم سونل دنوشا (۱۰۰) اور نروشن ڈکویلا (۸۰) کی شاندار اننگز کے بل بوتے پر سری لنکا نے فالو آن بچا لیا۔
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
مانو سُتھار (چار وکٹ) اور رویندر جڈیجا (تین وکٹ) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے پیر کے روز پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم کو ۲۸۴؍ رنز کے اسکور پر سمیٹ کر ۱۷۸؍ رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔ تاہم سونل دنوشا (۱۰۰) اور نروشن ڈکویلا (۸۰) کی شاندار اننگز کے بل بوتے پر سری لنکا نے فالو آن بچا لیا۔
سری لنکا کی اننگز ختم ہونے کے بعد بالآخر بارش آ گئی... امپائر نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کا اعلان کر دیا ہے، یعنی تیسرے دن کے اختتام تک ہندوستان کے پاس ۱۷۸؍ رنز کی بڑی برتری ہے، ابھی دو دن کا کھیل باقی ہے لیکن روشنی کب تک اجازت دیتی ہے وہ اہم ہے۔ ہندوستان کی نظر دوسری اننگز میں کم از کم ۲۵۰؍ رنز بنانے پر ضرور ہوگی تاکہ سری لنکا کے سامنے چوتھی اننگ میں ۴۰۰؍رن سے زیادہ کا ہدف رکھا جا سکے۔
چائے کے وقفے کے بعد پرسدھ کرشنا نے نروشن ڈکویلا کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ نروشن ڈکویلا نے ۱۱۵؍ گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے ۸۰؍ رنز بنائے۔ اس کے تھوڑی دیر بعد رویندر جڈیجا نے کیشرا نوانتھا (۲) کا شکار کر لیا۔ پربھات جے سوریا (۱۰) کو مانو ستھار نے آؤٹ کیا۔ ۷۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر جڈیجا نے اپنی سنچری مکمل کر چکے سونل دنوشا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے سری لنکا کو بڑا جھٹکا دیا۔ سونل دنوشا نے۱۶۸؍ گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے۱۰۰؍ رنز بنائے۔ ۸۰؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر مانو ستھار نے لاہیرو کمارا (۱۰) کو پنت کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ کرا کے ۲۸۴؍رنز کے اسکور پر سری لنکا کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان کو پہلی اننگز کی بنیاد پر ۱۷۸؍رنز کی برتری مل گئی۔
اس سے پہلے دوپہر کے کھانے کے بعد نروشن ڈکویلا اور سونل دنوشا کی جوڑی نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ چائے کے وقفے تک دونوں بلے بازوں کے درمیان ۱۸۵؍ گیندوں میں ۱۲۴؍ رنز کی شراکت ہو چکی تھی۔ پہلا سیشن جہاں پوری طرح سے ہندستان کے نام رہا تھا جہاں ہندوستانی گیند بازوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، وہیں دوسرے سیشن میں ڈکویلا اور دنوشا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے زبردست واپسی کی۔ اس سیشن میں ۲۹؍ اوورز میں ۴؍ کے رن ریٹ سے سری لنکا نے ۱۱۶؍رنز بنائے اور خاص بات یہ رہی کہ کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔
صبح ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف ۴۶۲؍ رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد سری لنکا کے ۹۹؍ رنز پر پانچ وکٹیں حاصل کر کے میچ پر اپنی مضبوط گرفت بنا لی تھی۔ ہندستان نے آج نو وکٹوں پر ۴۶۰؍رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اور آل آؤٹ ہونے سے پہلے صرف دو رنز مزید جوڑے۔ اسیتا فرنانڈو نے پرسدھ کرشنا کو سات گیندوں پر دو رنز پر آؤٹ کر کے ۴۶۲؍ رنز پر ہندوستانی اننگز کا خاتمہ کیا۔ کلدیپ یادو ۱۲؍ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھئے:دوسری سہ ماہی میں ہندوستان میں اسمارٹ فون کی ترسیل میں ۱۰؍ فیصد کمی واقع ہوئی
اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے سری لنکا پر دباؤ بنانے میں ذرا بھی دیر نہیں کی۔ محمد سراج نے سری لنکا کو اننگز کی دوسری ہی گیند پر پہلا جھٹکا دیا۔ انہوں نے نشان فرنانڈو کو اپنی باہر کی طرف جاتی گیند پر پھنسایا اور گیند ان کے بلے کا کنارہ لے کر فرسٹ سلپ میں کھڑے دیودت پڈیکل کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ فرنانڈو بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ لاہیرو ادارا اور دنیش چنڈیمل نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن ڈیبیو کرنے والے مانو ستھار نے اپنی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کر لی۔ ستھار نے گیند کو آف اسٹمپ پر رکھا اور چنڈیمل کو آگے بڑھ کر کھیلنے کے لیے مجبور کیا؛ گیند ٹرن ہو کر باہر نکلی اور ان کے دستانوں کو چھو گئی۔ رشبھ پنت نے شاندار کیچ لپک کر چنڈیمل کو چار رنز پر پویلین بھیج دیا۔
اُدارا نے تھوڑی دیر کے لیے جوابی حملہ کیا، چھ باؤنڈریز لگائیں اور ایک زبردست کٹ شاٹ کے ساتھ سری لنکا کا اسکور ۵۰؍رن تک پہنچایا۔ لیکن آخر کار ستھار ہی حاوی رہے۔ اسپنر نے تھوڑی چھوٹی گیند ڈالی اور ادارا نے کٹ کرنے کی کوشش کی، لیکن گیند بلے کے اوپری حصے سے لگ کر بیک ورڈ پوائنٹ کی طرف چلی گئی، جہاں یشسوی جیسوال نے آسانی سے کیچ پکڑ لیا۔ اڈارا نے ۴۴؍ گیندوں پر۲۷؍ رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھئے:روٹ کو ٹیسٹ کپتان بنانے کا فیصلہ درست تھا، میں ان کی مکمل حمایت کروں گا: ہیری بروک
اس کے بعد کامندو مینڈس پچ پر آگے بڑھے اور کلدیپ کی گیند پر پش ڈرائیو کرنے کی کوشش کی، لیکن شاٹ پر کنٹرول نہیں رکھ سکے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ گیند شارٹ ایکسٹرا کور سے پہلے ہی گر جائے گی، لیکن گل نے اپنی بائیں جانب پوری لمبائی میں ڈائیو لگائی اور زمین سے کچھ انچ اوپر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ لپک لیا۔ مینڈس ۱۴؍رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکن کپتان دھننجے ڈی سلوا نے ہندوستانی اٹیک کا سامنا کرنے کی کوشش کی اور کچھ باؤنڈریز لگا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ وہ کافی پرسکون نظر آ رہے تھے، لیکن تبھی رویندر جڈیجا نے بائیں ہاتھ کے اسپنر کے کلاسیک انداز میں انہیں آؤٹ کر دیا۔ راؤنڈ دی وکٹ گیند بازی کرتے ہوئے جڈیجا نے گیند کو مڈل اسٹمپ کے آس پاس پچ کرایا اور دھننجے کو ڈیفنس کے لیے آگے آنے پر مجبور کیا۔ گیند اتنی گھومی کہ بلے کا بیرونی کنارہ لے کر نکل گئی اور فرسٹ سلپ پر کھڑے کے ایل راہل نے نیچے جھک کر شاندار کیچ لپک لیا۔ دھننجے۴۱؍ گیندوں میں ۲۱؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ہندوستان کی جانب سے مانو ستھار نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ رویندر جڈیجا کو تین وکٹیں ملیں۔ محمد سراج اور کلدیپ یادو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔