Inquilab Logo

سوئس اوپن بیڈمنٹن پی وی سندھو پری کوارٹر فائنل میں باہر

Updated: March 22, 2024, 9:23 PM IST | Basel

دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو سوئس اوپن۲۰۲۴ء کے پری کوارٹر فائنل کے خواتین کے سنگلز میچ میں جاپان کی توموکا میازاکی سے ہار گئیں

P V Sindhu. Photo:INN
پی وی سندھو۔ (تصویر: آئی این این)

دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو سوئس اوپن۲۰۲۴ء کے پری کوارٹر فائنل کے خواتین کے سنگلز میچ میں جاپان کی توموکا میازاکی سے ہار گئیں۔ جمعرات کوسوئزر لینڈ  کے باسل میں کھیلے جانے والے میچ میں چوتھی سیڈیافتہ  ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے شاندار کھیل کا آغاز کیا اور جاپانی شٹلر توموکا میازاکی سے پہلا گیم۱۶۔۲۱؍ سے جیت لیا۔ اس کے بعد جاپانی شٹلر نے واپسی کی اور دوسرا گیم ۱۹۔۲۱؍ اور آخری گیم۱۶۔۲۱؍ سے جیت کر میچ جیت لیا۔ جاپانی شٹلر نے ایک گھنٹہ۱۹؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں پی وی سندھو کو شکست دی۔
دریں اثنا، خواتین کے ڈبلز میں تریشا جولی اور گایتری گوپی چند کی جوڑی نے ہم وطن پریا-شروتی مشرا کو ۱۰۔۲۱، ۱۲۔۲۱؍سے ہرا کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ ہندوستان کی تنیشا کرسٹو اور اشونی پونپا کی جوڑی کو جاپانی شٹلرس روئی ہیروکامی اور یونا کاٹو کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ جاپانی جوڑی نے ہندوستانی جوڑی کو۱۷۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز میچ میں چھٹی سیڈ تنیشا کرسٹو اور اشونی پونپا نے اس سے قبل انڈونیشیا کی میلیسا ٹریاس پسپیتاسری اور ریچل الیسا روز کو شکست دے کر اس راؤنڈ تک رسائی کی تھی۔
مردوں کے سنگلز میں پریانشو راجاوت نے چین کے لی لینکسی کو۱۴۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍ سے شکست دی۔ بیڈمنٹن کی عالمی درجہ بندی میں۲۹؍ویں نمبر پر موجود ہندوستانی کھلاڑی نے شروع سے ہی چینی شٹلر کے خلاف برتری برقرار رکھی اور۳۸؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ اس دوران لکشیا سین اور کدامبی سری کانت دن کے دیگر میچوں میں آمنے سامنے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK