• Sun, 07 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سید مشتاق علی ٹرافی :پڈوچیری کی بنگال پر سنسنی خیز جیت،امن خان کی ہاف سنچری

Updated: December 07, 2025, 10:40 AM IST | Agency | Hyderabad

کپتان امن خان (۷۴؍ رن/ ایک وکٹ) کی شاندار نصف سنچری کے بعد جینت یادو (۴؍ وکٹ) اور سیڈک سنگھ (۳؍ وکٹ) کی زبردست گیندبازی کی بدولت پڈوچیری نے سنیچر کو سید مشتاق علی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ’ سی‘ کے مقابلے میں بنگال کو ۸۱؍ رنوں کے بھاری فرق سے شکست دی۔

Aman Khan scored a half-century while displaying aggressive batting. Picture: INN
امن خان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاف سنچری بنائی۔ تصویر:آئی این این
کپتان امن خان (۷۴؍ رن/ ایک وکٹ) کی شاندار نصف سنچری کے بعد جینت یادو (۴؍ وکٹ) اور سیڈک سنگھ (۳؍ وکٹ) کی زبردست گیندبازی کی بدولت پڈوچیری نے سنیچر کو سید مشتاق علی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ’ سی‘ کے مقابلے میں بنگال کو ۸۱؍ رنوں کے بھاری فرق سے شکست دی۔
۱۷۸؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگال کیلئے ابھیشیک پوریل اور کرن لال نے پہلے وکٹ کیلئے۴۰؍ رن جوڑے۔ چوتھے اوور میں عادل ایوب ٹنڈا نے ابھیشیک پوریل (۱۱) کو آؤٹ کر کے بنگال کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد کپتان ابھیمنیو ایشورَن (۱۲) رن آؤٹ ہوگئے۔ آٹھویں اوور میں جینت یادو نے کرن لال کو آؤٹ کر کے پڈوچیری کو تیسری کامیابی دلائی۔ کرن لال نے ۲۳؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۰؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بنگال کا کوئی بھی بلے باز پڈوچیری کے بولنگ اٹیک کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم ۱۳ء۵؍اوور میں صرف ۹۶؍ رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ بنگال کے ۸؍ کھلاڑی دہائی کا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔ پڈوچیری کیلئے جینت یادو نے ۴؍ جبکہ سیڈک سنگھ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ امن خان اور عادل ایوب ٹنڈا نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج بنگال نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پڈوچیری نے ابتدائی جھٹکوں سے سنبھلتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۷۷؍رن بنائے۔ کپتان اَمن خان نے ۴۰؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے ۷۴؍رنوں کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ جسونت شری رام نے ۳۴؍ گیندوں پر ۳؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کے ساتھ ۴۵؍رن اسکور کئے۔ مَری مُتھو وِکنیس ورن (۱۶)، آدتیہ گڑھوال (۱۰) اور بھانو آنند (۱۱) نے بھی اہم رن جوڑے۔ بنگال کیلئے محمد شامی نے ۳؍ جبکہ رِتِک چٹر جی نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
گوا نے جموں و کشمیر کو ہرایا
دیگر میچ میں گوا نے جموں و کشمیر کو ۷؍وکٹ سے شکست دی۔ جموں و کشمیر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوور میں ۵؍وکٹ پر ۱۶۱؍رن بنائے۔ہدف کے تعاقب میں گوا نے ۱۹؍اوور میں ۳؍وکٹ پر۱۶۷؍  رن بنا کر میچ ۷؍ وکٹ سے جیت لیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK