Inquilab Logo Happiest Places to Work

لانگ جمپ کا قومی ریکارڈ ۳؍دہائی تک ٹی سی یوحنن کے نام رہا

Updated: May 20, 2025, 11:23 AM IST | Agency | New Delhi

ٹی سی یوحنن ایک سابق ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نےتقریباً۳؍ دہائیوں تک لانگ جمپ میں قومی ریکارڈ اپنے نام رکھا۔ انہوں نے کیوبیک، کینیڈا میں ۱۹۷۶ءکےسمر اولمپکس کے دوران ہندوستان کی نمائندگی کی۔

Long jump expert TC Yohannan. Photo: INN
لانگ جمپ کے ماہر ٹی سی یوحنن۔ تصویر: آئی این این

ٹی سی یوحنن ایک سابق ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نےتقریباً۳؍ دہائیوں تک لانگ جمپ میں قومی ریکارڈ اپنے نام رکھا۔ انہوں نے کیوبیک، کینیڈا میں ۱۹۷۶ءکےسمر اولمپکس کے دوران ہندوستان کی نمائندگی کی۔ ان کا پورا نام تھڈاتھویلا چنداپلئی یوحنن ہے۔ ان کا تعلق جنوبی ہندوستان سےہے۔ یوحنن ۱۹؍مئی۱۹۴۷ءکوکیرالہ کےکولم کے ایک چھوٹےسےگاؤں کنڑا میں پیدا ہوئے۔ یوحنن کو ابتدائی عمر سے ہی کھیلوں میں دلچسپی تھی۔ ایتھلیٹکس، خاص طور پر لانگ جمپ کے ساتھ ان کی وابستگی بہت دلچسپ طریقے سے شروع ہوئی جب وہ ایک چھوٹے بچے تھےتو وہ ایک نہر کو عبور نہیں کرپائے اور نہر میں گر گئے۔ ان کے والدنےان کی اس ناکامی کو حوصلہ میں تبدیل کیا اور کئی مرتبہ کی کوششوں کے بعد نہر کو پار کرنےمیں کامیاب رہے۔ تبھی سے انہوں نے ٹھان لیاتھا کہ وہ سخت محنت کرکے کھیلوں میں ملک کا نام روشن کریں گے۔ یوحنن نے بڑے ہوکر ایتھلیٹس میں لانگ جمپ کو اپنا پیشہ بنایا۔ وہ باقاعدگی سے انٹر اسکول کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیتے رہے۔ ۱۹۶۴ء میں انہوں نے کھیلوں کے مقابلے میں آزوکون گاؤں کی نمائندگی کی اورپنچایت کیلئےانٹر اسکول اسپورٹس میٹنگز میں حصہ لینا شروع کیا اور کچھ برسوں کے بعد میکانیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنےکیلئے بھیلائی چلےگئے۔ ۱۹۷۴ء میں تہران ایشین گیمز کے دوران انہوں نے لا نگ جمپ کا نیا ایشیائی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے ۸ء۰۷؍ میٹر چھلانگ لگا کر تاریخ رقم کی۔ اس کارنامے کیلئے انہیں ۱۹۷۴ء میں ارجن ایوارڈکے ساتھ کیرالہ حکومت کی جانب سے کئی دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ کچھ برس بعد، انہوں نےپبلک سیکٹر بھیلائی اسٹیل پلانٹ سے معاہدہ کیا۔ انہوں نےاسٹیل پلانٹس اسپورٹس میٹ میں حصہ لیا اور بھیلائی اسٹیل پلانٹ کی نمائندگی کی۔ ۱۹۶۹ء میں یوحنن نے پہلی بار قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لیا۔ 
 یوحنن نے ٹرپل جمپ میں پانچویں اور لانگ جمپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ایک سال بعد یوحنن نے لانگ جمپ ایونٹ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ ۱۹۷۱ءمیں پنجاب کے پٹیالہ میں نیشنلز کے دوران، انہوں نے لانگ جمپ میں ۷ء۶؍میٹرکا ریکارڈ قائم کیا۔ اور اس طرح یوحنن ایتھلیٹکس میں کیرالہ کے نئے چیمپئن بنے۔ 
 یوحنن کی شاندار کامیابی کے بعد انہیں بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے سنگاپور بھیجاگیاجہاں انہوں نے لانگ جمپ اور ٹرپل جمپ میں سونے کے تمغے جیتے۔ ۱۹۷۳ء میں انہوں نے۷ء۷۸؍میٹرچھلانگ لگا کر نیا قومی ریکارڈ بنایا۔ پھر ۱۹۷۴ءمیں تہران ایشین گیمز کے دوران انہوں نےلمبی چھلانگ میں ایک نیا ایشیائی ریکارڈ قائم کیا۔ جہاں انہوں نے ۸ء۰۷؍ میٹر چھلانگ لگا کر تاریخ رقم کی۔ بعد ازاں یوحنن نے جاپان، فلپائن، کینیڈا وغیرہ میں کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ انہوں نےکبھی بھی عوام کو مایوس نہیں کیا اور ملک کے لیے کئی تمغے جیتنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 
 یوحنن کو۱۹۷۸ءمیں ایک المناک واقعہ کا سامناکرناپڑا جس کی وجہ سے انہیں ایتھلیٹ کی حیثیت سےریٹائر ہونا پڑا۔ پٹیالہ میں منعقدہ قومی کیمپ میں پریکٹس کے دوران انہیں شدید چوٹ لگی تھی۔ بروقت مناسب طبی سہولتیں نہ ملنے کی وجہ سے اس کی ٹانگ بری طرح سوج گئی اور آخرکار اس نقصان کا ازالہ نہ ہوسکا جس کی وجہ سے انہوں نےاپنا ایتھلیٹک کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK