آج ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا عمان سے مقابلہ۔ محکمۂ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ انگلینڈ کے پاس صرف ایک ہی پوائنٹ ۔
EPAPER
Updated: June 13, 2024, 1:21 PM IST | North Sound
آج ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا عمان سے مقابلہ۔ محکمۂ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ انگلینڈ کے پاس صرف ایک ہی پوائنٹ ۔
اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنے کیلئے بے چین انگلینڈ یہاں عمان کے خلاف ٹی۲۰؍ورلڈ کپ کے میچ میں جیت کے عزم کے ساتھ اترے گالیکن بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہو سکتاہے۔ سابق چمپئن انگلینڈ کو سپر۸؍ میں جگہ بنانے کیلئے کسی بھی قیمت پر گروپ بی کے اپنے بقیہ دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔ اس کے پاس ۲؍ میچوں میں سے صرف ایک پوائنٹ ہے جو اسے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے سے ملاتھا۔
جوس بٹلر کی قیادت والی ٹیم کیلئے یہ خبر اچھی نہیں ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے عمان کے خلاف میچ کے دن بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ عمان کے بعد انگلینڈ کو اس گراؤنڈ پر اپنا آخری لیگ میچ نمیبیا کے خلاف کھیلنا ہے۔ ان دونوں میچوں کو جیتنے کے باوجود انگلینڈ کو آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں سازگار نتیجہ کے لئے دعائیں کرنی ہوں گی۔
آسٹریلیا نے لگاتار۳؍ میچ جیت کر سپر ایٹ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اسکاٹ لینڈ ۳؍ میچوں میں ۵؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اگر اس نے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تو اس کے ۷؍ پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سپر ۸؍ میں جگہ بنا لے گی۔ اس لئے انگلینڈ اس میچ میں آسٹریلیا کی جیت کیلئے دعا کرے گا۔ جہاں تک عمان کا تعلق ہے تو وہ اب تک تینوں میچ ہار چکا ہے اور اگلے راؤنڈ میں جگہ کی دوڑ سے باہر ہے۔
نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز سے مقابلہ
دوسری طرف تروبا میں اگر نیوزی لینڈ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی امیدیں زندہ رکھنا چاہتا ہے تو اسے میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں ہونے والے کرو یا مرو کے میچ میں کسی بھی قیمت پر بہتر کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔ افغانستان کے خلاف آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے بلے باز بہترکارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے تھے اور اس کی پوری ٹیم۱۵ء۲؍ اوورس میں ۷۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں اسے۸۴؍ رن سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کااس شکست کی وجہ سے نیٹ رن ریٹ بھی بگڑ گیا اور وہ گروپ سی میں سب سے نیچے ہے۔ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ وہ گزشتہ ۳؍ ون ڈے ورلڈ کپ اور ۳؍ ٹی ۳۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں لیکن اس بار ان کے لئے چیلنج آسان نہیں ہے۔ اس کے صرف ۲؍ بلے باز افغانستان کے خلاف دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ کین ولیمسن کی قیادت والی ٹیم کو اب اس کارکردگی کو بھول کر ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھا کھیلنا ہوگا اور کامیاب ہونا پڑےگا۔
آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے نہ صرف بیٹنگ بلکہ فیلڈنگ میں بھی مایوس کیا۔ اس نے آسان کیچ چھوڑے اور اسٹمپ آؤٹ ہونے کے مواقع گنوائے۔ افغانستان نے اس کا فائدہ اٹھایا اور مضبوط اسکور کیا۔ ویسٹ انڈیز کے ساتھ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور مسلسل تیسری جیت کے ساتھ وہ سپر۸؍ میں اپنی جگہ پکی کر لیں گے۔ ویسٹ انڈیز کو پاپوا نیو گنی کے خلاف آسان جیت نہیں ملی تھی لیکن گزشتہ میچ میں اس نے یوگانڈا کو۳۹؍ رن پر آؤٹ کرکے۱۳۵؍ رن کی بڑی فتح حاصل کی تھی۔
نیوزی لینڈ کے پاس اچھے بلے باز ہیں لیکن انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کین ولیمسن کو بھی کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بہتر بلے بازی کرنی ہوگی۔ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوں گے ورنہ وہ لیگ راؤنڈ سے ہی باہر ہوجائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے پاس سپر ۸؍ میں جگہ بنانے کا اچھا موقع ہے۔ میزبان ونڈیز کو گھریلو میدان کا فائدہ ملے گا۔