Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا کے پاس آسٹریلیا سے حساب بیباق کرنے کا موقع

Updated: June 24, 2024, 11:21 AM IST | Gros Islet

آج ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور آسٹریلیا آمنے سامنے۔ ہندوستان سپر۸؍ میں فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں داخل ہونا چاہے گا۔

Captain Rohit Sharma is busy in practice before the match. Photo: INN.
کپتان روہت شرما میچ سے قبل پریکٹس میں مصروف۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستان کے پاس پیر کو ٹی ۲۰؍  ورلڈ کپ کے سپر۸؍ کے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف یکروزہ ورلڈ کپ کے فائنل میں ملنے والی شکست کا حساب بیباق کرنے کا موقع رہے گا۔ اگر ہندوستان آسٹریلیا کو شکست دیتاہے تو وہ خود سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا جبکہ آسٹریلیا باہر ہوسکتاہے۔ پراعتماد ہندوستانی ٹیم پیر کوٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر آخری ۴؍ میں داخل ہو جائے گی، جب کہ افغانستان سے غیر متوقع شکست کے بعد آسٹریلیا کیلئے `کرو یا مرو کا مقابلہ ہے۔ 
ہندوستانی ٹیم مسلسل تیسری جیت کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہ کر سیمی فائنل میں پہنچنا چاہے گی۔ اس کے ساتھ ہی ۲۰۲۱ء کی چمپئن آسٹریلوی ٹیم ہارنے کی صورت میں باہر ہوسکتی ہے۔ افغانستان سے ہارنے کے بعد اب جیت کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کو بھی دعا کرنی ہوگی کہ راشد خان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میچ ہار جائے۔ 
ہندوستانی ٹیم، جو اکثر آئی سی سی ٹورنامنٹس میں آسٹریلیا سے ہارتی ہے، اپنے طاقتور حریف کو ٹورنامنٹ سے جلد باہر کرنے کی کوشش کرے گی۔ سپر ۸؍میں ہندوستان نے افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دی ہے۔ افغانستان کے خلاف وراٹ کوہلی اور روہت شرما دونوں نے رن بنائے جبکہ شیوم دوبے نے بھی اہم اننگز کھیل کر ناقدین کو خاموش کردیا۔ تیسرے نمبر پر آنے والے رشبھ پنت اکثر ریورس ہٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے وکٹ گنوا رہے ہیں اور انہیں اس خامی کو دور کرنا ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کیلئے سب سے مثبت بات ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ کارکردگی رہی ہے جس نے گیند اور بلے دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ کلدیپ یادو کی اسپن کیریبین پچوں پر بھی کارگر ثابت ہو رہی ہے۔ اگر ایک دن کے وقفے سے ۳؍ سپر۸؍ میچ کھیلے جائیں تو ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو روٹیٹ سکتی ہے لیکن ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔ سنیچر کی رات یہاں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم نے پریکٹس نہیں کی۔ خیال رہے کہ ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں یہ دوسرے دن کا میچ ہوگا۔ 
ہم نے اچھی کارکردگی پیش کی: روہت 
ہندوستانی ٹیم کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے کھلاڑیوں نے میدان پر بلے بازی اور گیند بازی میں بہترین کارکردگی پیش کی جیسا کہ ان سے توقع کی جارہی تھی۔ بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے بعد روہت نے کہاکہ ’’میں کافی عرصے سے اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہا ہوں۔ ہم نے سنیچر کے حالات کا بہت بہتر اندازہ لگایا۔ ہماری حکمت عملی گیند اور بلے دونوں کے ساتھ کامیاب رہی۔ مجموعی طور پر یہ ایک بہترین ٹیم تھی۔ ہمیں میدان میں نکل کر اس قسم کا کھیل کھیلنا ہوگا جس کی ہم سے توقع کی جاتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’ہر بلے باز کا اپنا کردار ہوتا ہے۔ آج صرف ایک بلے باز نے نصف سنچری بنائی اس کے باوجود ہم نے اسکور کو۱۹۶؍رن تک پہنچا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK