اوپنر ٹم سیفرٹ کی برق رفتار نصف سنچری اور گلین فلپس کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے ایک اہم مقابلے میں افغانستان کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
EPAPER
Updated: February 08, 2026, 4:06 PM IST | Mumbai
اوپنر ٹم سیفرٹ کی برق رفتار نصف سنچری اور گلین فلپس کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے ایک اہم مقابلے میں افغانستان کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
اوپنر ٹم سیفرٹ کی برق رفتار نصف سنچری اور گلین فلپس کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے ایک اہم مقابلے میں افغانستان کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی ٹیم نے دوسرے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے باوجود ۱۸۳؍ رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔
۱۸۳؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ دوسرے ہی اوور میں اسپنر مجیب الرحمان نے فن ایلن (ایک) اور راچن رویندر (صفر) کو کلین بولڈ کر کے افغان ٹیم کو تگڑا آغاز فراہم کیا۔ تاہم ٹم سیفرٹ نے جارحانہ انداز برقرار رکھا اور گلین فلپس کے ساتھ مل کر پاور پلے میں اسکور ۵۲؍ رنز تک پہنچا دیا۔
گلین فلپس نے افغان کپتان راشد خان کا استقبال چوکے اور چھکے سے کیا اور سیفرٹ کے ساتھ مل کر تیسرے وکٹ کے لیے ۷۴؍ رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔ فلپس ۲۵؍ گیندوں پر۴۲؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب ٹم سیفرٹ نے اسپنرز پر اپنا دباؤ برقرار رکھا اور اپنی ۱۴؍ ویں ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے ۴۲؍ گیندوں پر۶۵؍ رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ۷؍ چوکے اور۳؍ بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے:ناسا کے خلا بازوں کو چاند کی مہم پر جدید ترین اسمارٹ فون لے جانے کی اجازت ہوگی
سیفرٹ اور مارک چیپمین کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کچھ دیر کے لیے دلچسپ مرحلے میں داخل ہوا، لیکن کپتان مچل سینٹنر اور ڈیرل مچل نے مزید کسی نقصان کے بغیر ہدف ۵ء۱۷؍ اوورز میں حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ ہی۲۰۲۴ء کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے ہاتھوں ملنے والی ۸۴؍ رنز کی عبرتناک شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’میرے ڈھولنا ۳‘‘ کیلئے اداکار کی ٹیم اریجیت سنگھ کو سائن کرنا چاہتی تھی
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۱۸۲؍ رنز بنائے تھے۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ تجربہ کار آل راؤنڈر گلبدین نائب افغانستان کی جانب سے نمایاں بیٹر رہے، انہوں نے محض ۳۵؍ گیندوں پر ۶۳؍ رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں ۴؍ بلند و بالا چھکے اور۳؍ چوکے شامل تھے۔
رحمان اللہ گرباز (۲۷) اور ابراہیم زردان (۱۰) نے اننگز کا آغاز کیا، جس کے بعد صدیق اللہ اٹل نے ۲۹؍ رنز بنا کر مڈل آرڈر کو سہارا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگیوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور راچن رویندر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔