آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنے آئندہ میچ کو محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع سمجھ رہی ہے۔
EPAPER
Updated: June 16, 2026, 10:21 PM IST | London
آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنے آئندہ میچ کو محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع سمجھ رہی ہے۔
آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنے آئندہ میچ کو محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع سمجھ رہی ہے۔ آئرش فاسٹ بولر آرلین کیلی نے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا سب سے بڑا ہدف ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے بطور ٹیم اس بارے میں کافی بات کی ہے کہ ہم تاریخ بنانا چاہتے ہیں اور ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں میچ جیتنے والی پہلی آئرش خواتین ٹیم بننا چاہتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑا مقصد ہے۔‘‘ اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے باوجود آئرلینڈ کی ٹیم پُرامید ہے اور عالمی سطح کے اس بڑے ایونٹ سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔
آرلین کیلی نے کہا کہ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیاں شامل ہیں اور وہ بڑے مقابلوں میں کھیل کر خود کو مزید نکھارنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا’’ہم یہاں صرف شرکت کے لیے نہیں آئے بلکہ مقابلہ کرنے آئے ہیں۔ ہم سیکھنا بھی چاہتے ہیں اور ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘‘ اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں ۴۰؍ رنز کی شکست کے بعد آئرلینڈ کی ورلڈ کپ میں مسلسل شکستوں کی تعداد ۱۸؍ ہو چکی ہے، تاہم ٹیم کا عزم کمزور نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: اسپین اوربلجیم سمیت بڑی ٹیموں کے چاروں میچ ڈرا
کیلی نے کہا’’ہم گزشتہ میچ سے سبق سیکھیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیل سکے تھے، لیکن اب ہمارے پاس بہتر کارکردگی دکھانے کا ایک اور موقع ہے۔ ہم اپنی پہلی ورلڈ کپ فتح حاصل کر کے تاریخ بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ دوسری جانب میزبان انگلینڈ اپنی سرزمین پر کھیلنے کے فائدے سے بھرپور لطف اٹھا رہا ہے۔ انگلش فاسٹ بولر لارین بیل نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ اور شائقین کی بھرپور حمایت ٹیم کے لیے بڑا حوصلہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فلسطین: محمود عباس نے صدارتی انتخابات کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا’’ہمارے شائقین کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اپنی ٹیم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ کھیلنا ایک خاص احساس ہے کیونکہ میری پیشہ ورانہ کرکٹ کی بہت سی یادیں اسی میدان سے وابستہ ہیں۔‘‘انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو بڑی شکست دے کر شاندار آغاز کیا تھا اور اب وہ اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ لارین بیل نے کہا’’جمعہ کی رات جو کچھ ہوا اس سے ہم بہت خوش ہیں، لیکن اب ہمیں دوبارہ صفر سے آغاز کرنا ہوگا اور وہی توانائی میدان میں لانی ہوگی جو پہلے میچ میں دکھائی تھی۔‘‘