Inquilab Logo Happiest Places to Work

’جو کھیلے گا، وہ کھلے گا: اولمپک ۲۰۳۶ء کیلئے ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم کا اعلان

Updated: August 16, 2026, 1:05 PM IST | New Delhi

وزیراعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے کہا کہ۲۰۳۶ء کے اولمپک میں ہر کھیل مقابلے میں حصہ لینا ہندوستان کا ہدف ہونا چاہئے۔

Prime Minister Modi is now focusing on sports. Photo: INN
وزیراعظم مودی اب کھیلوں پر توجہ دے رہے ہیں ۔ تصویر: آئی این این

وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو ۸۰؍ویں یوم آزادی پر ’جو کھیلے گا، وہ کھلے گا‘ منتر کے ساتھ لال قلعہ کی فصیل سے اولمپک۲۰۳۶ء کیلئے خصوصی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ مہم چلا کر نئے کھلاڑی تیار کیے جائیں گے۔ یہاں وزیراعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے کہا کہ ہندوستان کا ہدف۲۰۳۶ء کے اولمپک میں ہر کھیل مقابلے میں حصہ لینے کا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ’’ کھیل کے لیے باصلاحیت بچوں کی شناخت کرنے اور انہیں کھیلوں کی تیاری کیلئے بہترین تربیت اور مدد دینے کے لیے ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ مہم شروع کی جائے گی۔ مودی نے کہا ’’میں ہمیشہ کہتا آیا ہوں، جو کھیلے، وہ کھلے۔ جب میں کھیلے، وہ کھلے کی بات کر رہا ہوں، تب میرے عزیز اہل وطن، آج ہندوستان کھیل کی دنیا میں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ اب کھیل کے پوڈیم میں ہندوستان کا قومی گیت سنائی دیتا ہے، ہندوستان کا قومی ترانہ سنائی دیتا ہے، ہندوستان کا ترنگا جھنڈا لہراتا نظر آ رہا ہے۔ ٹاپس اسکیم نے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ کھیلو انڈیا گیمز، یونیورسٹی گیمز، ونٹر گیمز، بیچ گیمز، اسپورٹس انفراسٹرکچر، اسپورٹس کے لیے کوچنگ، اسپورٹس میڈیسن، اسپورٹس کے لیے نیوٹریشن، ان تمام موضوعات میں ہندوستان اب مہارت حاصل کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اسپورٹس کی دنیا میں ہندوستان کی کارکردگی بہتر ہوتی جا رہی ہے اور ہم ۲۰۳۶ء میں اولمپک کے مضبوط دعویدار بن کر آگے بڑھ رہے ہیں اور۲۰۳۰ء میں کامن ویلتھ گیمز کی ہندوستان اب میزبانی کرنے والا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہاکی ورلڈ کپ۲۰۲۶ء: ہرمن پریت کے دو گول، ہندوستان نے ویلز کو۳۔ ۱؍سے شکست دی

انہوں نےمزید کہا’’ دنیا میں جو اولمپک میں تقریباً۴۰؍قسم کے گیم ہوتے ہیں اور تقریباً۳۲۵؍ سے۳۵۰؍ مقابلے ہوتے ہیں اولمپک میں اور آپ کو جان کر دکھ ہوگا میرے اہل وطن، میرے نوجوانو، ۳۲۵؍ مقابلوں میں سےہندوستان دو تہائی کھیلوں میں کہیں ہوتا ہی نہیں ہے۔ ہماری موجودگی نہیں ہوتی، ہم کوالیفائی نہیں ہوتے۔ ہم نے طے کیا ہے کہ۲۰۳۶ء میں جو اولمپک ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہندوستان میں ہو لیکن ۲۰۳۶ء میں جن شعبوں میں آج ہندوستان کھیلتا نہیں ہے، جن شعبوں میں ہندوستان کوالیفائی نہیں کرتا ہے، جن مقابلوں کو ہندوستان نے چھوڑ کے رکھا ہے، تین چوتھائی حصہ ہمارا انتظار کر رہا ہے، ہندوستان اس پر زور دے گا اور اس کے لیے ہم ٹیلنٹ ہنٹ کی ایک مہم بھی چلانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اگر۲۰۳۶ء کیلئےکھلاڑی چاہیے، تو آج جو۵؍سال، ۱۰؍ سال، ۱۵؍ سال کی عمر کے یہ نوجوان ہیں، بیٹے ہیں، ان کی طرف توجہ دینی ہوگی، ان بیٹیوں پر توجہ دینی ہوگی۔ بچوں میں کھیل کی صلاحیت ڈھونڈنے کے لیے گاؤں گاؤں، شہر شہر، اسکول اسکول ایک ٹیلنٹ ہنٹ کی مہم چلائی جائے گی، بچوں کی صلاحیت کو دیکھا جائے گا اور پھر ان کو خصوصی تربیت دے کر ملک کے لیے کھیلنے والے اچھے کھلاڑی بنائے جائیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK