ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ویلز کو ۳۔ ۱؍ سے شکست دے دی۔ سنجے اور کپتان ہرمن پریت سنگھ کے شاندار کھیل کی بدولت ہندوستان نے پول ڈی میں اہم کامیابی حاصل کی۔
EPAPER
Updated: August 15, 2026, 10:17 PM IST | Amstelveen
ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ویلز کو ۳۔ ۱؍ سے شکست دے دی۔ سنجے اور کپتان ہرمن پریت سنگھ کے شاندار کھیل کی بدولت ہندوستان نے پول ڈی میں اہم کامیابی حاصل کی۔
ہندوستان نے سنیچرکو نیدرلینڈز کے ایمسٹلوین میں واقع ویگنر اسٹیڈیم میں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکے پول ڈی کے اپنے ابتدائی میچ میں ویلز کو۳۔ ۱؍ سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔ سنجے نے آٹھویں منٹ میں ہندوستان کا کھاتہ کھولا، جبکہ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے۱۰؍ویں اور۴۳؍ویں منٹ میں دو گول داغے۔ ویلز کی جانب سے واحد گول سیم ویلش نے۵۶؍ویں منٹ میں کیا۔
یہ بھی پڑھئے: خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑیں: عمر عبدالقادر آرتن
ویلز نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے پانچ منٹ میں ہندوستانی سرکل میں دو مرتبہ داخلہ حاصل کیا، لیکن وہ کوئی واضح موقع پیدا نہیں کرسکی۔ اس کے بعد ہندوستان نے آٹھویں منٹ میں برتری حاصل کی، جب سنجے نے دوسرے پنالٹی کارنر کو ڈریگ فلک کے ذریعے گول میں تبدیل کیا۔ چند ہی منٹ بعد ہرمن پریت نے ایک اور پنالٹی کارنر پر گول کرکے ہندوستان کی برتری۲۔ صفرکردی۔ دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں زیادہ مؤثر موقع بنانے میں ناکام رہیں۔ ہندوستان نے گیند اور میدان پر اپنا غلبہ برقرار رکھا لیکن پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل نہیں کرسکا۔ ۳۰؍ویں منٹ میں بھی ہندوستان کو ایک موقع ملا، مگر وہ ضائع ہوگیا اور وقفے تک ہندوستان ۲۔ صفرسے آگے رہا۔
یہ بھی پڑھئے: جگراج سنگھ نے ہرمن پریت سنگھ کو ’ٹرمپ کارڈ‘ قرار دیا
تیسرے کوارٹر میں ویلز نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور بائیں جانب سے کچھ اچھے حملے کئے۔ اس دوران ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا اور ہرمن پریت نے ایک مرتبہ پھر ڈریگ فلک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنا دوسرا اور ہندوستان کا تیسرا گول کیا۔ آخری کوارٹر میں ویلز نے مسلسل حملوں کے بعد سیم ویلش کے ذریعے ایک گول واپس حاصل کیا، تاہم یہ ہندوستان کی فتح کو روکنے کیلئے کافی نہیں تھا۔ بتا دیں کہ ہندوستان اب پیر کو اسی میدان پر ورلڈ کپ کے پول ڈی کے اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا۔