• Wed, 17 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمل ناڈو کےآنند کمار نے ہندوستان کو اسپیڈ اسکیٹنگ میں پہلا طلائی تمغہ دلایا

Updated: September 17, 2025, 1:29 PM IST | Agency | Beijing

ایک ہزار میٹر اسپرنٹ مقابلے میں ایک منٹ ۲۴؍ سیکنڈ کا وقت لے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔

Anand Kumar Velkumar (Saffron Jersey) brought a significant victory to the country. Photo: INN
آنند کمار ویلکمار(زعفرانی جرسی)نے ملک کو اہم کامیابی دلائی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے اسپیڈ اسکیٹر آنند کمار ویلکمار نے اسپیڈ اسکیٹنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں ملک کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیت کر ایک سنہرا باب رقم کیا۔  ویلکمار نے سینئر مردوں کے ایک ہزار میٹر اسپرنٹ مقابلے میںایک منٹ ۲۴؍ سیکنڈ کا وقت لے کر شاندار کامیابی حاصل کی اور بین الاقوامی سطح پر سب سے آگے رہے۔ ان کی یہ جیت ہندوستانی رولر اسپورٹس کے لیے ایک تاریخی لمحہ تھا، جو طویل عرصے سے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے کی جدوجہد کر رہا تھا۔تمل ناڈو کے اس۲۳؍ سالہ کھلاڑی نے گزشتہ ہفتے بیہدائی میں ۵۰۰؍ میٹر اسپرنٹ میں ۴۳ء۰۷۲؍ سیکنڈ کے وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیت کر اسی مقابلے میں ہندوستان کیلئے سینئرزمرے میں پہلا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کامیابی کے بعد انہوں نے اپنی کارکردگی کو اعلیٰ ترین پوڈیم تک پہنچایا اور اسپیڈ اسکیٹنگ میں ہندوستان کے پہلے عالمی چیمپئن بنے ۔ ہندوستان کی تمغہ فہرست میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب جونیئر اسکیٹر کرش شرما نے انڈر ۱۹؍ زمرے  کے ایک ہزار میٹر اسپرنٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ 
 اسپیڈ اسکیٹنگ ورلڈ چیمپئن شپ۱۳؍ستمبر کوبیہدائی  میں شروع ہوئی تھی اور۲۱؍ستمبر کو ختم ہوگی۔ ہندوستانی رولر اسکیٹنگ فیڈریشن کے حکام نے اس جیت کو ایک ایسے کھیل کے لیے اہم موڑ قرار دیا ہے جو نچلی سطح کی اکیڈمیوں کے ذریعے مسلسل مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
 اطالوی کوچ لوکا پریسٹی کی رہنمائی میں تربیت حاصل کرنے والے ویلکمار نے یہ تمغہ اپنے خاندان اور کوچز کے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میری جیت نہیں ہے، یہ ان سب کی جیت ہے جنہوں نے یقین رکھا کہ ایک ہندوستانی یہ کارنامہ انجام دے سکتا ہے۔ اس تاریخی کارکردگی سے توقع ہے کہ اسپیڈ اسکیٹنگ کیلئے سرکاری اور کارپوریٹ حمایت میں اضافہ ہوگا، جو آنے والے برسوں میں اولمپک میں شامل ہونے کی امید رکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK