Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا کے پاس میچ جیت کر تاریخ رقم کرنے کا موقع

Updated: July 23, 2025, 2:15 PM IST | Agency | Manchester

اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر ہندوستان کو پہلی فتح کا ہنوز انتظار،شبھ من گل کی قیادت میں ٹیم میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں برابری حاصل کرنے کی بھی کوشش کرےگی۔

Indian cricket team captain Shubman Gill and head coach Gautam Gambhir inspecting the pitch at Old Trafford. Photo: PTI
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اولڈ ٹریفورڈ کی پچ کا معائنہ کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان اورانگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا چوتھا مقابلہ مانچسٹر کے مشہور اولڈ ٹریفورڈ میدان پر کھیلا جائے گا۔  یہ میدان ہندوستانی ٹیم کے لئے اب تک خوش قسمت ثابت نہیں ہوا ہے۔ ہندوستان نے یہاں اپنے ۸۹؍سال کے ٹیسٹ کی تاریخ میں کبھی بھی جیت کا مزہ نہیں چکھا ہے۔ اس بار کپتان شبھ من گل کی قیادت میں ٹیم انڈیا اس تاریخی میدان پر جیت کی نئی تاریخ رقم کرنے کے ارادے سے اترے گی۔میچ جیت کر ہندوستان سیریز میں برابری حاصل کرنے کی کوشش گا۔واضح رہے کہ سیریز میں ٹیم انڈیا دو ایک سے پیچھے ہے۔
  دریں اثنا ہندوستانی ٹیم اس وقت انجری سے گزر رہی ہے اور اس کی مرکزی ٹیم کے ۳؍ سے ۴؍ کھلاڑی زخمی ہیں۔ تاہم ان کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت مکمل طور پر فٹ دکھائی دے رہے ہیں جو لارڈس ٹیسٹ میں وکٹ کیپنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ آل راؤنڈر نتیش ریڈی گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے پوری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے شاردول ٹھاکر کی واپسی ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ارش دیپ سنگھ بائیں ہتھیلی میں چوٹ کی وجہ سے اس ٹیسٹ سے باہر ہیں جبکہ آکاش دیپ بھی فٹ نہیں ہیں۔ ایسے میں ٹیم میں بلائے گئے نوجوان تیز گیند باز انشول کمبوج کو جگہ مل سکتی ہے۔
 دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم لارڈس ٹیسٹ جیتنے کے بعد بلند حوصلے اور اعتماد کے ساتھ میدان پر اترےگی اور اس کا ارادہ یہ میچ جیت کر پہلی اینڈرسن۔ تینڈلکر ٹرافی پر قبضہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ میچ میں انگلی  میں انجری  سے آف اسپنر شعیب بشیر  سیریز  سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ لیام ڈاسن کو فائنل الیون میں جگہ مل گئی ہے۔ 
کیا گل کی کپتانی میں قسمت بدلے گی؟
 اس بار ٹیم کی کمان نوجوان شبھ من گل کے ہاتھوں میں ہے، جن کی قیادت میں ہندوستان برمنگھم میں پہلی بار ٹیسٹ جیت چکا ہے۔۲۵؍ سال کے اس کپتان سے ایک بار پھر ٹیم کو بڑی امیدیں ہیں۔ ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں ہندوستان کو ۵؍ وکٹ سے ہار ملی تھی لیکن دوسرے میچ میں اس نے زبردست واپسی کرتے ہوئے ۳۳۶؍  رنوں سے جیت درج کی اور سیریز  ایک ایک  سے برابر کر دی۔ لارڈس میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کو سنسنی خیز مقابلے میں ۲۲؍رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس سے انگلینڈ نے دو ایک کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹیم کا ہدف صرف برابری نہیں، بلکہ اولڈ ٹریفورڈ میں تاریخ رقم کرنا اور ۸۹؍سال پرانا قحط ختم کرنا بھی ہے۔ کیا گل کی نوجوان بریگیڈ اس بار وہ کرشمہ کر پائے گی جو اب تک کوئی ہندوستانی ٹیم نہیں کر سکی؟ جواب آنے والے دنوں میں ملے گا لیکن ٹیم انڈیا سے شائقین کو کافی امیدیں ہیں۔

 اولڈ ٹریفورڈ میں ہندوستان کی کارکردگی
 ہندوستان نے پہلی بار اس میدان پر جولائی ۱۹۳۶ءمیں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، جو ڈرا رہا۔ اس کے بعد ۱۹۴۶ء میں بھی میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ ۱۹۵۲ءمیں انگلینڈ نے ایک اننگز اور ۲۰۷؍ رنوں سے ہندوستان کو شکست دی۔ پھر ۱۹۵۹ء میں ہندوستان کو ۱۷۱؍ رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ۱۹۷۱ء میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ  بھی ڈرا رہا تھا۔ اس کے بعد ۱۹۷۴ء میں انگلینڈ نے ہندوستان کو ۱۱۳؍رنوں سے ہرایا۔ ۱۹۸۲ء اور ۱۹۹۰ءکے ٹیسٹ میچ بھی ڈرا رہے۔ آخری بار ۲۰۱۴ءمیں ہندوستان نےیہاں ٹیسٹ کھیلا تھا، جس میں اسے ایک اننگز اور ۵۴؍رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔مجموعی طور پر ہندوستان نے اولڈ ٹریفورڈ میں ۹؍ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں ۴؍ہارے اور ۵؍ڈرا رہے لیکن  اب تک ایک بھی جیت نہیں ملی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK